تازہ تر ین

میلبورن معرکہ …. گرین شرٹس کو بڑی خوشخبری مل گئی

میلبورن(آئی این پی)پاکستان اور آسٹریلیا دوسرے ٹیسٹ کیلئے 26دسمبر کو میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ میں آمنے سامنے ہوں گے۔ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستان ٹیم نے پریکٹس شروع کر دی ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم نے تاریخی ایم سی جی گراﺅنڈ پر ٹریننگ کی،کپتان مصباح سمیت بلے بازوں نے ماربل سلیب پرپریکٹس کی۔باﺅنسی گیندوں کاسامنا کرنے کےلئے قومی بلے بازوں نے ماربل سلیب کاسہارالیا۔فاسٹ باﺅلر سہیل خان فٹ ہوگئے اور ٹریننگ میں شریک ہی ہوئے،اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اب فٹ ہوں، زیادہ مسئلہ نہیں ہوا تھا۔واضح رہے کہ طبیعت ناساز ہونیکی وجہ سے سہیل خان نے کل ٹریننگ میں حصہ نہیں لیا تھا۔پریکٹس سیشنز میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بیٹنگ ،باﺅلنگ اور فیلڈنگ کیلئے بھرپور ٹریننگ کی۔اس موقع پر بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کا کہنا ہے کہ میلبورن کی وکٹ بلے بازی کیلئے سازگار ہے، برسبین ٹیسٹ میں زخمی ہونے والے محمد عامر بالکل فٹ ہیں، وہ میلبورن ٹیسٹ کیلئے دستیاب ہوں گے۔بیٹنگ کوچ نے دوسرے میچ کیلئے بولنگ لائن میں کسی تبدیلی کا امکان بھی رد کر دیا ہے۔ قومی ٹیم 26برس سے آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ نہیں جیت سکی جبکہ برسبین ٹیسٹ میں مصباح الیون کو 39رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔گرین کیپس نے یہاں اب تک میزبان کینگروز کیخلاف مجموعی طور پر9ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں سے صرف 2میں کامیابی حاصل ہوئی،5میں شکست کا سامنا کرنا پڑا،2مقابلے ڈرا ہوئے،یہاں دونوں ٹیموں کے مابین1964میں منعقدہ پہلا میچ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکا تھا،اس کے بعد آسٹریلیا نے 1973میں 92اور بعد ازاں 1977میں 348سے فتح پائی،پاکستان ٹیم 1979میں 71رنز جبکہ دوسری اور آخری بار1981میں اننگز اور 82رنز سے سرخرو ہوئی،1983میں میچ ڈرا ہوگیا،1990میں کینگروز 92رنز، 2004میں 9وکٹ اور بعد ازاں 2009میں 170رنز سے فتحیاب ہوئے تھے۔، صرف ایک میچ کے سوا تمام پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیمیں کامیاب ہوئی ہیں،اس بار بھی ٹاس انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔35 سال قبل میلبورن میں پاکستان کی آخری فتح ٹیم اسپرٹ کا نتیجہ تھی، گرین کیپس نے8وکٹ پر 500 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی تھی،مدثر نذر95، ظہیر عباس 90، ماجد خان 74، عمران خان 70 ناٹ آٹ، جاوید میانداد 62 اور وسیم راجہ 50 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے، جواب میں کینگروز پہلی باری میں 293 تک محدود رہے جبکہ دوسری اننگز میں صرف 125 پر ڈھیر ہوگئے، میچ میں اقبال قاسم 7 جبکہ عمران خان اور سرفراز نواز 5،5 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ میں بھرپور ٹریننگ کی جارہی ہے ۔ ہفتے کے روز ٹریننگ دوپہر کو ہوگی اس سے قبل میڈیا ٹاک بھی شیڈول ہے۔ اتوار کی صبح ٹیم اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے گی جبکہ کپتان مصباح الحق پریس کانفرنس کریں گے۔دوسری جانب برسبین ٹیسٹ کے ہیرو اسد شفیق بیٹنگ آرڈر میں چھٹے نمبر پر سنچریوں کا ریکارڈ بنانے کے باوجود ٹاپ آرڈر میں ہی کھیلنے کے خواہاں ہیں، انھوں نے کہاکہ اگر آپ مجھ سے میری ذاتی رائے پوچھیں تو میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ پسند کروں گا،ٹیسٹ ٹیم میں آنے سے قبل میں کبھی چھٹے نمبر پر نہیں کھیلا تھا لیکن ٹیم کے مفاد میں آپ کو بہت سی چیزوں کی قربانی دینا پڑتی ہے، ٹیم مینجمنٹ سمجھتی ہے کہ میں چھٹے نمبر پر زیادہ مفید ثابت ہوسکتا ہوں اور میں بھی اسی بات سے خوش ہوں، مجھے جو بھی کردار دیا جاتا ہے اس میں توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرتا ہوں۔واضح رہے کہ اسد شفیق کو پہلی مرتبہ ویسٹ انڈیز سے یو اے ای سیریز میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلئے بھیجا گیا تھا جہاں پر ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں 67، 5، 68 اور 58 رنز ناٹ آٹ اسکور کرنے کے بعد وہ آخری ٹیسٹ میں پیئر کا شکار ہوگئے تھے، اس پر نیوزی لینڈ میں انھیں چھٹے نمبر پر بیٹنگ کیلئے بھیجا گیا۔ وہ بیٹنگ آرڈر میں حالیہ چھیڑ چھاڑ کو اپنے اعتماد یا فارم کے متاثر ہونے کی وجہ نہیں سمجھتے تاہم انھوں نے تسلیم کیا کہ وہ کنڈیشنز کے حوالے سے دبا کا شکار تھے، اسد شفیق نے کہا کہ ہم یو اے ای میں کھیلنے کے بعد نیوزی لینڈ اور اب آسٹریلیا پہنچے ،وہاں پر کنڈیشنز یکسر مختلف تھی تاہم برسبین میں پرفارمنس سے ہمیں یہ اعتماد ملاکہ کسی بھی صورتحال میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔قبل ازیں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں انجری کا شکار ہونے والے پاکستانی فاسٹ بالر محمد عامر کے میلبورن میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل فٹ ہونے کا امکان ہے۔برسبین میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں فیلڈنگ کے دوران محمد عامر کو گھٹنے میں تکلیف ہوئی تھی اور پھر دوسری اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مچل اسٹارک کی 152کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کی گئی گیند ان کی رانوں پر لگی تھی۔گزشتہ جمعرات کو نیٹ میں باﺅلنگ سے قبل بھی عامر کو میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ گھٹنے کی تکلیف کی شکایت ہوئی لیکن بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے کہا ہے کہ اس میں تشویش کی کوئی بات نہیں۔انہوں نے بتایا کہ عامر کی رانوں پر سوزش ہے لیکن وہ جلد ٹھیک ہو جائیں گے اور میلبرن میں بھی ہمارا بالنگ اٹیک ممکنہ طور پر یہی رہے گا۔برسبین میں پہلے ٹیسٹ کے دوران عامر اور اسٹارک کے درمیان دوسری اننگز کے دوران سخت جملوں کا تبادلہ جاری رہا لیکن گرانٹ فلاور نے اسے کھیل کا حصہ قرار دیا۔پاکستان کے بیٹنگ کوچ کو امید ہے کہ مسلسل ناکامی سے دوچار پاکستانی ٹیم کے 42 سالہ کپتان مصباح الحق میلبرن میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔اینڈی فلاور نے کہا کہ مصباح الحق خراب فارم کا شکار ہیں اور وہ اس سے قبل بھی اس طرح کے دور سے گزر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مصباح ذہنی مضبوطی کے حامل اعلی معیار بلے باز ہیں اور مجھے امید ہے کہ وہ جلد ایک اچھی اننگز کھیلنے والے ہیں۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی دوسری اننگز میں عمدہ فائٹ کے سبب میزبان ٹیم سنسنی خیز مقابلے کے بعد 39 رنز سے میچ جیتنے میں کامیاب رہی۔1988 سے برسبین میں ناقابل شکست ٹیم نے اپنا ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے سیریز میں 1-0 کی برتری بھی حاصل کر لی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے میلبرن میں کھیلا جائے گا۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain