تازہ تر ین

مسلسل کھانسی

ڈاکٹر نوشین عمران
فلو، نزلہ زکام کے ساتھ کھانسی ہو جانا بڑی بات نہیں لیکن بعض اوقات یہ کھانسی فلو یا زکام کے بعد بھی ہفتوں اور مہینوں جاری رہتی ہے۔ اس مسلسل جاری رہنے والی کھانسی کے اسباب مختلف ہو سکتے ہیں جیسا کہ دمہ، الرجی، آلودگی۔ ایسی مسلسل جاری رہنے والی کھانسی کی اصل وجہ معلوم کریں تاکہ درست علاج ہو سکے۔ عموماً ایسی خشک کھانسی کی بڑی وجہ دمہ اور الرجی ہوتی ہے۔ دمہ پھیپھڑوں کا مرض ہے جس میں پھیپھڑوں کے اندر موجود سانس کی نالیاں بار بار سوزش کا شکار ہو کر تنگ ہو جاتی ہیں۔ ایسے میں مریض کو سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے۔ سینے پر دباﺅ یا سینہ جکڑا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ اکثر سانس لینے کے ساتھ سیٹی جیسی آوازیں نکلتی ہیں کھانسی ہوتی ہے۔ ایسی علامات رات کو ہوتی ہیں اور عموماً صبح تک جاری رہتی ہیں۔ اچانک اتنی شدید علامات دمے کے دورے کی نشاندہی کرتی ہیں۔ دمے کے مریض کو شدید علامات ختم ہونے کے بعد بھی کافی دیر تک کھانسی رہتی ہے۔ جس کی وجہ سانس کی نالیوں کا تنگ ہونا ہے۔ جب تک ادویات کے ذریعے ان نالیوں کی تنگی دور نہ ہو، کھانسی جاری رہتی ہے۔
بعض افراد میں کسی بیرونی اثر کے نتیجے میں شدید ردعمل ظاہر ہوتا ہے۔ جسم کئی چیزوں کے لئے زیادہ حساس ردعمل دیتا ہے۔ ان چیزوں میں مٹی، گرد، پولن، کھال، کوئی خاص خوشبو وغیرہ کے نتیجے میں ایسے شخص کو جسم پر خارش، چھینکیں، نزلہ یا کھانسی شروع ہو جاتی ہے۔ الرجی کے باعث ہونے والی یہ کھانسی بھی اینٹی الرجی ادویات یا انہیلر لینے تک جاری رہتی ہے۔
زیادہ سگریٹ پینے والے افراد میں COPD جیسا مرض ہو جاتا ہے جس میں سانس کی نالیاں مستقل طور پر تنگ ہو جاتی ہیں۔ سگریٹ کے مسلسل استعمال کے پچیس تیس سال بعد سی او پی ڈی کی علامات خاص کر بلغم والی کھانسی کی ابتدا ہو جاتی ہے۔ ایسی کھانسی عام ادویات سے ختم نہیں ہوتی کیونکہ نکوٹین کے اثر کے باعث پھیپھڑوں کے ٹشو زیادہ بلغم بناتے ہیں اور کھانسی کے ذریعے اس بلغم کو خارج کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
سانس کی نالی میں انفیکشن برانکائٹس یا نمونیا کے باعث بھی بہت دیر تک کھانسی جاری رہتی ہے۔ حلق کے پچھلے حصے میں مواد جمع ہوتا رہتا ہے جو گلے میں تنگی کا باعث بنتا ہے اور کھانسی پیدا کرتا ہے۔ پھیپھڑوں میں انفیکشن کے باعث بلغم والی کھانسی شروع ہو جاتی ہے۔ اگر بلغم سبزی مائل یا سرخی مائل ہو تو نمونیا کی علامت ہے۔ مرض ختم ہونے کے بعد جاری رہنے والی خشک کھانسی عموماً نالیوں کی حساسیت کے باعث ہوتی ہے۔
بظاہر عجیب بات ہے لیکن خوراک کی نالی اور معدے کی بیماری GERD میں بھی مریض کو طویل عرصہ تک کھانسی رہتی ہے۔ البتہ مریض کو معدے یا سینے میں جلن، ڈکار بھی محسوس ہوتے ہیں۔
ہائی بلڈ پریشر اور ہارٹ فیلر کی دوا ACE-I لینے سے بھی مریض کو اکثر خشک کھانسی رہتی ہے۔
٭٭٭


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain