تازہ تر ین

پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کی افغان حکام سے ملاقات

چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹننٹ جنرل بلال اکبر کی سربراہی میں پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کے ایک وفد نے افغانستان کا دورہ کیا اور انھیں گذشتہ ہفتے مزار شریف میں فوجی بیس پر حملے کے دوران زخمی ہونے والوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے کی پیش کش کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر پاکستانی وفد نے افغانستان کے قائم مقام وزیر دفاع طارق شاہ بہرامی اور افغانستان کے آرمی چیف جنرل محمد شریف یفتالی سے ملاقات کی۔پاک فوج کے اعلیٰ سطحی وفد نے افغان حکام سے دو طرفہ سرحدی تعاون کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے مزار شریف حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی اور افغان فوسز اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔دوران ملاقات افغان حکام کو یقین دہانی کرائی گئی کہ پاکستانی سرحد پر پاک فوج نے مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور پاکستان کی زمین افغانستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘دہشت گرد مشترکہ خطرہ ہیں اور انھیں شکست دی جائے گی’۔خیال رہے کہ یہ ملاقات پاک فوج کی جانب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سابق ترجمان اور جماعت الحرار کے موجودہ رہنما احسان اللہ احسان کا اعترافی بیان جاری کیے جانے کے ایک روز بعد ہوئی ہے جس میں انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹی ٹی پی اور جماعت الحرار بھارت اور افغان سیکیورٹی ایجنسیز سے رابطے میں ہیں اور انھیں افغانستان میں آزادی سے گھومنے کی اجازت ہے جبکہ انھیں پاکستان میں عسکری سرگرمیوں کیلئے بھارت کی خفیہ ایجنسی ‘را’ کی جانب سے مدد فراہم کی جاتی ہے۔احسان اللہ احسان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے آپریشن کے بعد عسکریت پسند افغانستان فرار ہوگئے تھے، انھوں ںے وہاں افغانستان کی خفیہ ایجنسی نیشنل ڈائریکٹریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) اور بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ سے روابط قائم کیے۔یاد رہے کہ گذشتہ روز فوج نے اعلان کیا تھا کہ متعدد عسکریت پسندوں نے افغانستان کے صوبے نگر ہار سے خیبر ایجنسی میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جسے فضائی حملے کے ذریعے ناکام بنادیا گیا تھا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain