تازہ تر ین

جمہوریت کو پٹری سے نہیں اترنے دینگے

اسلام آباد ،کراچی(این این آئی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ جمہوریت کی گاڑی کو پٹری سے اترنے نہیں دینگے، نواز شریف قوم کی آواز ہیں ،2018میں (ن) لیگ عوامی عدالت سے سرخرو ہوگی، موجودہ حکومت نواز شریف کی پالیسیوں اور منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائےگی ،جمہوریت کی بقاء،استحکام کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے ،60ارب ڈالر کی لاگت سے سی پیک منصبوبہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں معاون و مدد گار ثابت ہوگا ،علاقائی امن کےلئے آئین و قانون کی بالادستی ہر صورت برقرار رکھی جائےگی،خطے کا امن کشمیر سے مشروط ہے جہاں ظلم و ستم کا بازار گرم ہے ،کشمیر پر کسی قسم کی کوئی سودے بازی قابل قبول نہیں ،31دسمبر 2017تک آباد کچی آبادیوں کے مالکانہ حقوق اور مسائل کے حل کےلئے پارلیمانی کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں ”کاگف“ کی نمائندگی بھی شامل ہوگی۔ وزیراعظم نے یہ بات تحریک پاکستان کے کارکن بزرگ مسلم لیگی رہنماءمرحوم مرشد شاھین گورایا مرشدی کے فرزند اور کچی آبادیز اینڈ گوٹھ فیڈریشن آف پاکستان ”کاگف“ و قومی امن رابطہ کونسل پاکستان کے چیئرمین سفیر امن صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی مرشدی سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ بھی موجود تھے چیئرمین ” کاگف“ نے وزیر اعظم کوملک بھر کی کچی آبادیوں اور گوٹھوں کے مالکانہ حقوق کی قانون سازی، لینڈ مافیا اور ان کے سہولت کاروں کی جانب سے سرکاری اراضیوں کو چائنہ کٹنگ اور دیگر جعلی ناموں سے فروخت کرکے قومی خزانے کواربوں روپے کا نقصان پہنچانے کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے مسائل کے حل کےلئے 52نکاتی تجاویز پیش کرتے ہوئے انہیں سندھ کے دورے کی دعوت دی جسے وزیر اعظم نے قبول کرتے ہوئے کہاکہ وہ عنقریب سندھ کا دورہ کریں گے وزیر اعظم نے کہا کہ کچی آبادیوں اور گوٹھوں کے کروڑوں مکینوں کا جمہوریت کی آبیاری میں بنیادی کردار ہے صوبائی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے صوبوں میں مزید کچی آبادیوں کے قیام کو روکنے کےلئے موثر اور یکساں پالیسی بناتے ہوئے تمام صوبوں میں 31دسمبر2017تک آباد تمام کچی آبادیوں اور گوٹھوں کو مالکانہ حقوق دینے کےلئے قانون سازی کریں اور سستی رہائشی کم لاگت سکیمیں بناکر کم آمدنی والے شہریوں کو رہائشی سہولیات اور بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنائیںانہوں نے کہا کہ وہ سلسلے میںوفاقی وزارت ہاﺅسنگ و تعمیرات کو بھی ہدایت دینگے وہ وزیر اعظم ہاﺅسنگ پروجیکٹ کے تحت وفاقی حکومت کی جانب سے سستی کم لاگت و رہائشی اسکیموں کے لئے منصبوبہ بندی کرے انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں اور گوٹھ مہذب معاشرے کا حصہ ہیں ان کا معیار زندگی بلند کرنا ریاست اور صوبائی حکومتوں کی ذمیداری ہے انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی ایک لاکھ 28ہزار کچی آبادیوں اور گوٹھوں کے مالکانہ حقوق اور ان کا معیار زندگی بلند کرنے کےلئے وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں سے بھرپور تعاون کرےگی انہوں نے کہا کہ وہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی زمین پر قائم 8، PWDکی زمین پر قائم 10، ریلوے کی زمین پر قائم 80، متروکہ وقف املاک بورڈ کی زمین پر قائم 29، ڈیفنس کی زمین پر قائم 10،PTLاورواپڈاکی زمین پر قائم ایک ایک کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کےلئے متعلقہ اداروں کو NOCکی فراہمی کے حوالے سے ہدایات جاری کریں گے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت آبی وسائل کو ہدایت کی ہے کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی جائے اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ واپڈا سے متعلقہ امور پر وزیراعظم آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ معاملات کے بہتر حل کے لئے آبی وسائل کی نئی وزارت قائم کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں آبی سلامتی کے معاملے کو نظر انداز کیا گیا اور ساری توجہ بجلی کی پیداوار پر مرکوز رکھی گئی۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت نے پانی کے بڑے منصوبوں کا آغاز کیا کیونکہ پانی ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں آبی وسائل کی وزارت کو تعمیری بنانا ہے اور اس سلسلہ میں کوششوں کو تیز کیا جائے ۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے اس موقع پر وزیر اعظم کو پانی اور بجلی کے جاری منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا جو کہ ماہرین کی نگرانی میں موجودہ حکومت نے شروع کئے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم کو آبی وسائل کے انتظام کے حوالے سے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس میں نشاندہی کی گئی کہ موجودہ حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے تمام سٹریٹیجک منصوبے اپنی مقررہ مدت کے اندر مکمل ہو ں گے۔ اجلاس میں بتایاگیا کہ جاری منصوبوں میں کچھی کینال کامنصوبہ رواں ماہ کے دوران افتتاح کے لئے تیار ہے ۔ اس نہر سے ڈیرا بگٹی میں 72ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہو گی۔ چئیرمین واپڈا نے بتایاکہ یہ منصوبہ 15سال سے زیر التواءتھا موجودہ حکومت نے اس پر کام کا آغاز کیا اور اس منصوبے کی تکمیل میں حائل رکاوٹوںکو دور کیا۔ وزیرا عظم نے منصوبے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے ڈیرا بگٹی اور بلوچستان کے دوسرے علاقوں کو فائدہ ہو گا اور بنجر اراضی سیراب ہو سکے گی۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاءاﷲ نے جمعہ کو یہاں وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم ہاﺅس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاک بحریہ سے متعلق پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات عالم داد لالیکا نے جمعہ کو یہاں وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں بہاولنگر میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی بہبود سے متعلق سکیموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے جمعہ کو یہاں خوشاب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی محمد عزیر ملک نے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی، ان کی والدہ سابق رکن قومی اسمبلی سمیرا ملک بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ ملاقات میں خوشاب میں عوامی فلاحی سکیموں اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلقہ امور پر بات چیت ہوئی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain