تازہ تر ین

قومی دولت لوٹنے والوں نے پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ آج پوری قوم 70واں یوم آزادی جوش وخروش سے منا رہی ہے اور ہمیں اپنے اس قومی دن کے موقع پر سیاست سے بالا تر ہو کر اتحاد ، یگانگت ،محبت او رباہمی احترام کے جذبات کو فروغ دینے کی بات کرنی ہے- ہمیں اس بات کا بھی جائزہ لینا ہے کہ پاکستان ایٹمی قوت اور ملک پر میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمن کو کچل دینے کی طاقت رکھنے کے باوجود سیاسی او رمعاشی طو رپر محکوم کیوں ہے؟-یہ ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے اگر ہم نے یہ موقع بھی ضائع کردیا اور تقاریر او راشعار کا سہارا لے کر گہری نیند سوتے رہے تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی-ہم آج بھی من حیث القوم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا فیصلہ کر لیں اور شبانہ روز دیوانہ وار محنت کریں تو خدا کی قسم پاکستان چند سال میںہندوستان تو کیا اس کے باپ کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا مگریہ صرف نعروں، تقریروں اور باتوں سے نہیں بلکہ محنت،امانت،دیانت،ایثار و قربانی اور شفاف احتساب پر عمل پیرا ہونے سے ہی ہوگا-وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار شاہی قلعہ لاہور میں پاکستان کے70ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا-وزیراعلی نے پوری قوم کو 70ویں یوم آزادی کے موقع پر دل کی اتھاہ گہرائیو ںسے مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ قوم آج جشن آزادی کی خوشیاں منا رہی ہے او ر اس حوالے سے جگہ جگہ پروگرام ترتیب دئےے گئے ہیں-آج کا دن اس بات کا بھی متقاضی ہے کہ اسے احتسابی عمل کا حصہ بنایا جائے-70سال کی بیلنس شیٹ کو سامنے رکھتے ہوئے اس بات کا جائزہ لیا جائے کہ ہم نے کیا کھویا اورکیا پایاہے ؟انہوں نے کہاکہ کون نہیں جانتا کہ یہ عظیم مملکت پاکستان اللہ تعالی کے فضل وکرم، قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت اور لاکھوں مسلمانوں کی لازوال قربانیوںکے نتیجہ میں معرض وجود میں آئی-پوری قوم کی دعاﺅں، تمام حکومتوں کی کاوشوں، افوج پاکستان کی کوششوں، انجینئرزاو رسائنسدانوں کی محنت کے نتیجے میں پاکستان ایٹمی قوت بنا-دشمن وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا-ملک کے ایٹمی قوت بننے کا سہرا پوری قوم کے سرہے-انہوںنے کہا کہ ہمیں آج اس بات کا بھی جائزہ لینا ہے کہ جرمنی کے شہر برلن میں ہونے والی جی20 کی میٹنگ میں بھارت کے وزیراعظم مودی اور دیگر رہنما تو نظر آئے لیکن پاکستان یہاں کیوں موجود نہیں تھا-ہندوستان او رہم میں کیا فرق ہے اگر بھارت جی20 میں شامل ہوسکتا ہے تو پاکستان کیوں نہیں-اس کی وجہ یہی ہے کہ ہم نے اسلامی تعلیمات ،قائد ؒ اور اقبالؒ کے افکار و فرمودات پر عمل نہیں کیا-انہوںنے کہاکہ ہمیں آج قائد اعظم کی 11اگست 1947کو کی گئی اس تقریر کو بھی یاد رکھنا ہے جس میں انہوںنے کہاتھا کہ رشوت اور کرپشن زہر قاتل ہے-70سال گزرنے کے باوجود بھی اگر کوئی ماں یا بیٹی دوائی اور علاج نہ ملنے کے باعث مرجائے ،قوم کے ذہین بچے وسائل نہ ہونے کی وجہ سے زیور تعلیم سے محروم رہیں ،ایک طرف دولت کے ڈھیر ہوں تو دوسری طرف غربت اور ظلم و زیادتی ہو تو اس کی وجہ کرپشن ہے-انہوں نے کہا کہ اس ملک کی اشرافیہ کی چوکھٹ پر زندگی کی ہر نعمت سلام کرے لیکن پنجاب کے میدانوں ،بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں ، مہران کی وادیوں اور خیبر پختونخوا کے برف پوش پہاڑوں میں بسنے والوں کی بڑی تعداد بنیادی سہولتوں سے محروم ہو اور یہاں کی بیٹیوں کو یہ خوف لاحق رہے کہ کوئی درندہ ان کی عزت لوٹ لے گاتو اس کی وجہ بھی کرپشن ہے-ملک کو کنگال اور بد حال کرنے کی ذمہ دار اس ملک کی اشرافیہ ہے -یہاں سیاسی بنیادوں پر اربوں کھربوں کے قرضے معاف کرانے والے موجود ہیں-یہاں ایسے لوگ بھی ہیں جن کی کرپشن کے سکینڈلز کے چرچے ہیں-قومی دولت کو لوٹنے والوںنے پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیاہے-قومی وسائل لوٹنے وا لوں کے یورپ، کینیڈااوردبئی میں محلات ہیں جبکہ پاکستان میں غریب دووقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں-اس ملک کے غریب مزدور ،ملازم ، ٹیچر، کلرک،سائنسدان تو دن رات محنت کرکے اپناگزراوقات کررہے ہیں لیکن اگر اس ملک کو ہچکولے ملے ہیں تو اس کی وجہ کرپشن او راشرافیہ کی لوٹ مار ہے اور آج اشرافیہ مجھ سمیت کٹہرے میں کھڑی ہے اور آج ہمیں جواب دینا ہے کیونکہ اشرافیہ اپنی تقدیرتو بدلتی رہی لیکن اس قوم کی تقدیر کو خراب کرتی رہی -انہوں نے کہاکہ ہمیں 70ویں یوم آزادی مناتے وقت قائدؒ و اقبال ؒ کے افکار و فرمودات پر عمل کرنے کا عہد کرنا ہوگا-معاشی ومعاشرتی انصاف اور معاشرے کے ہرفرد کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملنا اسوہ حسنہ ہے اورپاکستان بھی اسی بنیادی مقصد کے حصول کے لئے معرض وجود میں آیا تھا- کوئی گورا ہو یا کالا، سندھی ہو یا بلوچی، پنجابی ہویا پختون،جج ہویا جرنیل،تاجر ہویا بیوروکریٹ سب کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں- مساوی حقوق سب کو ملنا ہی پاکستان کی بنیاد تھی لیکن افسوس یہ نہ ہوسکا -وزیراعلی نے کہاکہ آئیے اللہ تعالی کے حضور سربسجود ہو کر دعا کریں کہ اللہ تعالی صحیح معنو ںمیں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائے اوریہاں سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو- انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بہادر افواج ،پولیس وسکیورٹی اداروں کے افسروں ،جوانوں ،عام شہریوں، قوم کے بیٹوںاور بیٹیوں نے عظیم قربانیاں دی ہیں،انشاءاللہ یہ قربانیاں رنگ لائیں گی- پوری قوم وطن عزیز سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ کا فیصلہ کرچکی ہے-انشاءاللہ قوم کے اتحاد اور اتفاق کی بدولت پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوگا اور ملک امن کا گہوارہ بنے گا اورپاکستان جس مقصد کے لئے قائم ہوا تھا وہ مقصد بھی پورا ہوگا-انہوںنے کہاکہ پا کستان کاسا بلانکا سے لے کر کوالمپور تک قیادت کا کردار ادا کرنے کے لئے بنا تھا او رہمیں یہ منزل حاصل کرنا ہے-کام مشکل ضرورہے لیکن ناممکن نہیں-ہمیں پاکستان کو صحیح معنوں میں قائدؒواقبالؒ کے تصورات کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے محنت ،امانت اور دیانت کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہے-لارڈ میئر لاہور کرنل(ر) مبشر جاوید نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا-چین ، ترکی ، ایران اور امریکہ کے قونصل جنرل ،صوبائی وزرائ، چیف سیکرٹری اور اعلی سول وعسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے حضوری باغ میں یوم آزادی کی تقریب کے بعد اچانک مناواں ہسپتال کا دورہ کیا -وزیراعلی نے نئے تعمیر ہونے والے مناواں ہسپتال کے مختلف حصے دیکھے اوروہاں مہیا کی جانے والی علاج معالجہ کی جدید سہولتوں کا جائزہ لیا اور ہسپتال کی انتظامیہ اور ڈاکٹروں سے گفتگو کی اور انہیں 70ویں یوم آزادی کی مبارکباد دی- 100بستروں پر مشتمل مناواں ہسپتال 49کنال رقبے پر بنایا گیاہے – وزیراعلی شہبازشریف نے ہسپتال کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مناواں ہسپتال میں جدید علاج معالجے کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ طبی آلات اورمشینری موجود ہے اور ہسپتال سرحدی علاقے میں رہنے والے لوگوں کیلئے ایک تحفہ ہے اور بین الاقوامی معیار کے اس ہسپتال سے دکھی انسانیت کو بہت فائدہ پہنچے گا-وزیراعلی نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مناواں ہسپتال پاکستان کے دیگر ہسپتالوں کے لئے رول ماڈل ہونا چاہےے-انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے غریبوں کی خدمت کے لئے بین الاقوامی معیار کے جدید ہسپتالوں کی تعمیر کی رسم ڈالی ہے اور اس نئے کلچر کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے- مظفر گڑھ میں رجب طیب اردوان ہسپتال،ملتان میں برن یونٹ اورلاہور میں شہبازشریف ہسپتال اس کی چند مثالیں ہیں جہاں پر مریضوں کو معیاری علاج معالجہ میسر ہے اور حقیقی معنوں میں دکھی انسانیت کے زخمیوں پر مرہم رکھا جا رہا ہے اور یہی میرا مشن ہے او رمیں صحت عامہ کے تحفظ کے لئے انقلابی اقدامات پر عملدرآمد جار ی رکھوں گا کیونکہ کم وسیلہ طبقات کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہماری پہلی ترجےح ہے اوراس ضمن مےں اٹھائے گئے اقدامات اور نتےجہ خےز کاوشےں رنگ لارہی ہےں۔عوام کو جدےد اورمعےاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں کو تےزرفتاری سے آگے بڑھاےا جارہا ہے اورہم سب نے مل کر دکھی انسانیت کی خدمت کرنی ہے۔ وزیراعلیٰ کو سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے ہسپتال کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا گیا ہے۔صحت کے شعبہ کی بہتری او رعوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ اربوں روپے کے وسائل صرف کر کے ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کو بہتربنایا جار ہا ہے اورسرکاری ہسپتالوں میں ہر سال اربوں روپے کی معیاری ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے صوبہ بھر میں ہفتہ صحت خدمت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ صحت عامہ کے شعبہ میں پنجاب حکومت کے نتیجہ خیز اقدامات کی بدولت ہی خاطر خواہ بہتری آئی ہے اور شعبہ صحت میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔میں صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کے لئے مقرر کئے جانے والے اہداف پرپیشرفت کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہفتہ صحت خدمت کے انعقاد کا مقصد غریب عوام کو صحت کی اہمیت سے آگاہی دینا اور علاج معالجہ کی مفت سہولتیں فراہم کر نا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ صحت خدمت کے دوران ڈسٹرکٹ اینڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں مربوط بلڈ سکریننگ، ویکسینیشن اورآگاہی کیمپ لگائے جائیں گے اور منتخب دیہی وبنیادی مراکز صحت میں بھی بلڈ سکریننگ ، ویکسینیشن اورآگاہی کیمپ لگائے جائیں گے- وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کیمپس میں حاملہ خواتین کا معائنہ اور بچوں کی ویکسینیشن کا مفت انتظام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کیمپس میں ہیپاٹائٹس،ایڈز ، ملیریا، ذیابیطس اور دیگر بیماریوںکی تشخیص کےلئے ٹیسٹ بالکل فری کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر شاہی قلعہ کے تاریخی عالمگیری گیٹ پر پرچم کشائی کی۔پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا اور خصوصی دعا کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مفکر پاکستان وشاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے پاک افواج کے افسروں اور جوانوں، پولیس حکام و اہلکاروں اور عام شہریوں کے درجات کی بلندی اور کوئٹہ کے دھماکے کے شہداءکے ایصال ثواب کیلئے بھی دعا کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے مزار اقبالؒ پر رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain