تازہ تر ین

نوازشریف کا نام ای سی ایل میں, نیب نے اجازت مانگ لی

اسلام آباد،لاہور(خبرنگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل ) میں ڈالنے کے لیے درخواست دیدی۔نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے عدم پیشی اور بیرون ملک جانے کی اطلاعات پر سابق وزیراعظم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو درخواست بھجوادی ہے جس میں موقف اپنایاگیاکہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں نوازشریف سے تحقیقات کرنی ہیں اور ان کے بیرون ملک جانے کی اطلاعات ہیں، ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے تاکہ عدالتی احکامات کے مطابق قانونی کارروائی کو یقینی بنایاجاسکے۔ نیشنل بینک کے صدر سعید احمد نیب لاہور کے سامنے پیش ہوگئے۔قومی احتساب بیورو نے نیشنل بینک کے صدر سعید احمد کو شریف خاندان کی لندن پراپرٹیز ایون فیلڈ کیس میں طلب کیا تھا جہاں وہ پیر کی صبح لاہور میں نیب حکام کے سامنے پیش ہوئے ہیں۔سعید احمد کے ساتھ ان کے قریبی ساتھی جاوید کیانی کو بھی پیر کو نیب میں طلب کیا گیا تھا۔دوسری جانب وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی نیب میں طلبی کا نوٹس مل چکا ہے اور ان کے آج( منگل کو) پیش ہونے کا امکان ہے۔اس سے قبل نیب نے شریف خاندان میں سے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف، حسین نواز، حسن نواز کو بھی طلب کیا تھا تاہم شریف خاندان نے سپریم کورٹ میں نوازشریف کی نظر ثانی کی اپیل پر فیصلہ ہونے تک نیب کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے جس سے نیب کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس کے فیصلے میں شریف خاندان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا جو نیب نے فیصلے کی تاریخ سے 6 ہفتوں میں دائر کرنا ہے جس کے لیے نیب حکام نے کارروائی شروع کردی۔نیب کی جانب سے تیسرا نوٹس جاری کرنے کے باوجود پیش نہ ہونے پر وزیر خزانہ اسحق ڈار کی گرفتاری کے امکانات بڑھ جائیں گے۔قانونی ماہرین کے مطابق جسطرح اس سے قبل بھی انہیں سمن بھیجے جاچکے ہیں تو وہ پیش نہیں ہوئے اور نہ ہی نواز شریف اور انکے بچے نیب انکوائری ٹیم کے سامنے پیش ہوئے ہیں تواس بات کا قوی امکان ہے کہ ایسی صورت میں نیب انہیں گرفتار کرکے تحقیقات کرے گی۔ قانونی ماہرین کے مطابق اس بات کا بھی امکان ہے کہ وہ خود پیش ہونے کی بجائےاپنے وکلاکونیب میں پیش کردیں۔حکمران جماعت نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کی نااہلی کے بعد پارٹی کے قائمقام صدر کے انتخاب سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا ہے۔پیر کو پاکستان مسلم لیگ (ن )نے قائم مقام پارٹی صدر کے انتخاب سے متعلق اپنا جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرادیا ہے،الیکشن کمیشن کے زرائع نے جواب موصول ہونے کی تصدیق کردی ہے۔جواب میں الیکشن کمیشن کو سردار یعقوب ناصر کے قائم قام پارٹی صدر منتخب ہونے سے آگاہ کیا گیا ہے، واضح رہے کہ مسلم لیگ نے الیکشن کمیشن کو پینتالیس روز میں پارٹی کے مستقل صدر کے انتخاب کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔واضح رہے کہ 17 اگست کو الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ کی صدارت کا عہدہ خالی قرار دیتے ہوئے نواز شریف کا نام پارٹی صدارت کے خانے سے نکال دیا تھا۔الیکشن کمیشن کے مطابق سپریم کورٹ سے نااہلی کے بعد نواز شریف پارٹی صدارت کےبھی اہل نہیں رہے، جس کے بعد پاکستان مسلم لیگ کی صدارت کا عہدہ خالی ہوگیا ہے۔ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتوں کی مرتب کی جانے والی فہرست میں نون لیگ 215ویں نمبر ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کے پاس ملک بھر سے 345جماعتیں رجسٹرد کی جاچکی ہیں۔اسی روز پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا، جس میں پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ نے چیئرمین راجہ ظفر الحق کی تجویز پرسردار یعقوب ناصر کو پارٹی کا قائم مقام صدر منتخب کیا تھا، وزیر اعلیٰ پنجاب اجلاس میں شریک نہیں ہوئے تھے۔یاد رہے کہ 8 اگست کو الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 کے تحت نااہل شخص پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا اس لئے مسلم لیگ نئے صدر کا انتخاب کر کے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain