تازہ تر ین

طاقتور سعودی شہزادے کی خفیہ طور پر اسرائیل آمد, عرب دنیا میں کھلبلی

تل ابیب (مانیٹرنگ ڈیسک) عالم اسلام اسرائیل کو اپنا بڑا دشمن قرار دیتا ہے اور خصوصا عرب ممالک کی اس کے ساتھ دشمنی کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، لیکن اس دعوے نے ہر کسی کو حیران کر دیا ہے کہ سعودی عرب کی ایک انتہائی طاقتور شخصیت نے چند دن قبل ایک خاص پیغام پہنچانے کے لئے اسرائیل کا خفیہ دورہ کیا ہے۔ ویب سائٹ مڈل ایسٹ مانیٹر کی رپورٹ کے مطابق وائس آف اسرائیل ریڈیو نے دعوی کیا ہے کہ ایک سعودی شہزادے نے چند دن قبل اسرائیل کا خفیہ دورہ کیا ہے۔ ریڈیو سٹیشن نے اپنے نمائندے کے حوالے سے بتایا، شاہی دربار سے تعلق رکھنے والے شہزادے نے چند دن قبل اسرائیل کا خفیہ دورہ کیا جس کے دوران سینئر اسرائیلی حکام سے خطے میں امن وامان کو فروغ دینے کے متعلق بات چیت کی گئی۔ اسرائیلی وزیراعظم اور وزارت خارجہ کے دفاتر نے اس معاملے پر تبصرے سے معذرت کی ہے۔ ریڈیو سٹیشن نے بدھ کے روز یہ خبر بھی دی تھی کہ اسرائیلی وزیراعظم نے ایک اعلی سطحی خلیجی عہدیدار سے بات کی ہے تاہم اس عہدیدار کا نام نہیں بتایا گیا تھا۔ یہ خبر ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے کہ جب ایک دن قبل اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا تھا کہ عرب ممالک کے ساتھ تعلقات جیسے اب ہیں پہلے اس کی مثال نہیں ملتی۔ ان کا مزید کہنا تھا، عرب ممالک کے ساتھ جیسی صورتحال ہے ایسی پہلے کبھی نہیں تھی، حتی کہ اس وقت بھی جب ہم نے ان کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کئے۔ عرب ممالک کے ساتھ تعلقات اور تعاون مختلف سطحوں پر ہے، اگرچہ یہ تاحال سطح پر نظر نہیں آرہا۔ اسرائیل کی تاریخ کے پہلے کسی بھی دور کی نسبت اب بہت کچھ بڑھ کر ہورہا ہے۔ یہ بہت بڑی تبدیلی ہے۔ سب کچھ بدل رہا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بعض میڈیا رپورٹس میں یہ تاثر بھی دیا گیا ہے کہ اسرائیل کا خفیہ دورہ کرنے والی اہم شخصیت کوئی اور نہیں بلکہ خود ولی عہد محمد بن سلمان ہیں، تاہم یہ دعوے غیر مصدقہ اطلاعات کی بناپر کئے جا رہے ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain