تازہ تر ین

خوراک سے موٹاپا کم کریں

ڈاکٹر نوشین عمران
وزن میں کمی کرنا مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ بازار میں دستیاب وزن کم کرنے والی ادویات زیادہ عرصہ استعمال نہیں کی جا سکتیں اور نہ ہی ایسی ادویات لی جا سکتی ہیں جو چند دن یا چند ہفتوں میں کئی کلو وزن کم کرنے کا دعویٰ کرتی ہیں۔ ادویات جو بھی ہوں ان میں موجود کیمیکل کئی مضر اثرات بھی پیدا کرتے ہیں خاص کر اگر لمبے عرصے تک لئے جائیں۔ قدرتی غذاﺅں میں کئی ایسی ہیں جن کے مسلسل استعمال سے بڑھا ہوا وزن بھی کم ہوتا ہے اور جسمانی کمزوری یا مضر اثرات بھی نہیں ہوتے۔
صبح کے وقت کاربوہائیڈریٹ یا نشاستہ یعنی روٹی ڈبل روٹی وغیرہ کی مقدار ضرور لیں، دوپہر کو تھوڑی کم اور رات کو چاول روٹی بالکل نہ لیں یا بہت معمولی لیں۔ سالن، تازہ سلاد اور سبزی لیں۔ سیب، امرود، ناشپاتی جیسے پھل چھلکے سمیت لیں۔ دن بھر میں ہر دو گھنٹے بعد تازہ سلاد جیسے گاجر، مولی، کھیرا، بند گوبھی، شملہ مرچ یا کوئی پھل ضرور لیں۔ دن بھر میں آٹھ سے دس گلاس پانی لیں۔ دوپہر یا رات میں کوئی بھی دال (بغیر گھی یا تیل کے پکائی گئی ہو) ضرور لیں۔ اس سے پروٹین کی ضرورت پوری ہوگی اور پیٹ بھی بھرے گا۔
کئی ایسی غذائیں ہیں جن کے اندر قدرتی عناصر وزن کم کرنے میں مدد کرتے ہیں جیسا کہ سیب کا سرکہ، اگر کسی کو معدے کی تیزابیت یا السر کی شکایت نہ ہو تو روزانہ دن میں دو تین دفعہ سیب کا سرکہ پانی میں ڈال کرلیں۔ چاہے تو شہد ملا لیں۔ یہ جسم میں کارب کی مقدار کو جذب ہونے سے روکتا ہے یوں وزن کو بڑھنے نہیں دیتا۔
دار چینی معدے سے خوراک کے آگے بڑھنے کے عمل کو آہستہ کر دیتی ہے۔ گلوکوز کا میٹابولزم بڑھا کر خون میں اس کی مقدار کم کر دیتی ہے۔ جوڑوں کے درد میں کمی کرتی ہے۔ خون پتلا رکھتی ہے، ایسے غذائی اجزا جو وزن کم کرتے ہوں انہیں اکیلے مکس کر کے یا سب کا قہوہ بنا کر روزانہ لیا جا سکتا ہے۔
تخم ملنگا میں گھل جانے والے فائبر کی کافی مقدار ہوتی ہے۔ اس سے معدہ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے اور بھوک کم لگتی ہے۔ تخم ملنگا کولیسٹرول کو جسم سے خارج کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
سبز قہوہ میں دن میں دو تین بار لیں، چاہے تو اسی قہوہ میں دارچینی، سونف، اجوائن، پودینہ، لیموں ڈال لیں۔ قہوہ میں شامل فائٹو ٹرینٹ بھوک کم کرتا ہے اور آنتوں کو صاف کرتا ہے۔
لوبیا سرخ کے روزانہ استعمال سے بھول میں کمی ہوتی ہے اور پروٹین بھی حاصل ہوتی ہے۔ اس کا کیمیکل بیوٹاریٹ جسم میں جمع چربی کو پگھلاتا ہے۔ اس میں موجود سٹارچ جسم میں ذخیرہ نہیں ہوتا بلکہ بھوک کو ا عتدال میں لاتا ہے۔
سونف کا قہوہ آنتوں کو صاف کرتا ہے، خوراک کی چربی اور چکنائی کو خارج کرتا ہے۔ صنوبری بیج یا صنوبری میوہ کے استعمال سے بھوک میں 30 فیصد تک کمی ہوتی ہے۔ زیادہ بھوک لگنے اور بے تحاشہ کھانے والے افراد کے لئے یہ وزن کم کرنے میں کافی مدد دیتا ہے۔ رس بھری میں شامل کیٹون جو پھل میں خوشبو کی وجہ بنتا ہے۔ چربی کو تحلیل کرتا ہے۔ مغربی ممالک میں رس بھری کیٹون سے تیار کردہ ادویات بھی ملتی ہیں جو وزن کم کرتی ہیں۔
سیب نہ صرف آئرن اور توانائی دیتا ہے بلکہ چھلکے سمیت سیب کھانے سے فائبر بھی ملتا ہے۔ کدو پیٹھا کے بیج کے میں اومیگا تھری، پروٹین اور میگنیشیم کی اچھی خاصی مقدار جسم کو توانائی دیتی ہے۔ کولیسٹرول اور وزن دونوں کم کرتی ہے۔ ان کے ساتھ تربوز ، خربوزہ کے بیج، تخم ملنگا، صنوبری بیج اور دار چینی ملا کر روزانہ استعمال کرنا وزن کو بتدریج کم کرتا ہے۔
٭٭٭


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain