تازہ تر ین

شنگھائی ٹینس میں رافیل نڈال اور فیڈرر کی سیمی فائنل میں رسائی

شنگھائی: شنگھائی ماسٹرز میں رافیل نڈال، راجرفیڈرر، ڈیل پوٹرو اور مارن کلک نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی جبکہ پاکستانی اسٹار اعصام الحق دوسرے راؤنڈ کے مہمان بن گئے۔شنگھائی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ میں کروشیا کے مارن کلک نے اسپینش حریف راموس وینولاس کو 6-3،6-4 سے شکست دیکر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیے، جہاں پر ان کا سامنا ورلڈ نمبرون رافیل نڈال سے ہوگا، اسپینش اسٹار نڈال نے کوارٹر فائنل میں گریگور دیمیتروف کی کہانی ختم کردی، ان کی جیت کااسکور 6-4، 6-7(4/7) اور6-3 رہا۔ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے سربیئن حریف وکٹر ٹروسکی کو 4-6،6-1 اور6-4 سے پچھاڑ کر فائنل فور میں رسائی حاصل کی، تاہم  کلائی کی انجری کے سبب ان کی سیمی فائنل میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے، سیکنڈ سیڈ راجرفیڈرر نے فرنچ حریف رچرڈ گیسکوئٹ کو 7-5 اور6-4 سے ہرادیا۔ڈبلز میں پاکستانی اسٹاراعصام الحق دوسرے راؤنڈ کے مہمان بن گئے۔ انھیں اور ان کے پارٹنر پولش پلیئر مارسین میٹکووسکی کو ایوان ڈوڈگ اورمارسیل گرینولرز نے ہرادیا، ان کی فتح کا اسکور 4-6، 6-7 (7/5) اور10-7 رہا، بعد ازاں ڈوڈگ اور گرینولرز کو بھی کوارٹرفائنل میں شکست ہوگئی۔دوسری جانب ہانگ کانگ ویمنز ٹینس کے کوارٹر فائنلز میں 7 سیڈ آسٹریلوی کھلاڑی ڈاریا گیوریلووا نے ہموطن لیزیٹی کیبریرا کو 6-1، 3-6  اور6-4 سے زیرکرلیا، امریکی کھلاڑی جینیفر بریڈی نے نکول گبز کو 7-5،6-4 سے مات دی، چینی اسٹار وانگ کیانگ نے سمانتھا اسٹوسر کا قصہ  7-5،6-2 سے تمام کردیا، روسی کھلاڑی 6 سیڈ اناستاسیا پاولیچنکووا نے ناؤمی اوساکا پر  6-3،6-3 سے غلبہ پالیا ، ادھر تیانجن، چین میں جاری ویمنز ٹینس میں روسی اسٹار ماریا شراپووا نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

تجربہ کار روسی پلیئر نے کوارٹر فائنل میں سوئس حریف اسٹیفنی ووئجل کو 64 منٹ کی جدوجہد کے بعد 6-3،6-1 سے قابو کرلیا، فائنل فور میں ان کا سامنا میزبان چینی اسٹار پینگ شوئی سے ہوگا، وہ رواں برس ڈوپنگ قواعد کی خلاف ورزی پر 15 ماہ پابندی کا سامنا کرنے کے بعد اپریل میں کھیل میں واپس آئی تھیں تاہم اس کے بعد انھوں نے اسٹٹ گارٹ ویمنز ایونٹ میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی لیکن اس کے بعد وہ کسی اور ایونٹ میں فائنل فور تک نہیں پہنچ پائی تھیں لیکن اب تیانجن میں انھوں نے یہ کردکھایا، پینگ شوئی نے دوسرے کوارٹرفائنل میں اسپین کی سارا سورابیز ٹورمو کو 6-0،6-1 سے زیرکیا۔

ادھر لنز ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں ٹاپ سیڈ سلواکین پلیئر میگڈیلینا ریبریکووا نے کارینہ وائٹوف کو 7-6 (7/4)،6-3 سے شکست دیدی،2 سیڈ جمہوریہ چیک سے تعلق رکھنے والی باربورا اسٹرائیکووا نے جینا فیٹ کو 2-6،6-3 اور6-3 سے مات دیدی، 5 سیڈ سورانا کرسٹیا نے نٹالیا کو 7-6(16/14)،6-4 سے زیر کیا، سوئیڈش پلیئر جوہانا لارسن نے وارویرا لیپچینکو کیخلاف 6-2،6-3 سے فتح سمیٹ لی، سوئس کھلاڑی وکٹوریجا گولبیک نے وکٹوریا ٹومووا کو 4-6،6-4،6-1 سے ہرادیا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain