تازہ تر ین

پاکستان میں جھوٹ بولنا قانون پر عمل نہ کر نا برائی نہیں سمجھا جاتا

راولپنڈی (اے این این) کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنزکینٹ گیریژن کا معیار بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ قوم کا مستقبل اساتذہ کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے اساتذہ کو ہدایت دی کہ وہ بچوں کی اخلاقی تربیت ایسی کریں کہ وہ سچ اور جھوٹ میں پہچان کرنے کے قابل بن جائیں۔ اساتذہ طلباءکو اچھائی اور برائی میں فرق کرنے کی تربیت دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں جھوٹ بولنا اور قانون پر عمل نہ کرنا ایک عام سماجی برائی ہے جسے برائی نہیں سمجھاجاتا۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کی ایسی تربیت کی جائے کہ وہ برائی کو برائی سمجھیں اس کو براجانیں اور نیک راہ پرگامزن ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنزکینٹ گیریژن چکلالہ ریجن کے زیر اہتمام آل پاکستان نصابی، ہم نصابی اور سپورٹس کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضانے کہا کہ تعلیم کے بغیرترقی ممکن نہیں اور تعلیم اساتذہ کی قدر کرنے سے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم اپنارول ماڈل اپنے اساتذہ کوبنائیں۔ انہوں نے طلباءپرزوردیاکہ وہ تعلیم صرف ڈگری کے حصول کے لئے نہیں بلکہ اپنے ملک کی خدمت کے لئے کریں۔ ملک کی ترقی کے لئے معیاری تعلیم ناگزیرہے۔ کسی بھی قوم یامعاشرے کا معیاراس کے تعلیمی معیار سے جانچا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباءقوم کامستقبل ہیںان کو بہترین تعلیم کے مواقع فراہم کر کے ملک کو ترقی کی دوڑمیں آگے لے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علم کتابوں سے حاصل ہوتاہے لیکن زندگی معاشرے میں نظرآتی ہے اب یہ تعلیمی ادارے کا فرض ہے کہ وہ اپنے طلباءکو تعلیم وتربیت کے ذریعے معاشرے میں جیناسکھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاشبہ یہ دورسائنس و ٹیکنالوجی کا دورہے تاہم معیاری تعلیم ہی اخلاقی اقدار کی امین ہے۔ انہوں نے کہاکہ فنڈزکی کمی کے باوجودایف جی ای آئی کے ادارے طلباءو طالبات کی بہترین تعلیم و تربیت کر کے ملک کوایسے محب وطن شہری فراہم کررہے ہیںجو کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایف جی ای آئی ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ہرسال بورڈیونیورسٹی امتحانات میں نمایاں کامیابی اور کھیلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباءو طالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے تقریبات ریجنل اور آل پاکستان سطح پرانعقاد خوش آئندہے۔ ایف جی ای آئی چکلالہ ریجن کے ترجمان واجدمسعودکے مطابق ایف جی سرسیدسکول راولپنڈی میں منعقد ہونے والی اس تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا تھے جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹرایف جی ای آئی برگیڈیئرڈاکٹرمحمدآصف اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن لیفٹیننٹ کرنل(ر) محمداقبال باجوہ، ڈپٹی ڈائریکٹرچکلالہ ریجن کرنل سعادت اللہ، وزارت دفاع، ایف جی ای آئی ڈائریکٹوریٹ، ہیڈکوارٹر10 کور اور ایف جی ای آئی علاقائی دفاترکے ڈپٹی ڈائریکٹر،جی ایس او ون، پرنسپل، اساتذہ اور طلباءو طالبات نے شرکت کی۔ سال 2017ءکا بہترین چکلالہ ریجن قرارپایا۔ ڈپٹی ڈائریکٹرچکلالہ ریجن کرنل سعادت اللہ نے بہترین ریجن ٹرافی وصول کی۔ اس موقع پر کورکمانڈرراولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضانے سرسیدسکول میں پودا لگایا جبکہ باسکٹ بال کورٹ کا افتتاح بھی کیا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain