تازہ تر ین

آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم سکینڈل کے ٹھیکیدار شاہد شفیق بھی گرفتار

لاہور (خبر نگار ‘ کرا ئم رپورٹر) نیب لاہور نے آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم سکینڈل میں احد چیمہ کے بعد ایک اور اہم ترین شخصیت کو گرفتار کر لیا ہے جس کا نام شاہد شفیق ہے اور وہ پیرا گون سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹو ندیم ضیا کے بھائی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے شاہد شفیق کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے اور انہیں احد چیمہ کی نشاندہی پر ہی گرفتار کیا گیا ہے۔ شاہد شفیق بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں، آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ کا ٹھیکہ بسم اللہ انجینئر نگ کمپنی کو دیا گیا تھا اور انجینئرنگ کمپنی کو سی فوز کیٹیگری میں ہونے کے باوجود 14 ارب روپے کا ٹھیکہ دیا گیا۔ احد چیمہ کی 32 کنگال اراضی کی ادائیگی کاسا کے اکاﺅنٹس سے کی گئی تھی۔ نیب حکام نے کہا ہے کہ کہ سابق ڈی جی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی احد چیمہ کے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ سے حاصل ہونے والے پیغامات اور دستاویزات سے بڑے پیمانے پر انکشافات ہونے کا امکان ہے۔نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ احد چیمہ کے موبائل اور لیپ ٹاپ سے اہم مواد ملا ہے۔ تاہم کافی ڈیٹا ڈیلیٹ بھی ہے جسے ریکور کرنے کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کر لی ہیں، ڈیٹا ریکوری کی بنیاد پر تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جائے گا اور اس کیس میں کسی قسم کے دباﺅ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق نیب کی تحقیقاتی ٹیم احد چیمہ کے ای میل ایڈریس سے حاصل ہونے والے مواد اور چند اہم ٹیلی فون کالز کے ریکارڈز کا جائزہ لے رہی ہے جس کی بنیاد پر تحقیقات کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈیٹا ریکوری کے ماہرین کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔ ذرائع نیب کے مطابق احد چیمہ کے سعودی عرب روانہ ہونے کی اطلاعات تھیں جس کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اور اس کیس کو بغیر کسی دباﺅ میں آئے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام آئینی اور قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے اور اس کیس میں جانبداری کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ دوسری جانب مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے قریب نیب کے زیر حراست احد چیمہ کے حق میں بینرز لگ گئے ہیں جن پر ان کے دور میں کرائے گئے ترقیاتی کاموں کی تفصیلات درج ہیں۔ واضح رہے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو 21 فروری کو آشیانہ ہاﺅسنگ اسکیم اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا تھا، ترجمان نیب کا کہنا تھا کہ احد چیمہ کو دو بار طلب کیا گیا تھا تاہم وہ حاضر نہیں ہوئے اور نہ ہی اپنی جائیداد کی تفصیلات جمع کرائی تھیں جس پر انہیں حراست میں لیا گیا ہے، دوسری جانب احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد بیوروکریسی نے ہڑتال کردی اور ڈی ایم جی افسران نے اپنے دفاتر کو تالے لگا کر سیکرٹیریٹ آفس بند کردیئے۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain