تازہ تر ین

ہندوستان میں ظلم کی نئی لہر…….. (1)

ڈاکٹر محمد محب الحق\خصوصی مضمون
جھوٹ، مکروفریب اور نفرت و عداوت پر مبنی جارحانہ اکثریتی قوم پرستی کی آڑ میں سیاسی اقتدارپر قابض ہونے والے نظریے کو ’فسطائیت‘ (Fascism)کہتے ہیں۔ تاریخی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرکے ایک خاص قسم کا تاریخی و تہذیبی شعور پیدا کرنا، مفروضہ اور اندرونی و بیرونی خطرات کے تعلق سے خوف و ہراس کی نفسیات پیدا کر کے اکثریت کے جذبات کو برانگیختہ کرنا، اعلیٰ اخلاقی و جمہوری اقدار کے تئیں نفرت و بے گانگی کا اظہار کرنا، اور خصوصی طور پر اقلیتوں کے خلاف شکوک و شبہات پیدا کرنا فسطائی نظریے کی اہم خصوصیات ہیں۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ فسطائیت کا مقصد صرف سیاسی اقتدار پر قبضہ کرنا نہیں ہوتا، بلکہ سیاسی طاقت کا استعمال بڑے اہم اغراض و مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ دراصل فسطائی طاقتیں سیاسی اقتدار کے ذریعے مملکت اور معاشرت پر پوری طرح قابض ہوکر مملکت کی تمام طاقت (پولیس، فوج، خفیہ ایجنسیاں، مقنّنہ، انتظامیہ، عدلیہ وغیرہ) کا استعمال اندرونی اور بیرونی مفروضہ یا حقیقی دشمنی کے خلاف کرتی ہیں۔ لہٰذا قتلِ عام (genocide)، نسل کشی (brutal war) اور جنگ و جدل (ethnic cleansing) فی الحقیقت فسطائیت کی روح اور بنیاد میں شامل ہیں۔
۲۰ویں صدی میں فسطائیت کی خوف ناک شکل جرمنی (۱۹۳۷ئ-۱۹۴۵ئ) اور اٹلی (۱۹۲۲ئ-۱۹۴۳ئ) میں دیکھنے کو ملی، جو بالآخر دوسری جنگ ِ عظیم (۱۹۳۹ئ-۱۹۴۵ئ) کا سبب بنی۔ لیکن یہ سمجھنا غلط ہوگا کہ فسطائیت مذکورہ دو ممالک ہی میں محدود رہی ہے اور دوسری جنگ ِ عظیم کے بعد اس نظریے کا خاتمہ ہوگیا۔ ایسا نہیں ہوا بلکہ فسطائیت اپنی مختلف گھناﺅنی اور بدترین شکلوں میں دنیا کے کئی اور ممالک میں بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ آبادی کے اعتبار سے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریہ بھارت میں اس کی دستک روز بروز تیز تر ہوتی جارہی ہے۔
فسطائیت، جمہوریت کی سیڑھی سے، یا استحصال کرکے بیلٹ بکسوں کے راستے،(۱) یا پھر مسلح طاقت کے استعمال(۲) کے ذریعے اقتدار پر قابض ہوتی ہے۔ لہٰذا، جمہوریت کو فسطائیت کے سیلاب کے سامنے بند باندھنے کا وسیلہ سمجھ بیٹھنا خام خیالی ہوگی۔ دراصل جمہوریت کا استحصال کر کے اکثریتی قوم پرستی کے نقاب میں چھپ کر آنے والی فسطائیت زیادہ بااثر ، زیادہ طاقت ور اور زیادہ خوف ناک ہوتی ہے،(۳) جیساکہ جرمنی کے تجربے سے ثابت ہوچکا ہے۔
۲۰ویں صدی کے آغاز سے ہی بھارت میں ’اکثریت پسند قوم پرستی‘ کی بنیاد ڈالنے کی کوشش شروع ہوگئی تھی، اور ’بھارتی قوم پرستی‘ کو ’ہندو قوم پرستی‘ کا لبادہ پہنانے کی سعی ہونے لگی تھی۔ ۱۹۱۴ئ-۱۹۱۵ءمیں ’ہندو مہاسبھا‘ کا قیام اور ۱۹۲۵ء میں آر ایس ایس (راشٹریہ سوامی سیوک سنگھ) کی بنیاد دراصل اس کوشش کا نتیجہ ہے۔
یوں تو جرمن نسل پرست ہٹلر اور اطالوی نسل پرست مسولینی کی حکمرانی کے زمانے سے ہی بھارت کی اکثریت پسند تنظیموں نے فسطائی نظریات سے خود کو ہم آہنگ کرنے کی کوششیں تیز کر دی تھیں اور فسطائیت کے علَم برداروں سے براہِ راست تعلق پیدا کرنے کی سعی بھی کی، جس کی تفصیل اطالوی دانش ور مارزیا کیسولاری (Marzia Casolari ) کی عالمانہ تحقیق
The Fascis tHeritage and Foreign Connection of RSS Archival Evidence میں درج ہے۔ لیکن عالمی سطح پر فسطائیت کی شکست ِ فاش اور قومی سطح پر کانگریس کی قیادت میں جاری تحریک ِآزادی نے ’ہندوتوا‘ پر مبنی جارحانہ قوم پرستی کو ناقابلِ قبول بنا دیا تھا۔ فسطائیت کی بنیاد ہیرو پرستی ( Hero Worship) پر بھی ہوتی ہے۔ اتفاق سے آزادی کے وقت بھارت کے قومی سیاسی دھارے میں اعتدال پسند لیڈروں کی مو¿ثر تعداد موجود تھی۔ ان لیڈروں کے مقابلے میں قومی سیاسی دھارے میں ’ہندوتوا‘ کے علَم برداروں کے پاس کوئی ایسا لیڈر موجود نہیں تھا جو ہیرو کے طور پر عوام میں مقبولیت حاصل کرپاتا۔ اس لیے ہندو مہاسبھا اور اس کی معاون تنظیمیں انڈین نیشنل کانگریس (تاسیس: ۲۸دسمبر ۱۸۸۵ئ)سے سیاسی انتخابات میں پے درپے شکست کھاتی رہیں۔
فسطائیت کی سب سے بڑی طاقت جارحانہ اور اکثریت پسند قوم پرستی ہوتی ہے۔ چوں کہ قوم پرستی کے لبادے میں احیاپرستی کو چھپا کر فسطائیت ایک عرصے تک لوگوں کو مغالطے میں رکھنے میں کامیاب رہتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تاریخ کے گہرے مطالعے کی روشنی میں ہندستان میں فسطائی تحریک اور اس کے معاون کلچر کو سمجھا جائے۔ بعض اوقات فسطائیت ابتدا میں ہی اپنی شدت پسندی کی وجہ سے بے نقاب ہوجاتی ہے۔ مثال کے طور پر ۳۰جنوری ۱۹۴۸ءکو گاندھی جی کے قتل نے بھارت میں ’ہندوتوا‘ پر مبنی جارحانہ قوم پرستی کے نظریے کو پوری طرح بے نقاب کر دیا تھا، جس کی وجہ سے ’ہندو فسطائیت‘ یہاں کمزور ہوگئی تھی۔ شاید یہی وجہ تھی کہ اس وقت کی سیاسی قیادت نے اسے ملک کے لیے زیادہ بڑا خطرہ نہیں سمجھا اور اس خطرناک نظریے کو ملک میں دوبارہ قدم جمانے کا موقع مل گیا۔
بھارت میں فسطائیت کے خطرے سے متعلق سیاسی مبصرین اور اہلِ نقد و نظر نے حکومت اور عوام کو مسلسل ہوشیار کرنے کی کوشش کی اور اس کے خوف ناک نتائج سے آگاہ بھی کیا۔ چیتنیا کرشنا نے اپنی مرتب کردہ کتاب Fascism in India:, Fangs and Facts میں یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ بھارت کو فسطائیت کا حقیقی خطرہ لاحق ہے۔ چیتنیا کرشنا نے یہ تسلیم کیا ہے کہ بھارت میں فسطائیت اپنی آمد کا اعلان کرچکی ہے۔معروف ادبی تخلیق کار اور سماجی کارکن ار±ون دھتی راے (پ: ۲۴ نومبر ۱۹۶۱ئ)نے گجرات میں فروری، مارچ ۲۰۰۲ءمیں ہونے والی مسلمانوں کی نسل کشی کے بعد ملک میں فسطائیت کے جمتے ہوئے قدموں کو خطرناک قرار دیا ہے۔بھارت کے مشہور سیاسی تجزیہ کار اور مفکر رجنی کوتھاری (م:۱۹ جنوری ۲۰۱۵ئ) نے گجرات نسل کشی ۲۰۰۲ءکے بعد ’ہندوتوا‘ کے بڑھتے ہوئے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔اور ’ہندوتوا‘ کو ہندستانی تہذیب کے لیے سب سے بڑا خطرہ بتایا ہے۔ نوبل انعام یافتہ دانش ور اور ماہر معاشیات امرتیاکار سین (پ:۳نومبر ۱۹۳۳ئ) نے بھی بارہا ’ہندو توا‘ پر مبنی ثقافتی قوم پرستی کو ملک کے لیے تباہ کن بتایا ہے۔
۲۰۱۴ءکے پارلیمانی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کی زبردست کامیابی کے بعد وزارتِ عظمیٰ کی کرسی پر نریندرا مودی کا فائز ہونا دانش وروں کو خدشات میں مبتلا کرچکا ہے۔ اس کی وجہ سے دانش وروں کا ایک بڑا طبقہ ملکی سیاست اور معاشرت کو ایک خاص سمت میں جاتا ہوا محسوس کر رہا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ ملک میں ر±ونما ہونے والے واقعات دانش وروں کے خدشات کو صحیح ثابت کر رہے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی کامیابی کے بعد جس طرح ’ہندو توا‘ پر مبنی جارح قوم پرستی ایک سماجی طاقت بن کر ا±بھر رہی ہے اور زبردست جذباتی لاوا (lava) پیدا کررہی ہے، وہ آنے والے دنوں میں ایک ہولناک شکل اختیار کرسکتی ہے۔
’لوّجہاد‘ ، ’گھرواپسی‘،’گﺅرکھشا آندولن‘، ’بھارت ماتا کی جے‘ ،’سوریہ نمسکار‘ ،’یوگا‘، کیرانہ سے ہندوﺅں کی نقل مکانی، کشمیر میں پنڈتوں اور فوجیوں کے لیے علیحدہ کالونی، آسام اور شمال مشرقی ریاستوں میں بنگلہ دیشی دَراندازی کا مسئلہ کھڑا کرنا، تاریخی حقائق کو ایک خاص انداز سے پیش کرنا، علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اقلیتی کردار کو مشکوک اور متنازع بنانا، وغیرہ تمام واقعات ایک خاص قسم کا سماجی شعور پیدا کرنے کی کوشش کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔ لیکن ان تمام واقعات کی اہمیت کو سمجھنے کے لیے بھارت میں فسطائیت کی تاریخ اور اس کی نظریاتی اساس کو سمجھنا ہوگا۔
بیسویں صدی کے اوائل میں بھارت میں دو رجحانات اور نظریات پروان چڑھتے نظر آتے ہیں۔ ایک طرف متحدہ طور پر تحریک ِ آزادی تھی اور دوسری جانب فرقہ وارانہ اور متعصب قوم پرستی کا آغاز ہوا ہے۔ ۱۸۵۷ءکی شورش کے بعد ہی برطانوی حکومت کی ’تقسیم اور حکومت کرو‘ کی پالیسی کے نتیجے میں ’ہندو فرقہ واریت‘ کی ابتدا ہوگئی تھی۔ مغلیہ دورِحکومت میں رائج فارسی اور ا±ردو زبان کےخلاف باضابطہ تحریکیں شروع ہوگئیں۔ انگریزی حکومت کو عرضداشتیں دی جانے لگی تھیں کہ: ’ہندی کو سرکاری کام کاج کی زبان بنایا جائے‘۔
ہندو نسل پرستی کو تقویت بخشنے کے لیے ۱۰اپریل ۱۸۷۵ء کو ’آریہ سماج‘ کا قیام بھی عمل میں آیا، جس کے تحت ’شدھی تحریک‘ چلائی گئی اور بہت سارے علاقوں میں مسلمانوں اور عیسائیوں کو ہندو بنانے کی کوشش کی گئی۔ دراصل ’آریہ سماج‘ نے یہ نظریہ پھیلانا شروع کیا کہ: ”مسلم حکمرانوں کے زیراثر اور عیسائی مشنریوں کے بہکاوے میں آکر بہت سارے ہندو مسلمان یا عیسائی ہوگئے ہیں، اس لیے انھیں دوبارہ ہندو بناکر ’شدھ‘ یا پاک کیا جانا ضروری ہے“۔ یہاں پر یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہی وہ حالات تھے جن کے تحت بانی علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی سرسیّداحمد خان (م:۱۸۹۸ئ) کے افکار و خیالات میں ہندستان کی مشترکہ تہذیب کے حوالے سے زبردست تبدیلی آئی اور انھوں نے ا±ردو، فارسی کی بقا و تحفظ کی تحریک چلائی۔ ساتھ ہی ساتھ مسلمانوں کی سیاسی نمایندگی کی بھرپور وکالت کی۔ سیاسی مبصرین اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ ۳۰دسمبر۱۹۰۶ءکو ڈھاکہ میں آل انڈیا مسلم لیگ کا قیام بھی انھی مخصوص حالات اور مسلم تشخص کے بقا کی وجہ سے ہوا۔ ازاں بعد مسلم لیگ کی سیاست کو حوالہ بناکر ہندواحیا پرستی کی تحریک نے پیش رفت میں سہولت محسوس کی۔
بھارت میں فسطائیت کی نظریاتی بنیاد رکھنے والوں میں ونایک دامو ورساورکر(۶) ڈاکٹر کیشوبلی رام ہیڈگیوار(۷) مادھو سدا شیو گولوالکر (۸) کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ جیساکہ بتایا گیا ہے ساورکر نے اپنی کتاب Hindutva: Who is Hindu?میں ’ہندوتوا‘ کے نظریے کو سب سے پہلے مربوط طریقے سے پیش کیا تھا۔ ساورکر نے بھارت کو ہندوﺅں کا ملک بتایا اور اس بات پر زور دیا کہ: ”یہ ہندوﺅں کی ’پوترا بھومی‘ اور ’پونیا بھومی‘ دونوں ہے ،کیوں کہ ہندوﺅں کو ہی اس ملک کی تہذیب وراثت میں ملی ہے۔ وہ ہندستان کی تہذیب کے وارث اور محافظ ہیں۔ ان کے ہیرو، ان کی تاریخ ، ان کا ادب، آرٹ اوررسم و رواج، سب اس تہذیب کی ترجمانی کرتے ہیں“۔
”مسلمانوں اور عیسائیوں کو بھی اس ملک میں مشترک ’پدریت‘ (fatherhood ) میں حصے داری ملی، لیکن چوں کہ ان کے مقاماتِ مقدسہ، ان کے ہیرو اور ثقافت کا تعلق یہاں سے نہیں ہے، لہٰذا انھیں اس مشترک تہذیب میں حصے داری نہیں مل سکتی، جس پر صرف اور صرف ہندوﺅں کا حق ہے“۔ اس طرح سے ساورکر نے بھارتی قوم پرستی کی بنیاد ’ہندوتوا‘ پر ڈالی اور باقی قوموں کو اس قوم پرستی سے اس بنیاد پر علیحدہ کیا کہ ان کے مقاماتِ مقدسہ عربیہ یا فارسی وغیرہ میں ہیں۔ مختصر یہ کہ ساورکر نے ہی دراصل ”ہندی، ہندو، ہندستان“ جو کہ آج سنگھ پریوار کا خاص نعرہ ہے اور جو سنگھ کی سیاست کی اساس ہے، کی اس ملک میں بنیاد ڈالی۔ بعد میں ہیڈگیوار اور گولوالکر نے ہندستانی قومیت سے مسلمانوں اور عیسائیوں کو دست بردار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ: ”ا±نھیں دوبارہ ہندو بنایا جائے تاکہ اس ملک میں ایک متحدہ قومیت پنپ پائے“۔(جاری ہے)
٭….٭….٭


سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2016 All Rights Reserved