تازہ تر ین

چور حکمرانوں کی وجہ سے ڈالر مہنگا ہوا ، جیت کر حساب لوں گا

میانوالی، پپلاں، ہرنولی (نمائندگان خبریں) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، قوم قرض لے کر غریب ہو رہی ہے، روپے کی قدر کم ہونے سے قومپر ایک ہزار ارب روپے کا قرض بڑھ گیا ہے،10 سال پہلے ڈالر 60 روپے کا تھا آج 130 پر پہنچ گیا ہے، بجلی کی قیمت 400 فیصد بڑھ گئی ہے،گیس 573 روپے فی یونٹ ہے، پانچ سالوں میں پی آئی اے، واپڈا، سٹیل ملز اور ریلوے میں 3600 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے،اقتدار میں آکر ملک کے نظام کو ٹھیک کرےنگے ،عوام الیکشن میں نظریئے کو ووٹ دیں،پی ٹی آئی کے آزاد کھڑے ہونے والے لوگ پارٹی اور ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔پیر کو میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بیرونی قرضہ ہے، پاکستان میں ٹیکس سے جو پیسہ اکٹھا ہوتا ہے وہ قومی خزانے میں نہیں جاتا بلکہ چوری ہوتا ہے، اس لئے قوم قرض لے کر غریب ہو رہی ہے،ہم قرض کی قسطیں واپس کرنے کےلئے ٹیکس لگا دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈالر جو 10 سال پہلے 60 روپے کا تھا آج 130 پر پہنچ گیا ہے، روپے کی قدر کم ہونے سے قوم پر ایک ہزار ارب روپے کا قرض بڑھ گیا ہے، قرضے واپس کرنے کےلئے ٹیکس لگے گا جس سے مہنگائی بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں،یہ لوگ یہاں سے پیسہ چوری کر کے باہر بھیجتے ہیں ،ان کے بچے اربوں پتی ہیں، پوچھو پیسہ کہاں سے آیا تو کہتے ہیں بچے برطانیہ کے شہری ہیں وہ جوابدہ نہیں۔عمران خان نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ پیسہ چوری ہے ،جب ملک کا وزیراعظم اور وزیر خزانہ چوری کرتے ہیں تو یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے ’بلی کو دودھ کی رکھوالی پر لگا دیاہو‘ اور اس کی قیمت پھر عوام ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج بجلی کی قیمت 400 فیصد بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آدھی بجلی تیل سے بنتی ہے ، نوازشریف کے پانچ سال میں دنیا میں تیل کی قیمتیں نیچے آئیں لیکن اس کے باوجود بجلی کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 سال پہلے گیس 150 روپے یونٹ پر تھی جو آج 573 روپے فی یونٹ ہے، ان سالوں میں گیس کہاں گئی، جب بجلی گیس کی قیمت بڑھتی ہے تو عوام کے پاس پیسہ کم ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ آنیوالے الیکشن میں جب (ن) لیگ والے ووٹ مانگنے آئیں تو ان سے پوچھنا کہ وہ 10 سال سے پنجاب میں ہیں، پانچ سال سے وفاق میں ہو، ایک چیز اور ادارہ تو بتائیں جو انہوں نے ٹھیک کیا ہو۔انہوں نے کہا کہ پانچ سالوں میں پی آئی اے، واپڈا، سٹیل ملز اور ریلوے میں 3600 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، یہ نقصان عوام کا نقصان ہے جو ان حکمرانوں نے کیا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ الیکشن میں نظریئے کو ووٹ دیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے آزاد کھڑے ہونے والے لوگ اپنی پارٹی اور ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں کیونکہ آزاد امیدوار کچھ نہیں کر سکتا۔عمران خان نے کہا کہ حکومت بنا کر ہی تبدیلی لائی جا سکتی ہے، آزاد امیدوار کیسے ملک کا فائدہ کر سکتا ہے، وہ اپنا فائدہ کر سکتا ہے کیونکہ وہ منتخب ہو کر اپنے آپ کو نیلام کرے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کا فائدہ صرف سیاسی جماعت ہی کر سکتی ہے، پی ٹی آئی اقتدار میں آکر ملک کے نظام کو ٹھیک کرے گی جس میں عوام کا فائدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں کسان پسا ہے لیکن ہم حکومت میں آکر زراعت کے شعبے کو ٹھیک کر سکتے ہیں، حکومت اپنے کسانوں کی دیکھ بھال کرتی ہے لیکن یہاں ان لوگوں نے کسانوں کا قتل کیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایک ارب 18 کروڑ درخت اگائے جبکہ یہاں ان لوگوں نے جنگل تباہ کر دیا، ہم آنیوالی نسلوں کی بہتری کےلئے جنگلات بنائیں گے۔میانوالی میں میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)نے پنجاب میں 10سال میں ایک ادارہ ٹھیک نہیں کیا ۔ تحریک انصاف کے امیدواروں سے کہتا ہوں کہ وہ بیٹھ جائیں ۔ آزاد امیدوار عوام کا کوئی فائدہ نہیں کر سکتا ۔ ملک میں کسانوں کا قتل کیا گیاہے ۔ کے پی میں ہم نے ایک ارب اٹھارہ کروڑ درخت اگائے اور چھانگامانگا جیسے چار جنگل لگائے ہیں۔ ہم پورے پاکستان میں جنگلات اگاکر ملک کو سرسبز بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 10سال میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں جو پیسہ اکٹھا ہوتا ہے و ہ قومی خزانے میں نہیں جاتا۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے بچوں کو باہر بٹھا دیا ہے اور جب حساب مانگاجاتا ہے تو کہتے ہیں کہ ہم پاکستانی نہیں ہیں۔اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرضے ہیں۔ قرضے واپس کرنے کے لئے بھی قرض لیا جا رہا ہے جبکہ کرپشن کرنے والوں کے بچے ارب پتی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بجلی اور گیس مہنگی ہوتی ہے تو عوام کے پاس پیسے کم ہوجاتے ہیں، گزشتہ 5برسوں میں مہنگی بجلی خرید کر عوام نے ان کی چوری کی قیمت ادا کی ہے ۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب ، لوگوں کاایک سمندر عمران خان کی جھلک دیکھنے کو امڈ آیا،اس موقع پر تحریک انصاف کے امیدوار برائے قومی اسمبلی امجد علی خان اور امیدوار برائے صوبائی اسمبلی سردار محمدسبطین خان اور ملک احمد خان بھچربھی موجود تھے، جبکہ ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کے ہمراہ نعیم الحق بھی موجود تھے، جلسہ کے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ڈالر کو کم سطح پر لاکر مہنگائی کے جن کو قابوکریںگے، مسلم لیگ ن کے لوگ جب آپ سے ووٹ مانگنے آئیں تو ان سے پوچھنا کہ ڈالر 130کا کیوں ہو گیا، آج سے 10سال قبل اشیائے خوردو نوش کی چیزوں کی قیمت شہریوں کی پہنچ میں تھیں، لیکن شریف خاندان نے کمپنیاں بناﺅ، اپنے آدمی بٹھاو اور مال بناﺅ ایسا طریقہ واردات بنا کر ملک کو کنگال کر دیا، دودھ جو کہ بچے کی بنیادی خورا ک ہے آج اسکی قیمت 100روپیہ فی لیٹر ہے جس کے نتیجہ میں بچے بنیادی اور مکمل خوراک سے محروم ہو جاتے ہیں اور بچوں کی وہ نشو و نما نہیں ہو پاتی، انہوں نے کہا کہ KPKمیں ایک ٹریلین ٹری لگائے اسی طرح کندیاں اور چھانگا مانگا کے جنگلات جو کرپشن کی نظر ہو گئے دوبارہ جنگلات لگائیں گے ، حکومت آنے پر پاکستان کو ترقی یافتہ ملکوں کی صفوں میں کھڑا کریں گے، شریف خاندان نے عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ چوری کرکے عوام کو غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور کر دیا،اور معیشت کو تباہ و برباد کر دیا ۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پپلاںمیں الیکشن مہم کے سلسلے میںجلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اقتدارمیں آکر کرپشن کا خاتمہ کریں گے اور عوام کو ریلیف اور انصاف دیا جائے گا۔انہوں نے کندیاں جنگلات کی بحالی کا وعدہ کیا عمران خان نے اپنے ورکر کو کہا کہ 25جولائی کو کامیاب بنائیں۔سابق ایم این اے امجد علی خان اور ایم پی اے سردار سبطین خان اور احمد خان بھچر اور دیگر قائدین بھی موجود تھے اور کارکنوں نے عمران خان کا پرجوش استقبال کیا ۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain