تازہ تر ین

گورننگ بورڈ کا سیٹھی پر مکمل اعتماد کا اظہار

لاہور(نیوزایجنسیاں) ملک میں عام انتخابات سے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ انتظامیہ میں بھی تبدیلی کی قیاس آرائیوں کی بازگشت ہے۔منگل کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی سالانہ جنرل باڈی میٹنگ میں بطور چیئر مین نجم سیٹھی پر ایک قراردار کے ذریعے مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔پی سی بی اعلامیے کے مطابق پی سی بی جنرل باڈی نے نجم سیٹھی کے بارے میں متفقہ قرار منظور کی اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھر اعتماد کا اظہار کیا گیا ۔کے سی سی اے کے صدر ندیم عمر نے کہا کہ ملک میں کوئی بھی سیاسی جماعت اقتدار میں آئے بورڈ پر اس کااثر نہیں پڑنا چاہیے۔پاکستان کے 16 ریجنز نے پی سی بی چیئرمین کی کرکٹ کے فروغ کے لئے کاوشوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔اس موقع پر نجم سیٹھی نے تمام ریجن اور ایسوسی ایشنز کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔واضح رہے کہ نجم سیٹھی تین سال کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے نیک نیتی سے کام کیا ہے اور ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی بڑا کامیاب قدم تھا۔ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی ٹیم پر لاہور میں حملہ ہوا اور اسی ٹیم کا لاہور آکر میچ کھیلنا ہماری بڑی کامیابی ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ راولپنڈی اسٹیڈیم کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا، ہماری نیت صاف تھی اور درست فیصلوں کی وجہ سے پاکستانی ٹیم بھی مسلسل بہتر کارکردگی دکھارہی ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس سے قبل نجم سیٹھی کے مشیر شکیل شیخ نے ایک قرارداد پر تمام اراکین سے دستخط کرائے جس کے بعد نجم سیٹھی پر مکمل اعتماد کااظہار کیا گیا۔اجلاس میں گوادر کرکٹ ایسوسی ایشن کو پی سی بی کا ایسوسی ایٹ ممبر مقرر کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اضلاع کے نمائندوں نے اجلاس میں شکایات کے انبار لگادیے۔

نجم سیٹھی نے وعدہ کیا کہ آئندہ سال سالانہ میٹنگ سے دو دن پہلے تمام اراکین کو لاہور بلواں گا اور ان کے الگ الگ مسائل سنوں گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں دور افتادہ علاقوں میں کرکٹ کے فروغ کے لئے پانچ کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ ریجنل اور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے اخراجات میں 10 کروڑ روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔پی سی بی کے مطابق 18-2017 کے مالی سال میں اس کام کے لئے 30 کروڑ روپے رکھے تھے۔اس موقع پر نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ملک کے سیاسی حالات تبدیل ہورہے ہیں، اللہ کرے ملک میں استحکام آئے، یہ کاررواں چلتا رہے اور ہمارے اہداف پورے ہوتے رہیں۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain