تازہ تر ین

کمپنی کے ملازم نے پورے کا پورا جہاز ہی چوری کر لیا ِ،لڑاکا طیاروں کے پیچھاکرنے پر چونکا دینے والا کام کر ڈالا

امریکی(ویب ڈیسک )امریکی شہر سیئیٹل سے ایک ہوائی کمپنی کے ملازم نے ایک خالی جہاز چرا کر اسے ایک قریبی جزیرے میں گرا کر تباہ کر دیا اور خود بھی ہلاک ہو گیا۔امریکی میڈیا نے اس شخص کا نام رچرڈ رسل بتایا ہے جبکہ ہوائی کمپنی کے حکام نے کہا کہ اسے جہاز تک رسائی حاصل تھی اور سکیورٹی کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔حکام کے مطابق اس 29 سالہ شخص نے جمعے کی رات کو بغیراجازت جہاز اڑایا جس کی وجہ سے ہوائی اڈا وقتی طور پر بند کرنا پڑا۔ یہ ایئرپورٹ پر تین سال سے ملازم تھا اور اس کا کام جہازوں میں سامان لوڈ کرنا اور انھیں کھینچ کر لے جانا تھا۔جہاز کی چوری کے بعد دو ایف 15 لڑاکا طیاروں نے اس جہاز کا پیچھا کیا، جو 90 منٹ تک اڑنے کے بعد ایک جزیرے میں گر کر تباہ ہو گیا۔
مقامی شیرف کے دفتر نے بتایا کہ ‘یہ دہشت گردی کا واقعہ نہیں تھا،’ اور یہ شخص مقامی شہری تھا۔
ہوائی کمپنی کے سی ای او گیری بیک نے کہا کہ اس شخص کے پاس ہوابازی کا لائسنس نہیں تھا اور انھیں نہیں علم کہ اس نے اس قدر ’پیچیدہ مشین‘ اڑانے کا ہنر کہاں سے سیکھا۔شیرف پال پیسٹر نے بعد میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ‘اکثر دہشت گرد پانی کے اوپر کرتب نہیں دکھایا کرتے۔’76 مسافروں کی گنجائش والا یہ بمبارڈیئر کیو 400 جہاز ہورائزن ایئر نامی ہوائی کمپنی کی ملکیت تھا اور یہ مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے فضا میں بلند ہوا۔بین شائکٹر ہواباز ہیں اور جب یہ واقعہ پیش آیا تو وہ قریب ہی اپنے جہاز میں موجود تھے۔ انھوں نے ٹوئٹر پر لکھا: ‘یہ دیوانہ پن ہے۔ میرے بالکل آگے ایک ہواباز پاگل ہو گیا اور کنٹرول ٹاور سے آنے والے احکامات نظرانداز کرتے ہوئے ایک خالی جہاز چوری کر کے اڑا لے گیا۔ ٹاور نے اسے رکنے کو کہا اور اب بھی اس سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔’امریکی فضائیہ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا کہ دو ایف 15 لڑاکا طیاروں نے اس جہاز کا پیچھا کیا۔ ‘ایف 15 طیاروں نے اس جہاز کو بحرالکاہل کی طرف لے جانے کی کوشش کی مگر یہ ہوائی اڈے سے 48 کلومیٹر دور کیٹرون جزیرے پر گر کر تباہ ہو گیا۔’انھوں نے کہا کہ لڑاکا طیاروں نے اس جہاز پر فائرنگ نہیں کی۔کئی ویڈیوز میں انھیں ٹیڑھے میڑھے طریقے سے اڑتے چوری شدہ مسافر جہاز کا پیچھا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
شیرف نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہواباز جہاز گرنے سے ہلاک ہو گیا ہے۔طیارہ کیوں چوری کیا؟
یہ ابھی واضح نہیں ہے۔ تاہم ٹاور کی طرف سے رسل کے ساتھ گفتگو کی ریکارڈنگ میں ہواباز کو طیارے کے اندر موجود ایندھن کی کمی کے بارے میں بات کرتے سنا جا سکتا ہے۔ وہ یہ بھی کہتا ہے کہ وہ جہاز اتار سکتا ہے کیوں کہ اس نے ویڈیو گیمز میں اس کی مشق کر رکھی ہے۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain