تازہ تر ین

کلثوم نواز کی رسم کل آج جاتی امراءمیں ادا کی جائیگی

لاہور( این این آئی‘مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم کے انتقال پر جاتی امراءکی فضاءسوگوار ہے ،پارٹی کے مرکزی رہنماﺅں سمیت دیگر اہم شخصیات نے جاتی امراءرائے ونڈ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور شریف خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کر کے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ، مرحومہ کی رسم قل آج ( اتوار) بعد از نماز عصر تا اذان مغرب تک جاتی امراءرائے ونڈ میں ادا کی جائے گی جس میں صرف شریف خاندان کے افراد اور قریبی عزیز و اقارب شریک ہوں گے،سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پارٹی کے مرکزی رہنماﺅں کے ہمراہ تعزیت کےلئے آج (اتوار) جاتی امراءرائیونڈ آئیں گے۔ گزشتہ روز سابق وزیراعظم محمد نواز شریف ، ان کی والدہ بیگم شمیم اختر ،محمد شہباز شریف ،مریم نوا ز، کیپٹن (ر) محمد صفدر ،سلمان شہباز، جنید صفدر سمیت خاندان کے دیگر افراد اور عزیز و اقارب نے جاتی امراءمیں مدفون بیگم کلثوم نواز کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں ۔ اس موقع پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅںخواجہ عمران نذیر، علی پرویز ملک، چوہدری شہباز سمیت دیگر نے بھی بیگم کلثوم نواز کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔لاہور سمیت ملک کے مختلف مقامات پر بھی مرحو مہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا ۔قطر کے امیر کے بھائی شیخ تھانی بن حماد التھانی ،سابق سفیر اور ڈپلومیٹک کلب کے صدر جاوید ملک اور چیئرمین البیراک گروپ آف کمپنیز احمت البیراک نے جاتی امراءرائے ونڈ میں نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف بھی موجود تھے ۔جاویدملک نے کہا ک اوورسیز پاکستانیز بھی بیگم کلثوم نواز کی وفات کے صدمے میں برابر کے شریک ہیں ۔(ن) لیگ کے مرکزی رہنماﺅں خواجہ آصف ، پرویز رشید،مریم اورنگزیب، پرویز ملک ، ذکیہ شاہنواز،چوہدری اقبال چنڑ ،خواجہ عمران نذیر ِ ، علی پرویز ملک، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل ،سینئر سیاستدان سیدہ عابدہ حسین سمیت دیگر شخصیات نے جاتی امراءرائے ونڈ میں نواز شریف اور شریف خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کر کے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ترجمان کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی رسم قل آج بروز ( اتوار)کو بعد از نماز عصر سے اذان مغرب تک جاتی امراءرائے ونڈ میں ادا کی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کی جانب سے پارٹی کارکنوں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں اور مقامی سطح پر قرآن خوانی اور دعاﺅں کا اہتمام کر کے بیگم کلثوم نواز کو ایصال ثواب کریں ۔مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کےلئے آنے والے قائدین اور ہزاروں افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی دعاﺅں نے دکھ کی اس گھڑی میں پورے خاندان کی ڈھارس بندھائی، قوم کا پیار اور غمگساری زندگی کا اہم سرمایہ ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ قائد مسلم لیگ (ن) و سابق وزیراعظم محمد نوازشریف سمیت پورا شریف خاندان جنازے میں شرکت کرنے والے اور اپنی دعاﺅں اور تعزیت میں شریک ہونے والے تمام اندرون وبیرون ملک پاکستانیوں، ہمدردوں اور غمگساروں کا تہہ دل سے شکرگزار ہے۔ ان کی محبتوں کی ہمارے دل میں بے حد قدر ہے اور ہمارے دل احساس تشکر سے بھرے ہوئے ہیں۔غیرملکی رہنماﺅں، محترم سفراکرام،حکومتی اور دیگر شخصیات کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے تعزیتی پیغامات اور بالمشافہ اظہار ہمدردی کیا۔ انہوں نے کہاکہ سفرکی مشکلات اور دشواری کے باوجود ہزاروں افراد کا افسوس کے لئے پہنچنے سے ہمیں حوصلہ ملا اور بڑی بہن کلثوم نواز کے انتقال کی تکلیف میں جس طرح سب نے ڈھارس بندھائی وہ انمول ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ سفر کی دقتوں اور موسم کے پیش نظر درخواست ہے کہ بیگم کلثوم کے ایصال ثواب کے لئے رسم قل میں خاندان کے افراد ہی شریک ہوں گے تاکہ دیگر افراد کو زحمت اور مشکل پیش نہ آئے ۔ہماری درخواست ہے کہ آپ سب مرحومہ بیگم کلثوم نواز کے لئے اپنے علاقوں اور مقامی سطح پر ہی دعاﺅں اور قرآن خوانی کا اہتمام فرما کر جزائے خیر میں حصہ ڈالیں۔رسم قل میں صرف شریف فیملی کی شرکت ، عوام، ہمدردوں، غمگساروں ، پرخلوص دعاﺅں اورمحبت سے ہماری قوت بڑھانے والے دوستوں کو زحمت اور پریشانی سے بچانے کے لئے ہے۔مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ کارکنوں اور عوام سے گزارش ہے کہ وہ گھروں میں رہ کر ہی بیگم کلثوم نواز کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور دعا کریں۔یہ طے ہوا ہے کہ جاتی امراءمیں قل خوانی میں صرف خاندان کے افراد اور عزیز و اقارب شرکت کریں گے۔پیپلز پارٹی کے ترجمان کے مطابق سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پارٹی کے دیگر رہنماﺅں کے ہمراہ آج اتوار جاتی امراءرائے ونڈ میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کریں گے۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain