کراچی (ویب ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ کراچی پہنچ گئے۔کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا۔شہر قائد پہنچنے کے بعد عمران خان نے سب سے پہلے مزار قائد پر حاضری دی اور وہاں پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر عمران خان کو سلامی بھی پیش کی گئی جبکہ وزیر اعظم نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے ، جس کے بعد عمران خان مزار قائد کے احاطے میں مدفون قائد ملت لیاقت علی خان اور مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی قبور پر بھی حاضری دی۔عمران خان کے دورے کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور مزار قائد اور دیگر مقامات کے اطراف پولیس، رینجرز کے اہلکار تعینات تھے۔خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی مزار قائد پر حاضری سے ایک روز قبل نومنتخب صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ مزارِ قائد پر حاضری دی تھی اور مزار پر پھول چرھائے تھے اور فاتحہ خوانی بھی کی تھی، جس کے بعد مہمانوں کی کتاب میں انہوں نے اپنے تاثرات بھی لکھے تھے۔مزار قائد پر حاضری کے بعد وزیر اعظم اسٹیٹ گیسٹ ہاو¿س روانہ ہوں گے، جہاں وہ پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے، اس کے ساتھ ساتھ وہ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کریں گے۔