تازہ تر ین

اخبارات نے حکمرانوں کو اصلاح ، عوام کو حقوق کا راستہ دکھایا : پرویز الٰہی ، پرنٹ میڈیا ذمہ داری کا ثبوت دے رہا ،جس کی بڑی وجہ سی پی این ای کا مضبوط اور اہم کردار ہے، نواز ، ڈار کی غلط پالیسیوں سے برے دن دیکھنے پڑ رہے ہیں: سی پی این ای کے ارکان کو عشائیہ سے خطاب، پرویز الہٰی کے دور میں مریضوں کو مفت دوائیں، بچوں کو کتابیں ملیں، مثال نہیں ملتی: ضیا شاہد، سابقہ حکمرانوں نے عوام کی بددعائیں لیں اسلئے اڈیالہ جیل گئے: چیف ایڈیٹر خبریں

لاہور(نمائندہ خصوصی)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ آج پاکستان کا میڈیا آزاد ہے، صحافی بہادر اور محب وطن ہیں ہم نے صحافیوں کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے۔ وہ یہاں کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے ارکان کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ جس میں صدر عارف نظامی، ضیا شاہد، امتنان شاہد، ایاز خان، رحمت علی رازی، اعجاز الحق، کاظم خان، ارشاد احمد عارف، تنویر شوکت، یوسف نظامی، بابر نظامی، ذوالفقار احمد راحت، احمد شفیق، علی احمد ڈھلوں، سید انتظار حسین زنجانی، معظم فخر، اویس روف، عابد علیم، اسلم میاں، ملک لیاقت علی، بشیر احمد، نوشاد رائے، بشیر احمد خان، زبیر محمود، وقاص طارق فاروق، محمد اکمل چوہان، امتیاز احمد روحانی، ارشد خان ریحانی اور ایم اے روف شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون اور ملک کی ترقی کا ضامن ہے، تحریک آزادی سے لے کر آج تک تمام چیلنجز سے نمٹنے میں میڈیا خصوصاً اخبارات کا کلیدی کردار رہا ہے، اخبارات نے نہ صرف ارباب اختیار کو اصلاح کا راستہ دکھایا بلکہ لوگوں کو ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ عوام اور ارباب اختیار کے درمیان پل کا کردار بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم عرصہ دراز سے سیاست کر رہے ہیں اور صحافیوں کے ساتھ ہمارابہت گہرا تعلق ہے، یوں تو صحافیوں کی کئی تنظیمیں صحافت کے فروغ کیلئے کام کر رہی ہیں تاہم سی پی این ای اخبارات کے ایڈیٹرز کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جس میں بلاشبہ ملک کے نامور اور سینئر صحافی شامل ہیں جنہوں نے ہر دور میں اپنی پیشہ وارانہ صحافت کے ذریعے بہترین خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ امر باعث خوشی ہے کہ ملک بھر سے سی پی این ای کے نمائندے یہاں تشریف لائے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کا میڈیا خصوصاً پرنٹ میڈیا انتہائی ذمہ دارانہ صحافت کر رہا ہے جس میں اصلاح کا پہلو نمایاں ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم نے میڈیا پر مشکلات کا دور بھی دیکھا اور صحافیوں کی جدوجہد بھی، ہمیں معلوم ہے ۔ آزادی صحافت ملکی ترقی کیلئے انتہائی اہم ہے، آج پاکستان کا میڈیا آزاد ہے اور اس کی ایک بڑی وجہ سی پی این ای کا مضبوط اور اہم کردار ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان کے صحافی بہادر اور محب وطن ہیں جنہوں نے دشمن کی ہر اٹھنے والی آواز کو دبایا اور اسے منہ توڑ جواب دیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی اخبارات نے ذمہ دارانہ صحافت کی یہی وجہ ہے کہ اس بڑے چیلنج سے نمٹنے میں حکومت اور افواج پاکستان کے بیانیہ کو عوام میں پذیرائی ملی اس حوالے سے سی پی این ای پیش پیش رہی اور شروع دن سے ہی اس تنظیم کا کردار ملکی مفاد میں بہتر رہا ہے، میں سی پی این ای کی طویل جدوجہد اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ ہم آزادی صحافت اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے سی پی این ای کے شانہ بشانہ رہیں گے اور ہماری ہر طرح کی سپورٹ ان کے ساتھ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار اورنوازشریف کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک کو برے دن دیکھنے پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا صحیح سمت میں حکومت کی رہنمائی کرے، حکمرانوں کی نیت اچھی ہو تو ملک ترقی کرتا ہے، وزیراعظم اچھی سوچ، نیت اور سچے جذبہ سے کام کر رہے ہیں، پوری قوم عمران خان کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چےف اےڈےٹر خبرےں ضیا شاہد نے کہا کہ ہمارے چوہدری برداران سے تعلقات چالیس سال پر محیط ہیں چوہدری ظہور الہی سے تعلقات کا آغاز ہوا جو ابھی تک چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الہیٰ نبھارہے ہیں ۔چوہدری پرویز الہی نے وزارت اعلیٰ کے دور میں جس طرح پنجاب میں مریضوں کو مفت ادویات اور بچوں کو سکولوں میں مفت کتابیں اور یونےفا رمز کے ساتھ ساتھ ان دونوں شعبوں کو اولیت دی جس کی کوئی مثال نہیں ملتی جبکہ سابقہ دس سالوں میں حکومت کرنے والوں نے ان دو شعبوں سے بدعائیں لیں اور اسی لیے وہ اقتدار سے باہر ہوکر اڈیالہ جیل میں گئے یہ اللہ کی پکڑ ہے جو عوام کے ساتھ زیادتی کرتے ہیں ان کا یہی حال ہوتا ہے اس موقعہ پر انہوں چوہدری پرویز الہی کا ہاتھ پکڑ کر کہا کہ ہم اپنے دوستوں کے پاس بیٹھے ہیں آپ نے ہمیشہ صحافیوں کے ساتھ تعلقات بڑھائے ہیں اور رابطے میں رہے ہیں اب امید ہے کہ سپیکر شپ کی دور میں بھی ان رابطوں میں اضافہ ہوگا انہوں نے کہا کہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے اخبارات کے اشتہارات بند کرنے کی بات کی جارہی ہے جبکہ تحریک انصاف کی حکومت کو لانے میں پرنٹ میڈیا کا بڑا رول ہے اب پرنٹ میڈیا کو بند کرنے کی اور سوشل میڈیا کو اگے لانے کی باتیں ہورہی ہیں جبکہ ہم اےسا نہےں کرنے دےں گے ۔ اس موقع پر سی پی این ای کے صدر عارف نظامی نے بھی خطاب کیا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain