تازہ تر ین

خبردار ، ہوشیار ، اوور سیز پاکستانیوں کے ووٹ ہار جیت کا فیصلہ کر سکتے ہیں ؟

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر کے 35 قومی و صوبائی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتاج آگئے ہیں تاہم ایک عنصر تاحال ایسا ہے جو کم از کم 6 حلقوں میں نتائج الٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سمندر پار پاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کیا اور پہلی بار ہی ان کے ووٹوں کی اہمیت اتنی بڑھ گئی ہے کہ 6 حلقوں میں یہ ووٹ فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں۔ قومی اسمبلی کی ایک، خیبرپختونخوا اسمبلی کی 3 اور پنجاب اسمبلی کی دو نشستوں پر جیت کا مارجن بہت کم ہے جس میں اگر اوورسیز ووٹرز کے ووٹ شامل کرلیے جائیں تو نتائج تبدیل ہوسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ موجودہ نتائج میں سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ شمار نہیں کئے گئے۔ ان ووٹوں کی گنتی کے لیے آج پیر کو نادرا اور الیکشن کمیشن کے حکام کی ملاقات ہوگی۔ اگر نادرا حکام الیکشن کمیشن کو ووٹوں کی شفافیت پر مطمئن کرسکے تو الکشن کمیشن ان کو شمار کرے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 7364 رجسٹرڈ سمندر پار پاکستانیوں میں سے 6233 نے ووٹ ڈالا اور اس طرح آئی ووٹنگ کا ٹرن آوٹ 83.5 فیصد سے زائد رہا۔ قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 5117 اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 1116 رجسٹرڈ اوورسیز پاکستانیوں نے ووٹ ڈالے۔ اب صورتحال یہ ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 راولپنڈی میں جیت کا مارجن صرف 647 ووٹوں کا ہے، جہاں تحریک انصاف کے امیدوار اور شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق 44 ہزار 483 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک سجاد خان 43 ہزار 836 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 27 جہلم میں جیت کا مارجن 656 ووٹوں کا ہے جہاں مسلم لیگ (ن) کے ناصر محمود کامیاب ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے شاہنواز راجا دوسرے نمبر پر رہے۔ اسی طرح پی پی 3 اٹک میں بھی جیت کا مارجن 227 ووٹوں کا ہے اور اس حلقے میں (ن) لیگ کے افتخار احمد خان نے 43259 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ تحریک انصاف کے محمد اکبر خان 43032 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 7 سوات میں جیت کا مارجن 671 ہے، جہاں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق اے این پی کے وقار احمد خان 14096 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے فضل مولا 13425 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 3 سوات میں جیت کا مارجن 913 ہے جہاں مسلم لیگ (ن) کے سردار خان 16824 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جب کہ تحریک انصاف کے ساجد علی 15911 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کی ہی نشست پی کے 53 مردان میں جیت کا مارجن صرف 61 ووٹوں کا ہے جہاں تحریک انصاف کے محمد عبدالسلام 19192 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے احمد خان 19131 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ الیکشن کمیشن نے سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے کاسٹ کئے گئے ووٹوں کونتائج کا حصہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ، انٹرنیٹ کے ذریعے کاسٹ ہونے والے تمام ووٹوں کی تفصیلات متعلقہ ریٹرننگ آفیسروں کو بھجوا دی گئیں ،ریٹرننگ آفیسرز ووٹوں کو حتمی نتیجے میں شامل کریں گے، تاہم سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ کسی بھی نتیجے کو متاثر نہیں کر سکتے ، قومی اسمبلی کے حلقے این اے 60 میں جیتنے اور ہارنے والے امیداوار کے درمیان 647ووٹوں کا فرق ہے جبکہ آئی ووٹنگ کے ذریعے حلقے میں 460 افراد نے ووٹ پول کیا ، جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 53میں جیتنے اور ہارنے والے امیداوار کے درمیان 61ووٹوں کا فرق ہے جبکہ حلقے میں 45سمندر پار پاکستانیوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔پیر کو ترجمان الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے کاسٹ کئے گئے ووٹوں کو رزلٹ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کے ذریعے کاسٹ ہونے والے تمام ووٹز کی تفصیلات متعلقہ ریٹرننگ آفیسروں کو بھیجوا دی گئی ہیں۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain