تازہ تر ین

سلیکشن کمیٹی آج دبئی کی پروازپکڑے گی

لاہور(آئی این پی)قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی آج شب دبئی روانہ ہوگی ، سلیکٹرز ٹیم مینجمنٹ سے مل کر مستقبل کی حکمت عملی طے کریں گے۔دبئی میں سلیکٹرز کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے اور ورلڈ کپ تک حکمت عملی مرتب کریں گے۔سلیکشن کمیٹی کپتان سرفراز احمد پر مکمل اعتماد کا اظہار کر رہی ہے، سلیکٹرز نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا ایک روزہ میچ بھی دیکھیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورت کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان بھی اگلے دو تین روز میں کیا جائے گا۔فاسٹ بولر وہاب ریاض کی آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی کارکردگی سے سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ خوش نہیں ہے ان کا ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہے، جبکہ فاسٹ بولر محمد عامر کا نیوزی لینڈ کے خلاف بھی ٹیسٹ سیریز سے ڈراپ ہونے کا امکان ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے نئے کھلاڑیوں کو آزمائے جانے کا امکان ہے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اپنی کارکردگی کا لوہا منوانے والے فاسٹ بالر شاہین آفریدی کو بھی میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔متحدہ عرب امارات میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے بعد ٹیسٹ سیریز 16 نومبر سے ابوظہبی میں شروع ہورہی ہے۔سلیکٹر وجاہت اللہ واسطی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سینئر اور جونیئر کمبی نیشن کا نتیجہ ہے اور کھلاڑیوں نے سیریز میں کافی محنت کی ہے، موجودہ سلیکشن کمیٹی کی کوشش رہی ہے کہ نیا ٹیلنٹ سامنے لیکر آئیں اور جو کھلاڑی بہتر کھیل پیش کررہا ہے اس کی ٹیم میں جگہ بن رہی ہے۔ بہتر ٹیم بنانے کی وجہ سے مسلسل گیارہ سیریز جیت گئے ہیں۔، کرکٹ کی بہتری کے لیے چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا مکمل تعاون ہے اور پی سی بی کے اقدامات کے اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔وجاہت کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کو ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے تاہم حتمی فیصلہ سلیکشن کمیٹی ہی کرے گی، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی تشکیل کے بعد اب کوشش ہے کہ ٹیسٹ میں بھی اپنی گرفت کو مضبوط کریں ۔ مصباح الحق اور یونس خان کے بعد ٹیم میں لمبی اننگز کھیلنے کا مسئلہ ہے اور اس کا متبادل بھی جلد ڈھونڈ لیں گے، ٹیسٹ سیریز کے لیے نئے کھلاڑیوں کو موقع دیں گے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain