تازہ تر ین

سازشیں کچھ نہیں بگاڑینگی ،کرپشن کا ہر سوراخ بند کرینگے : وزیراعظم

اسلام آباد، پشاور، لاہور (نمائندگان خبریں) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں ترقیاتی سکیموں میں محکمانہ کرپشن کی روک تھام کےلئے حکمت عملی بنانے کےلئے کمیٹی بنادی،کمیٹی میں سینئر وزیرعبدالعلیم خان، وزیرخزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت، وزیر ہاﺅسنگ میاں محمود الرشید اور وزیر مواصلات سردار محمد آصف نکئی شامل ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم کے دورہ لاہور کے دوران وزیراعلی ہاﺅس میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے صوبے میں ترقیاتی اسکیموں میں محکمانہ کرپشن کی روک تھام کی حکمت عملی کے لئے کمیٹی بنا دی۔ کمیٹی ترقیاتی منصوبوں میں محکمانہ کرپشن کے خاتمے کے لئے سفارشات تیار کرے گی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ کرپشن کے ہر سوراخ کو بند کردیں گے، قوم کا ایک ایک پیسہ ایمانداری سے خرچ کیا جائے۔ وزیر اعظم عمران خان نے گورنر پنجاب چودھری سرور کو کلیئر کر دیا ہے کہ عثمان بزدار بااختیار وزیر اعلیٰ پنجاب ہیں اور ان کی حمایت کو برقرار رکھا جائے ، اختلافات سے اپوزیشن فائدہ اٹھا سکتیں ہیں ،تمام اراکین اختلافات بھلا کر آگے بڑھیں ،تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز پنجاب اسمبلی کے اسپیکر پرویز الہٰی اور جہانگیر ترین کی ملاقات کی ویڈیو کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان نے فوری نوٹس لیا اور گزشتہ رات عمران خان اور جہانگیر ترین نے گورنر پنجاب چودھری سرور سے ملاقات کی جس میں وزیر اعظم نے گورنر پنجاب کو واضح الفاظ میں کہا کہ صوبائی معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے اور عثمان بزدار ایک بااختیار وزیر اعلیٰ ہیں اور ان کی مکمل حمایت کی جائے ۔آپس کی چپقلش سے وفاقی اور صوبائی حکومت دونوں کو نقصان ہو سکتا ہے اس لئے کوئی جذباتی فیصلہ کرنے کی بجائے دانشمندی کا مظاہرہ کیا جائے ۔ علاوہ ازےں وزیر اعظم عمران خان نے گورنر پنجاب کو سینیٹ انتخابات کے لئے رابطے تیز کرنے کی بھی ہدایت کی اور اتحادی جماعتوں سمیت اراکین اسمبلی سے بات چیت کرنے کا بھی کہا جبکہ وزیر اعظم کی ہدایت پر اتحاد ی جماعتوں کا اہم اجلاس بھی 14 نومبر کو طلب کیا گیا ہے۔عمران خان سے ملاقات کے بعد گورنر پنجاب چودھری سرور نے سوشل میڈیا پر اپنے اےک بیان میں وزیر اعظم کے بیان کی حمایت میں کہا کہ عثمان بزدار ایک مکمل بااختیار وزیر اعلیٰ ہیں اور وہ عمران خان کے ویژن پر عمل پیرا ہیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ مکمل تعاون جاری رہے گا اور ہم تبدیلی کی جدوجہد میں عثمان بزدار کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ پنجاب میں سینیٹ انتخاب کے حوالے سے وزیراعظم نے پارٹی کے اہم رہنماﺅں کو بڑے ٹاسک سونپ دیئے، تحریک انصاف اور اتحادیوں کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس 14 نومبر کو طلب کر لیا۔پندرہ نومبر کو پنجاب میں دو نشستوں پر سینیٹ کا انتخاب ہونا ہے جس کیلئے لاہور میں حکومت کے اہم رہنماوں کی بڑی بیٹھک ہوئی، وزیراعظم عمران خان، وزیراعلی عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور جہانگیر ترین کی سینٹ انتخاب کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔وزیراعظم نے سینیٹ انتخاب کے حوالے سے بھرپور تیاری کی ہدایت کر دی، انھوں نے کہا کہ الیکشن کو آسان نہ سجھا جائے، ارکان اسمبلی سے رابطوں کے عمل کو تیز کیا جائے۔ وزیراعظم نے پارٹی رہنماوں پر واضح کیا کہ سینیٹ انتخاب کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی طے کریں، وزیراعلی اور گورنر ملکر سینیٹ انتخاب میں پارٹی کامیابی کے لئے کام کریں گے۔وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ ڈویژن کی سطح پر ارکان اسمبلی سے سینیٹ کے لئے رابطے کئے جارہے ہیں، پنجاب میں تحریک انصاف اور اتحادیوں کا مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس بھی 14 نومبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں امن و امان ، طرز حکمرانی ، نئے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پیشرفت ،100 روزہ پلان اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور کہاکہ ہمارا ایجنڈ اقومی تعمیر و ترقی اور ملک کو بحرانوں سے نکال کر اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنا ہے۔ سازشیں ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت عمران خان کے وژن اور سوچ کے مطابق شفاف حکمرانی اور غریب عوام کی فلاح کیلئے صحیح سمت میں اقدامات کر رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کے اداروں کو صحیح معنوں میں فعال بنانے کیلئے بنیادی نوعیت کے اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔ ہمارا 100 روزہ پلان بھی حقیقی معنوں میں بہتر طرز حکمرانی اور غریب کی فلاح کا آئینہ دار ہو گا۔ آج پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ملاقات کی ۔ صوبے کی مجموعی صورتحال ، انتظامی اور امن و امان کی صورتحال سمیت 100 روزہ پلان پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اورآئندہ بلدیاتی انتخابات میں سابق فاٹا کے سات اضلاع کی خیبرپختونخوا میں شمولیت کے نتیجے میں ہونے والی پیشرفت کے اُمور پر گفتگو ہوئی۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ہم نے میرٹ اور انصاف سمیت لوگوں کے بنیادی مسائل کا تعین کرنے اور صوبے میں وسائل کے بے دریغ اور بے جا استعمال کو روکنے اور بہتر حکمرانی کیلئے بنیادی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں۔اُنہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت نے غریب لوگوں کو ریلیف دینے اور اداروں کو مکمل فعال کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔صوبے میں جاری ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کو ترجیح دی گئی ہے اور پشاور ریپیڈ بس ٹرانزٹ کی تیز تر تکمیل کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اُنہوںنے مزید بتایا کہ دیگر ایسے اقدامات جس سے عوام کی فلاح مقصود ہو کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔شفاف حکمرانی اور ترقیاتی حکمت عملی میں رکاوٹیں دور کرنا اور میرٹ پر فیصلہ سازی ہماری ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تعلیم، صحت، ٹوارزم کی ترقی اور صنعتکاری سمیت 100 روزہ پلان میں متعدد ایسے اقدامات شامل ہیں جو آئندہ پانچ سالوں کیلئے رہنما اُصول ہوں گے۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کے مذکورہ اقدامات کو سراہا اور کہاکہ ہمیں غریب اور پسے طبقے کی فلاح کیلئے کام کرنا ہے۔ہم نے سٹیٹس کو کو توڑ دیا ہے۔ اسی وجہ سے سٹیٹس کو کی قوتیں پوری طاقت کے ساتھ پی ٹی آئی حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے میں روڑے اٹکاتی نظر آتی ہیں۔ہمیں ایسے کمزور اور لاغرسٹیٹس کو کی پرواہ نہیں۔ ہمارا ایجنڈا تعمیر و ترقی اور ملک کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ سازشیں ہمار ا کچھ بگاڑ سکتی ہیں اور نہ ہم سازشوں کی پرواہ کرتے ہیں۔ ہمارے عوامی ایجنڈے سے یہ بناوٹی سیاسی قوتیں جلد ہی دم توڑ جائیں گی۔ عوام میں پہلے ہی یہ قوتیں اپنی ساکھ کھو چکی ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain