تازہ تر ین

ڈاکٹر عبدالصمد کی گرفتاری، عمران خان کا نیب پر اظہارِ برہمی

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے ڈائریکٹر آرکیالوجی اینڈ میوزیم ڈاکٹر عبدالصمد کی گرفتاری پر قومی احتساب بیورو (نیب) پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ نیب نے جرمنی سے سنسکرت میں پی ایچ ڈی کرنے والی ایشیا کے واحد شخصیت، فل برائٹ اسکالر اور آرکیالوجی میں گولڈ میڈلسٹ ڈاکٹر عبدالصمد کو کم گریڈ کے ملازمین کی بھرتی کے معاملے پر احتساب عدالت میں پیش کیا جو شرمناک بات ہے۔مذکورہ ٹوئٹ کو وزیر اعظم نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اسے شرمناک حرکت قرار دیا اور چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال سے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔وزیر اعظم کے ردِ عمل پر چیئرمین نیب نے مذکورہ معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل نیب کو ہدایت کی کہ ڈاکٹر عبدالصمد کو ان پر لگائے گئے الزامات اور ان کے ثبوتوں کے ہمراہ چیئرمین نیب کے سامنے پیش کیا جائے۔نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ نیب ڈاکٹرعبدالصمد کی قومی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کی عزت نفس کو مقدم رکھتے ہوئے آئین و قانون کے مطابق انصاف کے تمام تقاضے پورےکیے جائیں گے۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز نیب نے ڈاکٹر عبدالصمد کو اختیارات کے ناجائز استعمال کے کیس میں احتساب عدالت میں پیش کیا تھا۔احتساب عدالت کے جج نوید احمد خان نے نیب کی استدعا پر انہیں 10 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالصمد پر الزام ہے کہ انہوں نے مختلف ا?ثارِ قدیمہ پر گریڈ 4 کے ملازمین کی تعیناتی میں اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔نیب کے تحقیقاتی افسر نے عدالت سے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جس پر احتساب عدالت کے جج نے ریمانڈ دیتے ہوئے ملزم کو 25 فروری کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔خیال رہے کہ نیب نے صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی حاصل کرنے والے ڈاکٹر عبدالصمد کو تحقیقات کے سلسلے میں طلب کیا تھا جہاں انہیں حراست میں لے لیا گیا۔نیب کے تحقیقاتی افسر نے احتساب عدالت کے سامنے الزام عائد کیا کہ ملزم نے آثارِ قدیمہ کی مختلف جگہوں پر قواعد و ضوابط کے خلاف 90 سے زائد تعیناتی کی۔احتساب عدالت کے جج نے بھی نیب اہلکاروں کو استاد ہونے کی بنا پر ڈاکٹر عبدالصمد کا احترام ملحوظِ خاطر رکھنے اور ان کے ساتھ مہذب طریقے سے پیش آنے کی ہدایت کی۔عدالت میں ڈاکٹر عبدالصمد نے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے قصور ہیں اور انہیں جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا، اگر ان پر الزام ثابت ہوجائے تو انہیں دگنی سزا دی جائے لیکن اگرایسا نہ ہوا تو نیب اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain