تازہ تر ین

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد ، شاندار استقبال

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم ہاوس اور 8 نجی ہوٹلز کی سکیورٹی پاک فوج کے سپرد کر دی گئی ہے۔ اتوارکی شام سعودی ولی عہد نے 4طیاروں کیساتھ لینڈ کیا، پاکستانی حدود میں داخلے پر جے ایف 17 تھنڈر طیارے پروٹوکول دیا 21 توپوں کی سلامی دی گئی، وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کے ارکان کے ساتھ نورخان ایئر بیس پر استقبال کیا چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ بھی موجود تھے 5سطحوں پر مشتمل سکیورٹی دی گئی ۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے طیارہ کے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے پرخصوصی پروٹوکول دیاگیا۔ سعودی شہزادے کا پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی شیایان شان انداز میں استقبال کیا گیا۔پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے پر سعودی ولی عہدکے طیارے کو ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے اپنے حصار میں لے لیا۔ لڑاکا طیارے معزز مہمان کے طیارے کے دائیں، بائیں فارمیشن میں پرواز کرتے رہے او انہیں بحفاظت منزل مقصود تک پہنچایا۔نور خان ائر بیس پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کا استقبال کیا۔ سفارتی حلقوں کے مطابق پاکستان کے سرکاری دورے پر آنے والے برادر ممالک کے سربراہان کو اس اندازمیں خوش آمدید کہنا پاکستان کی درخشاں روایت رہی ہے۔اس سے قبل سعودی عرب کے وزیر برائے خارجہ امور عادل الجبیر پاکستان پہنچے تھے جن کااستقبال ان کے پاکستان ہم منصب شاہ محمود قریشی نے نور خان ائر بیس پر کیا۔پاک فضائیہ کے ایک بیان کے مطابق ایف 16 اور جے ایف 17تھنڈر طیاروں نے شاہی طیارے کو اپنے حصار میں لے کر معزز مہمان کے طیارے کے دائیں اور بائیں جانب فار میشن میں پرواز کرتے ہوئے انہیں بحفاظت منزل مقصود تک پہنچایا۔اس سے تھوڑی دیر پہلے سعودی وزیرِ خارجہ عادل الجبیر راولپنڈی کے نور خان ائیر بیس پہنچے جہاں پاکستانی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔ نور خان ائیر بیس پر سعودی وفد کے 11 طیارے پہنچ گئے ہیں۔ ،معززمہمان کو وزیرِ اعظم ہاو¿س لے جایا گیاجہاں سعودی ولی عہد کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ سعودی ولی عہد کی آمد پر پانچ سطحوں کا سکیورٹی پلان ترتیب دیاگیا۔سفارتی حلقوں کے مطابقپاکستان میں ولی عہد کا آنا ایک تاریخی دورہ تصور کیا جارہا ہے۔اپریل 2017 میں ولی عہد کا درجہ ملنے کے بعد یہ ان کاپاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ پاکستان اس دو روزہ دورے کے حوالے سے بہت پرامید ہے۔ سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد پر اربوں ڈالرز کی مختلف تجارتی اور غیر تجارتی شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔ ان میں سے سب سے اہم ترین گوادر میں آئل ریفائنری کا قیام ہے جس میں سعودی عرب کی طرف سے 8 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی یاداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ اس حوالے سے ایک روز پہلے بلوچستان اسمبلی میں اراکین کو اعتماد میں لینے کی قرارداد منظور کرلی گئی ہے جس کے دوران بلوچ نیشنل پارٹی کے رکن ثنا بلوچ نے کہا کہ معاہدہ کرتے وقت باہمی مفادات کے ساتھ ساتھ اجتماعی مفادات کو بھی مدِ نظر رکھا جائے۔ دو روزہ دورے کے دوران مشرقِ وسطی اور افغانستان کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سعودی ولی عہد کے دورہ کے موقع پر جڑواں شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر وں میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں دفعہ144 نافذرہی ۔ ذرائع کے مطابق ایم آئی 17ہیلی کاپٹرز اور دولڑاکا طیارے بھی سیکورٹی کا حصہ رہے سی ون تھرٹی طیارہ بھی تیار رکھاگیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس اور رینجرز تعینات رہی ۔ شہر اقتدار کے داخلی راستوں پر سخت چیکنگ کی گئی اور عام شہریوں کے ریڈ زون میں داخلے پر پابندی رہی ، دورے کے دور ان جڑواں شہروں میں میٹروبس سروس بھی مکمل بندرہی جبکہ ایکسپریس وے پر بھاری ٹریفک کا داخلہ بند کردیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آبا د آنے والوں کےلئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ضروری قرار دیا گیا ۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر وفاقی پولیس، سیکیورٹی ڈویژن پولیس، اسپیشل برانچ، رینجرز اور ٹریفک پولیس کے مجموعی طور پر 3 ہزار افسران و اہلکار تعینات ہیں۔ آپریشنل پولیس اور سیکیورٹی ڈویژن پولیس 1200 ، 1200 جب کہ اسپیشل برانچ کے 50 اور اسلام آباد ٹریفک پولیس 250 کے افسران و اہلکار تعینات ہیں۔ علاوہ ازیں باقی رینجرز اور وفاقی پولیس کے گشت اسکواڈز شہر بھر اور ریڈ زون سے ملحقہ علاقوں میں مسلسل ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔خصوصی ٹریفک پلان کے تحت ریڈ زون اوراسلام آباد ایکسپریس وے سمیت دیگر مرکزی شاہراہوں کو سیل کردیا گیا ہے، عوام کی سہولت کے لیے متبادل راستے فراہم کیے گئے ہیں۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain