تازہ تر ین

شو بازیاں نہیں پنجاب کی ترقی کیلئے کام کر کے دکھاﺅں گا : عثمان بزدار

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں صحت انصاف کارڈ پروگرام کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے افتتاحی تقریب میں مستحقین میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صحت انصاف کارڈ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث جنوبی پنجاب ترقی سے محروم رہا اور اس علاقے کے عوام کے احساس محرومی میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے ڈیرہ غازی خان اور جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع پسماندہ رہے۔ میرا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے اور میں اس علاقے کے ہر مسئلے سے واقف ہوں۔ میں ڈیرہ غازی خان میں بسنے والے لوگوں کا وکیل ہوں اور لاہور میں بیٹھ کر آپ کی نمائندگی کا حق ادا کر رہا ہوں۔ تحریک انصاف کی حکومت کو ڈیرہ غازی خان اور جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع کی ترقی و خوشحالی عزیز ہے۔اسی طرح ہم پورے پنجاب کی ترقی کو مقدم سمجھتے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان سمیت تمام پسماندہ علاقوں کی نمائندگی خود کررہا ہوں اور محروم معیشت لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے جو کچھ ممکن ہوا کرکے دکھاﺅں گا۔ ڈیرہ غازی خان کچھ عرصے میں پنجاب کا سب سے زیادہ ترقی یافتہ ڈویژن ہوگا۔شو بازیاں نہیں کروں گا، کام کرکے دکھاﺅں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے علاقے کی محرومیوں کی تکلیف کو محسوس کر سکتا ہوں۔ ہیلتھ کے حوالے سے ڈیرہ غازی خان کو ماڈل ڈسٹرکٹ ڈکلیئر کر دیا ہے۔ پہلے دورے میں ڈیرہ غازی خان کیلئے تاریخی پیکیج کا اعلان کیا،مزید ترقی بھی لائیں گے۔ ماضی میں تقریریں ہوتی رہیں، دورے کئے گئے لیکن حالات نہ بدلے۔ عوام کی زندگی میں خوشگوار تبدیلی لائیں گے۔ بہت سے کام ہو رہے ہیں، وقت لگے گا لیکن خوشگوار تبدیلی ضرور آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مظفرگڑھ ڈیرہ غازی خان دو رویہ روڈ اگلے ماہ تک مکمل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کی زندگیوں میں بہتری لا کر تبدیلی لائے گی اور ماضی میں جو کچھ ہوتا تھا اس کو بدل دیا ہے۔ اب پرانا طریقہ کار نہیں چلے گا کیونکہ اس کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے تقریب میں موجود لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے مسئلے میرے مسئلے ہیں اور میں آپ کے مسائل حل کروں گا۔ باتیں کم اور کام زیادہ ہوگا۔مختصر مدت میں ڈیرہ غازی خان کو مثالی ڈویژن بنائیں گے۔ ڈیرہ غازی خان سمیت پورا پنجاب ترقی کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان کے خوشحال پاکستان کو عملی تعبیر دیں گے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا کہ اس سال کے آخر تک 72 لاکھ لوگوں کو صحت انصاف کارڈ دیئے جائیں گے۔ غریب لوگوں کو علاج معالجہ کے ساتھ آمد و رفت کا خرچہ بھی دیں گے۔ 4 اضلاع سے صحت انصاف کارڈ کا آغاز کیا گیا ہے اور مرحلہ وار یہ پروگرام باقی اضلاع میں بھی لائیں گے۔ وفاقی وزیر مملکت ماحولیات زرتاج گل نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے لوگ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو سلیوٹ کرتے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان کے لوگ عثمان بزدار کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ان کا ساتھ دیں گے۔ صوبائی مشیر صحت محمد حنیف پتافی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان کے نمائندہ ہی نہیں ڈی جی خان کا فخر بھی ہیں۔ 2 سال میں نیا ڈیرہ غازی خان بنا کر دکھائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آج ڈیرہ غا زی خان میں عوام کی فلاح و بہبود کے کروڑوں روپے کے متعدد منصوبوں کا افتتاح کیا اور عوام کیلئے متعدد منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔وزیراعلیٰ نے پناہ گاہ کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈیرہ غازی خان کے گائنی وارڈ اور ایمرجنسی بلاک کی تزئین و آرائش کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے کمال پارک، سٹی پارک تونسہ شریف کی تزئین و آرائش کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے گجری تھوخ تا بان سن فیز II پختہ سڑک کا سنگ بنیاد رکھا۔ 8.5 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر کے منصوبے پر تقریباً112 ملین روپے لاگت آئے گی۔وزیراعلیٰ نے سخی سرورسے رونگھن تک سڑک کی بحالی و مرمت کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ 28 کلومیٹر طویل سڑک کی بحالی و مرمت پر 197 ملین روپے خرچ ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے آذغانی بن سے سوری مارگی براستہ پھکلو پختہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ 15 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر پر195 ملین روپے میں بنے گی۔ وزیراعلیٰ نے ممدانی ٹک ، ہتھی ماٹک، بارتھی ٹک اور نون غنی ٹک پختہ سڑکوں کی تعمیرکے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ پختہ سڑکوں کی تعمیر پر تقریباً 129 ملین روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے شہر خموشاں ماڈل قبرستان کوٹلہ سکھانی غربی تحصیل و ضلع ڈیرہ غازی خان کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ نے دیہی واٹر سپلائی کی 38 سکیموں کی بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے غازی میڈیکل کالج ڈیرہ غازی خان میں شجرکاری مہم کے تحت اشوک کا پودا لگایا۔ وزیراعلیٰ نے پودا لگانے کے بعد شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شجرکاری آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے ضروری ہے اور غازی میڈیکل کالج میں پودا لگانے کا مقصد طلبہ میں شجرکاری کی اہمیت کا شعور بیدار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پودے کی دیکھ بھال اور حفاظت بھی خصوصی توجہ چاہتی ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain