تازہ تر ین

پاکستان سیاحت کیلئے محفوظ ملک ، سی پیک کا حصہ بنیں گے ، اسلام امن اور سلامتی کا مذہب اس کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں ، پاکستان کیساتھ تجارتی، دفاعی تعلقات بڑھائیں گے: مراکشی سفیر محمد کرمون کی چینل ۵کے پروگرام ” ڈپلو میٹک انکلیو “ میں گفتگو

اسلام آباد (انٹر ویو :ملک منظور احمد،تصاویر :نکلس جان) پاکستان میں تعینات مراکش کے سفیر محمد کرمون نے کہا ہے کہ مراکش سی پیک منصوبے کی مکمل حمایت کرتا ہے اور مستقبل میں اس منصوبے کا حصہ بن سکتا ہے ،پا کستان کا افغان امن عمل میں کردار کلیدی ہے اور پا کستان کے بغیر افغانستان میں امن کا حصول ممکن نہیں ہے مسلمان ممالک کو مغرب میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہونا ہو گا اور دنیا میں مسلمانوں کا امیج بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے جس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔مغربی میڈیا نے دنیا بھر میں پا کستان کا منفی امیج قائم کر رکھا ہے جس کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں ہے پا کستانی میڈیاکو پا کستان کا منفی تاثر زا ئل کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرنا ہو گا ۔پا کستان سیا حت کے لیے محفوظ ملک ہے دنیا بھر سے سیاحوں کو پا کستان کا رخ کرنا چاہیے پا کستان کی نئی حکومت کی سیاحوں کو پا کستان کی طرف راغب کرنے کے لیے اقدامات مثبت ہیں پا کستان اور مراکش کے درمیان دو طرفی تجارتی اور دفاعی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے امید ہے کہ پا کستان اور مراکش کے درمیان براہ راست پروازوں کا سلسلہ جلد شروع ہو گا ۔انھوں نے ان خیالات کا اظہار چینل فائیو کے پروگرام ڈپلومیٹک انکلیو میں خصوصی انٹر ویو دیتے ہوئے کیا ایک سوال کے جواب میں محمد کرمون نے کہا کہ مجھے پا کستان آئے ہوئے دو سال سے زائد کا عرصہ ہو گیا پا کستان ایک بہت ہی خوبصورت ملک ہے پا کستان کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں مراکش کے لوگ بھی پاکستانیوں کی طرح مہمان نواز ہیں ہماری کئی قدریں مشترک ہیں،مراکش اور پا کستان کئی شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں دونوں ممالک کے درمیان اچھے سیاسی تعلقات کے ساتھ ساتھ اسلامی اقدار بھی مشترک ہیں ۔پا کستان میں سیاحت کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے مراکش کے سفیر کا کہنا تھا کہ میں پا کستان میں اسلام آباد کے مختلف علاقوں کے علاوہ ،پشاور ،کوہاٹ ،سوات ہنزہ ،اور گلگت کے علاقوں میں بھی جا چکا ہوں یہ بہت ہی خوبصورت علاقے ہیں اور ان علاقوں میں سیا حت کے حوالے سے بہت صلاحیت موجود ہے جب آپ کسی بھی ملک میں سفیر تعینات ہوتے ہیں تو آپ کی ذمہ داری میں اس ملک کے کلچر سے شناسائی بھی شامل ہوتی ہے یہ بھی کسی بھی سفیر کے لیے بہت اہمیت کا حامل امر ہوتا ہے ۔گزشتہ سال 12ملین سیاحوں نے مراکش کا دورہ کیا اور 2020ءتک ہمارا ہدف 21ملین سیاحوں کو مراکش لانے کا ہے سیاحت کا مراکش کی معیشت میں ایک اہم کردار ہے اور یہ ہماری قومی آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے ۔ہم مراکش سے زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو پا کستان کی طرف بھی راغب کرنا چاہتے ہیں تاکہ لوگ خود پا کستان آکر دیکھ سکیں کہ پا کستان میں درصل وہ حقیقت نہیں ہے جو کہ پیش کی جاتی ہے ۔مغربی میڈیا میں پا کستان سے متعلق بہت ہی منفی امیج پیش کیا جاتا ہے لیکن جب باہر سے لوگ خود پا کستان آکر اصل صورتحال کا جائزہ لیں گے تو واپس اپنے وطن جاکر پا کستان کے سفیر کی حیثیت سے پا کستان کی اصل تصویر دنیا کے سامنے پیش کریں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ میں پا کستان کی موجودہ حکومت کی سیاحوں کے حوالے سے پالیسی سے مطمئن ہوں یہ درست سمت میں حکومت کا اچھا فیصلہ ہر ملک کے دروازے بیرونی دنیا کے لیے کھلے رہنے چاہئے جتنے زیادہ سیاح آپ کے ملک کا دورہ کریں گے اتنا ہی ملک کا ایف ڈی آئی بھی بڑھے گا مراکش پا کستان کی اوپن ڈور پالیسی کی حمایت کرتا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مراکش کے پا کستان کے ساتھ سفارتی تعلقات 1958ءسے چلے آرہے ہیں لیکن اس سے قبل پا کستان نے مراکش کی تحریک آزادی کے ممبران کو کو 1952ءمیں دنیا کے سامنے اپنا کیس لڑنے کے لیے اپنے پا سپورٹ فراہم کیے تھے یہ پا کستان کی طرف سے مراکش کے لوگوں کے لیے ایسی مدد تھی جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔ایک سوال کے جواب میں مراکش کے سفیر نے کہا کہ پا کستان اور مراکش کے درمیان تجارت کم ترین سطح پر ہے ہمیں اس پر توجہ دینے اور تجارتی حجم کو فوری طور پر بڑھانے کی ضرورت ہے 2017ءمیں پا کستان مراکش بزنس کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہمیں امید ہے کہ اس فورم کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان تجارت میں اضافہ ہو گا پا کستان اور مراکش کے درمیان موجودہ تجارتی حجم 1ارب ڈالر ہے جو کہ بہت ہی کم ہے مراکش کا نجی شعبہ اس وقت پاکستان میں فوجی فرٹییلائزر کمپنی کے ساتھ تجارت کر رہا ہے مراکش میں فاس فیٹ کے وسیع زخائر موجود ہیں مراکش پا کستان کی توانائی کے شعبے میں بھی مدد کر سکتا ہے مراکش سول اور ہوا سے پیدا ہونے والی توانا ئی میں بہت مہا رت رکھتا ہے ہمارا ہدف ہے کہ 2020ءتک سولر انرجی 2ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کریں اس کے ساتھ ونڈ انرجی سے بھی 2ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا ہدف ہے اس شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھایا جا سکتا ہے ۔سی پیک سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے مراکش کے سفیر نے کہا کہ مستقبل میں مراکش بھی سی پیک کے منصوبے کا حصہ بن سکتا ہے چین کے صدر شی نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ شروع کر رکھا ہے اور سی پیک بھی اس منصوبہ کا اہم حصہ ہے بیلٹ اینڈ روڈ کے تحت منصوبے افریقہ میں بھی جاری ہیں جن کے اثرات مراکش تک بھی آئینگے مراکش جغرافیائی لحاظ سے افریقی کا اہم ترین ملک ہے اور یورپ کے بہت قریب ہے مراکش گیٹ وے ٹو یورپ ہے ، اس کے ساتھ ساتھ تجارتی اور معاشی لحاظ سے مراکش کا ساوتھ سا وتھ تعاون میں بھی کلیدی کردار ہے ۔حکومت پا کستان نے لک Look))افریقہ کے نام سے بھی ایک کانسپٹ پیش کیا ہے جس کے تحت افریقی ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کی بات ہو رہی اور ان ممالک میں بھی مراکش کو اہم حیثیت حاصل ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ افریقی یونین 54ممالک پر مشتمل ایک تنظیم ہے مراکش بھی اس کاحصہ ہے پا کستان کا مراکش اور افریقہ سے فاصلہ بہت طویل ہے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کی سہولت بھی موجود نہیں ہے لیکن یہ بات آجکل کے ٹیکنالوجی کے دور میں بہانے کے طور پر استعمال نہیں ہونی چاہیے ٹیکنالوجی نے رابطوں کو تیز ترین بنا دیا ہے اور دنیا کو ایک گلوبل ولیج کی شکل دے دی ہے ۔جب ہمارا پا کستان کے ساتھ وزارتی سطح پر کمیشن کا اجلاس ہوا تو وہاں پر دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فضائی رابطے بڑھانے کی بات کی گئی اور ہمیں پا کستان حکومتی عہدے داروں نے یقین دلایا کہ اس سلسلے میں جلد پیش رفت ہوگی مجھے امید ہے کہ مستقبل میں پا کستان اور مراکش کے درمیان براہ راست پر وازوں کا سلسلہ شروع ہو جاے گا ۔مغربی دنیا میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے حوالے سے مراکش کے سفیر کا کہنا تھا کہ امریکہ میں نائن الیون کے واقعے کے بعد مغرب میں اسلامو فوبیا میں اضا فہ ہوا دنیا میں 57 اسلامی ملک موجود ہیں اور آو آئی سی کا پلٹ فارم بھی موجود ہے تمام مسلمانوں کو ا و آئی سی کے پلیٹ فارم کے تحت متحد ہو نا ہو گا مغرب میں اسلام کا امیج بہتر بنانے کی ضرورت ہے مغرب والے اسلام کو نہیں سمجھتے انھوں نے صرف اسلام کا نام سن رکھا ہے آجکل مغرب کے سکولوں میں اسلام سے متعلق پڑھایا جا رہا ہے جو کہ ایک مثبت قدم ہے مراکش میں ہم نے آئمہ کی تربیت کے لیے ایک ادارہ قائم رکھا ہے جو کہ انھیں اسلام کا صیح تصور عوام تک پہنچانے میں کی تربیت دیتا ہے اس ادارے میں تربیت کے لیے دیگر افریقی ملکوں کے ساتھ ساتھ ،فرانس ،جرمنی ،اسپین اور دیگر یورپی ملکوں سے بھی امام تربیت کے لیے آرہے ہیں اور اس ادارے کا فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے جس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے ہمیں بطور مسلمان یہ پیغام دنیا تک پہنچانا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ مجھے پا کستان میں رہتے ہوئے 2سال سے زائد کا عرصہ ہو گیا ہے پا کستان میں سیکورٹی صورتحال بہت بہتر ہے میں آپ بازاروں اور گلیوں میں بھی گھوم پھر سکتے ہیں ڈر کی کوئی بات نہیں ہے پا کستان کا بیرونی دنیا میں امیج بہتر بنانے کی ضرورت ہے میڈیا کا اس حوالے سے کردار کلیدی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں اور ان شعبوں میں پا کستان کی مدد بھی کر سکتے ہیں مراکش کا کلچر کے حوالے سے بھی پا کستان کے ساتھ تعاون رہتا ہے کچھ پا کستانی فنکاروں نے مراکش میں صوفی فیسٹول میں بھی شرکت کی تھی اس سلسلے کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے پا کستان میں الیکشن کے بعد سے حالات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں ۔دفاع کے شعبے میں پا کستان اور مراکش کے درمیان کوئی ہائی لیول تعلقات نہیں ہیں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ایک سوال کے جواب میں محمد کرمون نے کہا کہ مراکش میں پا کستانی بڑی تعداد میں مقیم نہیں ہیں لیکن گزشتہ چند سالوں سے پا کستانی سیا حوں کی مراکش آمد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے ۔افغان امن عمل کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے مراکش کے سفیر نے کہا کہ پا کستان کا اس خطے میں اہم کردار ہے پا کستان کی وجہ سے ہی افغان امن مذاکرات کا عمل آگے بڑھ رہا ہے دوحا پرا سیس میں بھی پا کستان کا کلیدی کردار ہے پا کستان کے بغیر پر امن افغانستان کی منزل حاصل نہیں کی جاسکتی ۔ایک سوال کے جواب میں مراکش کے سفیر کا کہنا تھا کہ ا و آئی سی کا پہلا اجلاس 1969ءمیں مرا کش میں ہی منعقد ہوا تھا ا و آئی سی کا بنیادی مقصد اسلام اور اسلامی ملکوں اور ان کی عوام کی حفاظت تھا ہمیں اس مقصد کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا مراکش کی معیشت مضبوط بنیادوں پر استوار ہے اور معاشی میدان میں مراکش نے کئی اہم کامیابیاں حاصل کیں ہیں عالمی بینک نے کاروباری آسانی کے حوالے سے مراکش کو دنیا میں 60پوزیشن پر رکھا ہے ہمارا ہدف کا روباری آسانی کے حوالے سے پہلے 50ملکوں میں شامل ہو نا ہے معروف جریدے financialٹائمز نے ایف ڈی آئی کے حوالے سے مراکش کو بہترین ملک قرار دیا ہے ۔مراکش ٹیکسٹائل ،آٹو انڈسٹری ،زراعت سمیت کئی شعبوں میں مہارت رکھتا ہے اور پا کستان کی مدد کر سکتا ہے ۔پروگرام کے آخر میں پا کستانی عوام کے نام پیغام دیتے ہوئے محمد کرمون کا کہنا تھا کہ مراکش بھائی چارے اور امن و سلامتی پر یقین رکھنے والا ملک ہے مراکش ایک اوپن ملک ہے پا کستان اور مراکش کے عوام کے درمیان کئی قدریں مشترک ہیں، ہم پاکستانی عوام اور مراکش کے عوام کے درمیان باہمی روابط اور مراکش میں پا کستانی سیاحوں کی تعداد میں اضافے کے خواہش مند ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain