All posts by Faisal Khan

نظامِ شمسی سے باہر دریافت شدہ سیاروں کی تعداد 5000 سے زیادہ ہوگئی

پیساڈینا، کیلیفورنیا: ہماری وسیع و عریض کائنات میں ان گنت کہکشائیں، اربوں سورج اور دیگر حیرت انگیز اجسام موجود ہیں۔ نظامِ شمسی سے باہر ایسے کئی سیارے بھی موجود ہیں جنہیں ایگزوپلانیٹ کہا جاتا ہے اور اب ان کی گنتی 5000 تک جاپہنچی ہے۔

لیکن اب بھی کروڑوں اربوں ایسے سیارے موجود ہیں جو شاید ہماری زمین جیسے بھی ہوسکتے ہیں اور ان کی دریافت اور شناخت کا کام ابھی باقی ہے۔

اس ہفتے ماہرینِ فلکیات نے اعلان کیا ہے کہ کچھ عرصہ قبل کیپلر خلائی دوربین سے دیکھے گئے 65 اجسام کو سیاروں کا درجہ دیا گیا  ہے جس کے بعد ان کی تعداد 5005 تک پہنچ چکی ہے جو ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ان میں پانچ سیاروں کا ایک مجموعہ بھی ہے جو کے ٹو 384 نامی سرخ بونے ستارے کے گرد گھوم رہے ہیں۔

ماہرین نے بعض سیاروں کو سپر ارتھ اور منی نیپچون کا نام بھی دیا ہے اسی طرح نظامِ شمسی کے مشتری جیسے دیوہیکل سیارے بھی ملے ہیں۔ لیکن اس کیٹلاگ میں 30 فیصد مشتری اور زحل جیسے بڑے سیارے ہیں، کچھ برفیلے نیبچون اور یورینس کی طرح ہیں اور کچھ ٹھوس پتھریلے سیارے ہیں جنہیں سپر ارتھ کا نام دیا گیا ہے۔ ہماری زمین اور مریخ جیسے سیارے بہت کم ملے ہیں۔

1992 میں پہلا سیارہ دریافت ہوا تھا۔ پھر 2009 میں کیپلر دوربین سے سیاروں کی تعداد تیزی سے بڑھی اور اس نے کل 60 فیصد سے زائد سیارے ڈھونڈنے میں ہماری مدد کی۔ اس کے بعد ٹی ای ایس ایس دوربین نے سیاروں کی شناخت و دریافت کو گویا پر لگادیئے۔

لیکن ناسا میں ایگزوپلانیٹ کا شمار رکھنے والی ماہر جیسی کرسچیان سن کہتی ہیں کہ 5000 میں سے 4900 ہماری زمین سے چند ہزار نوری میل کے فاصلے پرموجود ہیں۔ ’ اگر ہم اطراف میں ہی اس چھوٹے سے رقبے کی بات کریں تو اندازہ ہے کہ وہاں 100 سے 200 ارب مزید سیارے مل جائیں گے اور وہ ہمارا ہوش اڑانے کے لیے کافی ہیں،‘ جیسی نے کہا۔

ماہرین پرامید ہیں کہ نینسی گریس رومن اسپیس ٹیلی اسکوپ اس کام میں مزید مدد کریں گے اور جیمز ویب خلائی دوربین سے بھی دوردراز کائناتی گوشوں میں مزید نئے سیارے مل سکیں گے۔

روس کا مغربی مخالفت کے باوجود جی-20 سمٹ میں شرکت کا ارادہ

جکارتہ: انڈونیشیا میں روسی سفیر نے کہا ہے کہ صدر ولادیمیر پوٹن جی-20 کے سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کی میزبانی اس سال انڈونیشیا کر رہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق لیوڈملا ووروبیفا نے کہا کہ پوٹن کی جی-20 میں شرک کا انحصار بہت سی چیزوں پر ہوگا بشمول کورونا کی صورتحال جو کہ بہتر ہو رہی ہے تاہم اجلاس میں شرکت کے حوالے سے اب تک ان کا ارادہ مصمم ہے۔

روسی سفیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ صرف G-20 ہی نہیں، بہت سی مغربی تنظیمیں اب روس کو ہر پلیٹ فارم سے بےدخل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ مغرب کا یہ ردعمل بالکل غیرمنصفانہ ہے۔ روس کو اقتصادی فورم سے نکالنے سے عالمی معاشی مسائل اور پیچیدہ ہوجائیں گے۔

ووروبیفا نے انڈونیشیا کی “مضبوط اور غیرجانبدارانہ پوزیشن” کی بھی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ انڈونیشیا ہرگز مغربی دباؤ میں نہ آئے۔

واضح رہے کہ انڈونیشیا کے روس کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں اور انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدوڈو نے حال ہی میں ایک جاپانی نیوز میگزین نکی ایشیا کو بتایا کہ وہ جنگ بندی کی حمایت کرتے ہیں تاہم روس پر اقتصادی پابندیوں کو ایک غیرموثر تدبیر کے طور پر دیکھتے ہیں۔

بھارت میں مسلم خواتین کی آن لائن نیلامی، تیسرا ملزم بھی گرفتار

بھارت میں مسلم خواتین کی آن لائن نیلامی کیس میں ممبئی کرائم برانچ نے ایک اور ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔

بھارت میں کچھ روز قبل ایک مسلمان خاتون صحافی کی تصویر ’بلی بائی‘ نامی ایپ پر ڈال کر وائرل کی گئی تھی جس پر لکھا گیا تھا ’ یور بْلی بائی آف دے ڈے از عصمت آرا‘‘ اور نیچے ان کی تصویر بھی موجود تھی جس پر نامور بھارتی لکھاری اور شاعر جاوید اختر سمیت درجنوں لوگوں نے مودی سرکار پر تنقید کی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کرائم برانچ کے سائبر سیل نے مسلم خواتین کی آن لائن نیلامی میں ملوث ایک اور ملزم کو ریاست اتراکھنڈ سے گرفتار کیا۔ 21 سالہ میانک راوات بارھویں جماعت کا طالب علم ہے جو مسلمان خواتین کی تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرنے میں ملوث تھا۔

اس سے قبل ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی پولیس کی جانب سے 100 سے زائد مسلمان خواتین کی آن لائن نیلامی کرنے والی ویب سائٹ کو بند کرکے اور اس میں ملوث 21 سالہ نوجوان وشال کمار کو حراست میں لے لیا ہے جس کا تعلق بنگلور سے بتایا گیا ہے۔

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ ہم نے اس کیس میں اب تک 3 ملزمان کو حراست میں لیا ہے اور اس کیس میں ایک لڑکی بھی ملوث ہے جس کی عمر 18 سال ہے۔ اترپردیش کی شیوتا سنگھ کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔ دراصل یہ تینوں ملزمان ایک بہت بڑی ٹیم کا حصہ ہیں اور صرف یہ تینوں متعدد ٹوئٹر اکاؤنٹس  پر ’متنازعہ مواد‘ اپ لوڈ کرررہے تھے۔

بھارت میں ایسا پہلی بار نہیں ہوا جب مسلم خواتین کی آن لائن نیلامی کی گئی ہو، گزشتہ سال بھی ’’سْلی ڈیلز‘‘ نامی ایپ بنائی گئی تھی جس کا مقصد مسلمان خواتین کو نشانہ بنانا تھا اور ان ویب سائٹ کا مقصد مسلم خواتین کو ہراساں و پریشان کرنا ہے۔

خیبر پختون خوا میں اومیکرون کے پہلے کیس کی تصدیق

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پہلے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق جس مریض میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کی تشخیص ہوئی ہے وہ مانسہرہ میں ہے اور راولپنڈی کا رہائشی ہے۔

ترجمان کے مطابق متاثرہ شخص اور علاقے کو قرنطینہ کرلیا گیا ہے، علاقے میں کنٹیکٹ ٹریسنگ کے لئے اضافی ٹیمیں تفویض کی گئی ہیں۔

 ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ مانسہرہ میں ویکسی نیشن کی شرح مزید بڑھانے کیلئے بھی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ اومیکرون سے نمٹنے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں، اومیکرون کو زیر کرنے کیلئے ویکسی نیشن واحد حل ہے۔

ملک بھر میں عالمی وبا کورونا اور نئے ویرینٹ اومیکرون کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔  این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے کیسز مثبت آنے کی شرح 1.8 فیصد پر پہنچ چکی ہے۔

کورونا کیسز کی صورتحال

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اب کورونا سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 28ہزار950 ہوگئی ہے۔

این سی اوسی کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 49 ہزار 673 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے کورونا کے مزید 898 کیسز مثبت نکلے۔

 ملک میں کورونا کے کیسز مثبت آنے کی شرح 1.8 فیصد پر پہنچ چکی ہے۔

اومیکرون کی صورتحال

اسلام آباد میں اومیکرون کے کیسز

اسلام آباد میں اومیکرون کے کیسز میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ضلعی محکمہ صحت نے مزید 23 افراد میں اومی کرون کی تصدیق کی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں اومیکرون کے 23 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

متاثرہ تمام افراد کو اومیکرون ٹیسٹ مثبت آنے پر قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

ڈی ایچ او ڈاکٹر زعیم نے بتایا کہ مزید نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اسلام آباد میںاومیکرون کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 141 ہوگئی ہے۔

کراچی میں اومیکرون کے کیسز

شہرقائد میں عالمی وبا کورونا کی ممکنہ پانچویں لہر کے پیش نظر نئے ویرینٹ اومیکرون کے مشتبہ کیسز میں بتدریج اضافہ جاری ہے۔

ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال کے پروفیسرسعید خان  کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ اب تک کراچی میں 54 کیسز کی تصدیق کی گئی جبکہ کیسز سینکڑوں کی تعداد میں رپورٹ ہورہے ہیں۔

اومیکرون کی لاہور میں انٹری

کورونا وائرس کی خطرناک قسم اومیکرون کی لاہور میں انٹری ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں کورونا وائرس کی قسم اومیکرون کا 12 کیس سامنے آگئے، لاہور سے رپورٹ ہونے والے 7 مریضوں کا تعلق لاہور جبکہ 5 کا ڈیفنس سے ہے۔

واضح رہے کہ 23 دسمبر کو مریضوں کے نمونے لئیے گئے تھے۔

اومیکرون وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیلنا شروع ہو گیا ہے، اسد عمر

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اومیکرون کے پھیلنے کی رفتار بہت تیز ہے ، ابھی تک کسی نے ویکسی نیشن نہیں کروائی تو فوری ویکسی نیشن کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔

اسد عمر نے مزید کہاکہ اومیکرون جنوبی افریقہ سے پھیلنا شروع ہوا ، عوام ماسک پہنیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔

قازقستان: پیٹرول مہنگا کرنے کیخلاف عوام کا احتجاج، صدر نے کابینہ برطرف کردی

قازقستان کے صدر نے ملک میں جاری احتجاج کے باعث کابینہ کو برطرف کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق قازقستان کے صدر قاسم جومارت نے کابینہ کو برطرف کرکے ملک کے سب سے بڑے شہر الماتے میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قازقستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شدید احتجاج کیا جارہا تھا جس کے بعد صدر نے کابینہ کو برطرف کیا اور وزیراعظم کا استعفیٰ بھی منظور کرلیا ہے جب کہ صدر نے قائم مقام کابینہ کو فوری طور پر ایل پی جی کی قیمتیں بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس کے علاوہ صدر نے قائم مقام کابینہ کو حکم دیا کہ وہ پیٹرول، ڈیزل اور عام شہریوں کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے اپنا دائر کار بڑھائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ رات الماتے میں پولیس اور ہزاروں مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا جس میں مظاہرین نے حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا، پولیس اور مظاہرین کے تصادم کے بعد صدر نے کابینہ کو برطرف کیا۔

پولیس اور مظاہرین کے تصادم میں پولیس نے آنسو گیس اور اسٹن گرینیڈ کا بھی استعمال کیا۔

قازقستان میں کشیدہ صورتحال کے باعث میسنجر ایپلی کیشن، ٹیلی گرام اور واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کو بند کردیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں فوج تعینات کرنےکا فیصلہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبرپختونخوا میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق فوج پولیس کے ساتھ ساتھ پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات کی جائے  گی جبکہ خیبرپختونخوا میں ری پولنگ کے دوران بھی فوج تعینات کی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کی امن وامان قائم رکھنےمیں ناکامی پرفوج تعینات کرنےکافیصلہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق فوج کی تعیناتی سے متعلق وزارت دفاع کو مراسلہ بھی تحریرکردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پرتشدد واقعات میں ملوث اور ذمہ داروں کے خلاف ضروری قانونی کارروائی ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پشاورمیں پولنگ اسٹیشنز پر بیلٹ پیپرز پھاڑنے کی ویڈیو دکھائی گئی، بیلٹ بکس توڑنے،پولنگ اسٹاف کوزدوکوب کرنے کی بھی ویڈیو دکھائی گئی جبکہ ویڈیو میں دو سے تین پولیس اہلکارتھےجومحض تماشائی بنےہوئےتھے۔

الیکشن کمیشن نےصوبائی حکومت کےامن وامان قائم رکھنےکی ناکامی کا سخت نوٹس لے لیا اور کہا کہ جوپلان الیکشن کمیشن کودیاگیا اس کے مطابق پولیس تعینات نہیں تھی۔

تیاری رکھنا، حساب کتاب کا وقت آن پہنچا: مریم کا وزیراعظم کے بیان پر ردعمل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فنڈنگ کی پڑتال سے متعلق بیان پر رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم کی ٹوئٹ پر ردعمل میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ 7 سال سے بذریعہ دھونس اور طاقت کیس چلنےکیوں نہیں دیا؟ کیوں اتنے سال رپورٹ جاری نہ کرنے کی منتیں کرتے رہے؟

ان کا کہنا تھاکہ لوگوں کو پاگل سمجھ رکھا ہے کہ جو بولو گے لوگ مان جائیں گے؟ تیاری رکھنا، حساب کتاب کا وقت آن پہنچا ہے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھاکہ ابھی تو صرف رپورٹ سامنے آئی ہے اور آپ کے پول کھل گئے ہیں، سوچو جب جواب دینا پڑا کہ کس کس سے پیسے وصول کیے اور کہاں کہاں خرچ کیے؟ ملازموں کے اکاؤنٹس کے ذریعے ہیر پھیر کیا اور واردات انجام دی۔

انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ چوری، فراڈکے مرتکب ہوئے، صادق اور امین کےالفاظ کی توہین کےمجرم بھی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کی تفصیلات سامنے آئی تھیں جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کے بینک اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے، الیکشن کمیشن میں عطیات سے متعلق غلط معلومات فراہم کیں۔

اس پر وزیراعظم نے بیان میں کہا کہ  پی ٹی آئی فنڈنگ پرالیکشن کمیشن کی جانچ پڑتال کا خیرمقدم کرتا ہوں،  پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی بھی پی ٹی آئی کی طرح فنڈنگ کی جانچ پڑتال کے منتظر ہوں۔

فلم ’پرے ہٹ لو‘نے بھارت میں عالمی ایوارڈ جیت لیا

پاکستانی اداکار شہریار منور اور مایا علی کی فلم ’پرے ہٹ لو‘عالمی ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔

بھارت میں منعقد ہونے والے ساؤتھ ایشیاء فورم فار آرٹ اینڈ کرئیٹو ہیریٹیج کی تقریب میں عاصم رضا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم پرے ہٹ لو ایوارڈ حاصل کرلیا ۔

ہدایتکار عاصم رضا نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ یہ خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ میری فلم پرے ہٹ لو میں اداکاری کرنے والی دنیا کی سب سے حیرت انگیز ٹیم کو مبارک ہو۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ میں نے آپ کے ساتھ فلم تخلیق کی۔

مصطفیٰ کمال کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے پریس کانفرنس بھی کی۔

پریس کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان نےکہا کہ عمران خان کا پورا  ٹبر چور ہے، پرویز رشید ، مریم نواز کی ریکارڈنگ کیوں کی گئی؟کون کر رہا ہے؟ چھپ کر کسی کی کال ریکارڈ  کرنا درست نہیں۔

مولانا فضل الرحمان نےکہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے قانون سازی کے حوالے سے افواہیں گشت کر رہی ہیں، ملک کو آئین کے مطابق چلانےکی ضرورت ہے، چاروں صوبوں میں آئین کے مطابق فیصلے ہونے چاہئیں، جو باتیں مصطفٰی کمال نےکیں اس پر غوروفکر کریں گے۔

مصطفٰی کمال کا کہنا تھا کہ پاک سر زمین پارٹی اور جمیعت علمائے اسلام کی ایک سوچ ہے، ملک کو آ ئین و قانون کے مطابق چلنا چاہیے،  پی ایس پی مولانا صاحب اور  ان کی جماعت کے سیاست میں کردارکا احترام کرتی ہے۔

مصطفٰی کمال نےکہا کہ وفاق سے فنڈز لےکرصوبائی حکومتیں نچلی سطح پر مہیا نہیں کر رہیں۔

ظاہر جعفرکے ذہنی مریض ہونےکا جائزہ لینےکیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینےکی درخواست مسترد

نور مقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفرکے ذہنی مریض ہونےکا جائزہ لینے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینےکی درخواست کو مستردکردیا گیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں نور مقدم قتل کیس کی سماعت ایڈیشنل اینڈ سیشن جج عطا ربانی کی عدالت میں کی گئی۔

 دوران سماعت استغاثہ کے گواہ کمپیوٹر آپریٹر مدثر کے بیان پر وکلا نے جرح مکمل کی،  ملزم کے وکیل اکرم قریشی نے عدالت میں ویڈیو  چلانے سے پہلے غیر متعلقہ افراد کو کمرہ عدالت سے باہر نکالنے کی استدعا کی جس کو منظور کرتے ہوئے عدالت نے غیر متعلقہ وکلا اور میڈیا کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا۔

 مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو پاگل قرار دینے کی درخواست پر وکیل مدعی مقدمہ شاہ خاور نے جرح کرتے ہوئے کہا کہ مختلف اوقات میں ظاہر جعفر ریمانڈ اور ٹرائل کے لیے عدالتوں میں پیش ہوتا رہا، جب ملزم پر فرد جرم عائد ہوا  تو دیگر ملزمان نے دستخط کیے لیکن مرکزی ملزم نے نہیں کیے، ٹرائل اختتام پذیر ہونے پر مرکزی ملزم کی جانب سے درخواست دی گئی۔

 پبلک پراسیکیوٹر حسن عباس نے عدالتوں کے حوالہ جات پیش کرتے ہوئےکہا کہ ظاہر جعفر کی درخواست جس وکیل نے دائرکی وہ اسٹیٹ کونسل ہیں جس کی وجہ سے درخواست  قابل سماعت ہی نہیں، نجی سکول میں مرکزی ملزم بچوں کی کونسلنگ کرتا رہا ہے۔

 پبلک پراسیکیوٹر حسن عباس اور وکیل مدعی مقدمہ شاہ خاور نے مرکزی ملزم ظاہرجعفر کے میڈیکل بورڈ کی درخواست کو مسترد کرنےکی استدعا کی، عدالت نے آج ہی فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

بعد ازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے  ہوئے  مرکزی ملزم کے ذہنی مریض ہونےکا جائزہ لینےکے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینےکی درخواست کو  مسترد کردیا۔

عدالت نے نور مقدم قتل کیس کی سماعت 15 جنوری تک ملتوی کردی۔