Tag Archives: benzir.jpg

بے نظیر قتل میں بری ہونیوالوں بارے جامع رپورٹ،دیکھئے خبر

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) عدالت نے اڈیالہ جیل میں بے نظیر بھٹو قتل کیس کا تہلکہ خیز فیصلہ سنا دیا ہے جس میں ڈی آئی جی سعود عزیز اور ایس پی راول ٹاﺅن خرم شہزاد کو 17,17سال قیدکی سزا سنائی گئی جبکہ سابق صدر پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔ عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں گرفتار پانچ ملزموں کو بری کردیا جن میں رفاقت،حسنین ،اعتزاز شاہ، شیر زمان اور رشید اعوان کے نام شامل ہیں۔ ان افراد کو نو سال قبل سی ٹی ڈی پنجاب نے گرفتار کیا تھا کیونکہ ان پر الزام تھا کہ بے نظیر بھٹوکے قتل سے قبل ان افراد نے دہشت گردوں کے لیے سہولت کاری کا کام کیا تھا، ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ یہ افراد خود کش حملہ آورکو موقع واردات پر لے کر آئے تھے، انہوں نے دہشت گردوں کو سہولت اور رہائش بھی دی تھی تاہم عدالت میں ان پر لگائے گئے الزامات کے شواہد پیش نہ کیے جا سکے اور نہ ہی ان افراد پر کچھ ثابت ہو سکا جس کے بعد عدالت نے انہیں بری کردیا ۔

بینظیر قتل کیس بارے اب تک کی سب سے بڑی خبر

 راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نمبر ایک نے پراسیکیوٹرز کو کل سے حتمی بحث شروع کرنے کا حکم  دیا ہے۔ جج اصغر خان نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کیس میں مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔یاد رہے کہ بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 کو سہ پہر کے وقت راولپنڈی کے تاریخی گراؤنڈ لیاقت باغ میں قتل کردیا گیا تھا۔ ان کے ساتھ پاکستان پیپلزپارٹی کے 23 کارکن بھی جاں بحق اور 117 زخمی ہوئے تھے۔ بے نظیر بھٹو کے قتل کا مقدمہ سماعت کے لیے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں گیا۔ آٹھ سال میں اس مقدمے کی سماعت کرنے والے 7 جج تبدیل ہوئے اور 3 مدت ملازمت مکمل کرکے ریٹائر ہوگئے، مگر کوئی بھی اس کیس کی سماعت مکمل نہ کر سکا۔