Tag Archives: Eid Day

ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جو ش و جذبے سے منائی گئی

لاہور‘ اسلام آباد‘ کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبہ اور عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ دن کا آغاز ملک کی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعاﺅں سے ہوا۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں کھلے مقامات، مساجد اور عیدگاہوں میں عیدالفطر کے اجتماعات ہوئے جن میں لاکھوں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ علماءکرام نے عیدالفطر کے اجتماعات میں عیدالفطر کی اہمیت کو اجاگر کیا اور معاشرہ کے غریب و مستحق طبقات کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ رواں سال سانحہ پارا چنار اور احمد پور شرقیہ نے قوم کو سوگوار کر دیا اور سادگی سے عید منائی گئی۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں سوموار کو عیدالفطر کے اجتماعات میں لاکھوں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ عیدالفطر کے بڑے اجتماعات تاریخی بادشاہی مسجد‘مسجد دربار حضرت علی ہجویریؒ ‘مسجد وزیر خان‘ شالیمار باغ‘ یونیورسٹی گراﺅنڈ ‘مرکزی عیدگاہ‘جامعہ اشرفیہ‘جامعہ نعیمہ سمیت متعددمقامات پر ہوئے۔ عیدالفطر کے موقع پرمساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی جبکہ بڑی عیدگاہوں پر نمازیوں کو واک تھرو گیٹس سے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔عیدالفطر کے موقع پر اہم عوامی مقامات، تفریح گاہوں اور پارکوں کے باہر بھی پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی 500 سے زائد جامعہ مساجد اور امام بارگاہوں میں عیدالفطر کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے بھی فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی۔ عیدالفطر کی نماز کیلئے اسلام آباد کے تمام سیکٹرز اور دیہی علاقوں کی جامعہ مساجد اور امام بارگاہوں میں صبح ساڑھے 6 بجے سے ساڑھے 7 بجے کے دوران کے مختلف اوقات مقرر کئے گئے تھے۔ سکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر اس مرتبہ کھلے مقامات پر نماز عید کی ادائیگی کی اجازت نہیں تھی۔ عیدالفطر کی ادائیگی کے موقع پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور مختلف چوک چوراہوں اور عیدگاہوں اور تجارتی مراکز کے گرد و نواح سکیورٹی انتہائی چوکس تھی۔ راولپنڈی میں بھی عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام اور جوش وجذبے سے منائی گئی ۔دن کا آغاز عید کے خصوصی خطبات سے کیا گیا جن میں امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت پرزور دیا گیا اور ملکی ترقی و خوشحالی کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔ راولپنڈی میں عید کے بڑے اجتماعات عیدگاہ شریف، لیاقت باغ، مرکزی عیدگاہ گوالمنڈی، سپورٹس کمپلیکس لیاقت باغ، میونسپل سٹیڈیم ،صادق آباد ،مدنی مسجد ،خیابان سرسید ،ریلوے گراﺅنڈ ڈھوک حسو،جامعہ اسلامیہ صدر، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اصغر مال اور علی مسجد سیٹلائٹ ٹاﺅن میں منعقد ہوئے ۔کراچی میں بھی عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کئے گئے۔ گورنر سندھ محمد زبیر، ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ، کاروباری و تجارتی شخصیات سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے نماز عید پولو گراﺅنڈ میں ادا کی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد ملک میں امن و امان، خوشحالی اور استحکام کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔ عید الفطر کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔