Tag Archives: justicejavediqbal

احتساب سب کیلئے برابر ہے،احتساب سب کے لئے پالیسی پر سختی سے عملدرآمد ہورہا ہے، چیئرمین نیب

 اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ احتساب سب کے لئے پالیسی پر سختی سے عملدرآمد ہورہا ہے اور بدعنوان عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریوں اور تحقیقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین نیب نے پراسیکیوشن اور آپریشن ڈویژن کی کارکردگی پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ احتساب سب کے لئے پالیسی پر سختی سے عملدرآمد ہورہا ہے اور بدعنوان عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے، قانون کے مطابق تمام شکایات پر کاررائیوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور نیب افسران قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بلاخوف و خطر کام کریں۔سرکاری محکموں کے 5 کروڑ روپے سے زائد کے معاہدوں کی تفصیل جمع نہ کرانے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ تمام محکمے معاہدوں کی کاپی اسکروٹنی و جائزے کے لئے نیب کے دفاتر میں لازمی جمع کرائیں ورنہ ریجنل ڈی جیز  تفصیلات جمع نہ کرانے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کریں۔

چیرمین نیب کا پنجاب حکومت کی 56 کمپنیوں میں اربوں کی کرپشن کی تحقیقات کا حکم

 اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کے چیرمین نے پنجاب حکومت کی 56 کمپنیوں میں اربوں کی کرپشن کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔تفصیلات  کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے پنجاب حکومت کی 56 پبلک لمیٹڈ کمپنیوں میں بدعنوانی اور من پسند بھرتیوں سے متعلق شکایات کا نوٹس لے لیا۔ چیرمین نیب کے مطابق پبلک لمیٹڈ کمپنیوں میں بدعنوانی، وسائل کے بے دریغ استعمال اور پراکیورمنٹ (سامان کی خریداری) میں بے قاعدگیوں سمیت دیگر شکایات مل رہی تھیں۔چیئرمین نیب نے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور کو متعلقہ 56 پبلک لمیٹڈ کمپنیوں کے معاملات کی انکوائری کرنے کا حکم دے دیا۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ہدایت کی کہ نیب کی انکوائری کی وجہ سے کسی بھی کمپنی کو کام سے نہ روکا جائے اور اس وقت تک کام کرنے دیا جائے جب تک ان کے خلاف ثبوت اکٹھے نہ ہوجائیں، اس سلسلہ میں تمام قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی کمپنیوں میں 80 ارب روپے کی میگا کرپشن کیخلاف دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت بھی جاری ہے۔ عدالت نے اس سلسلے میں تمام کمپنیوں کے سربراہوں اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے وضاحت بھی طلب کی ہے۔