Tag Archives: pia

تیل ختم ،پی آئی اے بحران کا شکار

ا سلام آباد ( ویب ڈیسک) قومی ایئرلائن پی آئی اے نے پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او) کو گزشتہ ایک سال سے واجبات کی ادائیگی نہیں کی جس کے باعث پی آئی اے کے اوپر پی ایس او کے 16 ارب روپے واجب الادا ہیں۔پی ایس او ذرائع کے مطابق پی آئی اے اور پی ایس او کے درمیان 16 ارب روپے کے واجبات کی بعد میں ادائیگی لیکن روزانہ ساڑھے تین کروڑ روپے ادا کرنے کی بات ہوئی تھی مگر پی آئی اے کی جانب سے یہ ادائیگی بھی نہیں کی جارہی جس کے باعث پی ایس او نے تیل کی سپلائی جزوی طور پر معطل کردی ہے۔پی ایس او ذرائع کا کہنا ہے کہ وعدے کے باوجود واجبات ادا نہیں کیے گئے، مالی دباو¿ کے سبب بدھ کے روز بھی سپلائی بند کی گئی تھی تاہم مسافروں کی مشکلات کے سبب پوری سپلائی نہیں روک ہے۔دوسری جانب ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق تیل کی عدم فراہمی پر پی آئی اے کی کراچی سے اسلام آباد اور لاہور جانے والی پروازیں تاخیر کا شکارہوگئیں۔ذرائع نے بتایا کہ پی کے 308 کو 3 بجے اسلام آباد سے روانہ ہونا تھا لیکن پرواز 4 بجے کے بعد بھی روانہ نہ ہوسکی جب کہ لاہور جانے والی پرواز پی کے 304 بھی روانہ نہیں ہوسکی اور دونوں پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پی آئی اے طیارے کو حادثہ

ٹورنٹو: کینیڈا کے ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے سے تیل بھرنے والی گاڑی ٹکراگئی جس کے باعث طیارے کو  نقصان پہنچا ہے۔ترجمان قومی فضائی کمپنی مشہود تاجور کے مطابق ٹورنٹوسے لاہور روانگی کے لیے ایئرپورٹ پرطیارے میں تیل بھرنے کے دوران ری فیول گاڑی جہاز کے انجن سے ٹکراگئی۔ گاڑی کی ٹکر سے جہاز کو نقصان پہنچا جسے مرمت کے لیے ہینگر منتقل کردیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے باعث پی کے 798 پرواز 16 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی ہے اور پروازآج رات 9 بجےلاہور کے لیے اڑان بھرے گی۔ طیارے کے مسافروں کو مقامی ہوٹل میں رہائش فراہم کردی گئی ہے اور زحمت پر ادارہ مسافروں سے معذرت خواہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹورنٹوایئرپورٹ پرپی آئی اےکوسروس فراہم کرنی والی کمپنی کوواقعے سے آگاہ کرکے  وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔

3ماہ میں 11ارب خسارے والے باکمال لوگ جن کی ہے لاجواب پرواز

کراچی (خصوصی رپورٹ) قومی ایئرلائن کی انتظامیہ نے گزشتہ برس کی سالانہ رپورٹ تو جاری نہیں کی مگر رواں برس کی پہلی سہ ماہی کی آڈٹ رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ایئرلائن کا مجموعی خسارہ اور ادائیگیوں کا حجم 424ارب 77کروڑ 2لاکھ 21ہزار روپے ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پہلی سہ ماہی کا خسارہ 11ارب 48کروڑ 30لاکھ 3ہزار روپے تھا جبکہ 2016ءکی پہلی سہ ماہی کا خسارہ 6ارب 3کروڑ 86لاکھ 67ہزار روپے تھا۔ اس لحاظ سے دیکھا جائے تو رواں برس ایئرلائن کا خسارہ 44سے 50ارب روپے سالانہ ہو گا کیونکہ اب سال ختم ہونے میں صرف دو ماہ رہ گئے ہیں۔ پی آئی اے کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ رواں برس کی پہلی سہ ماہی کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے جبکہ ششماہی رپورٹ بھی بورڈ کی منظوری کے بعد جلد شائع کر دی جائے گی۔

باکمال لوگوں کی لاجواب پرواز ،چیف کمرشل آفیسر کی تنخواہ

لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ نے پی آئی اے میں بھاری تنخواہوں پر بھرتیوں کے خلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔ مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے ممبر لیگل پی آئی اے ناصر میر کی درخواست پر بطور اعتراض کیس سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پی آئی اے کے بڑے عہدوں پر خلاف ضابطہ اور میرٹ ک ونظرانداز کرکے بھرتیاں کی گئیں، چیف کمرشل آفیسر بلال شیخ کو کنٹریکٹ پر 20 لاکھ تنخواہ جبکہ مستقل افسر کو محض دو لاکھ روپے تنخواہ فراہم کی جا رہی ہے، پی آئی اے کے ہیومن ریسورس کا شعبہ موجود ہونے کے باوجود راحیل کو کنٹریکٹ پر پندرہ لاکھ تنخواہ دی جا رہی ہے، ڈائریکٹر ویجی لینس کی اسامی تخلیق کرکے دس لاکھ تنخواہ پر کنٹریکٹ بھرتی کی گئی، لیگل ڈیپارٹمنٹ کی موجودگی کے باوجود کنٹریکٹ پر پندرہ لاکھ تنخواہ پر ایڈوائزر رکھا گیا ہے، انہوں نے استدعا کی کہ بھاری تنخواہوں پر خلاف قانون بھرتیاں کالعدم قرار دی جائیں۔

ابوظہبی سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز بارے خوفناک خبر۔۔۔

لاہور: پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 296 کا دوران لینڈنگ ہائیڈرولک سسٹم خراب ہوگیا تاہم پائلٹ نے مہارت سے پرواز کو بحفاظت اتار لیا۔ابوظہبی سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 296 خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی۔ ترجمان ایوی ایشن کے مطابق پرواز کی لینڈنگ کے دوران ہائیڈرولک سسٹم خراب ہوگیا اور فضا میں ہی جہاز کے انجن کا کور بھی کھل گیا تاہم پائلٹ نے کمال مہارت سے جہاز کو زمین پر لینڈ کروا دیا۔جہاز کے ہائیڈرولک سسٹم کے خراب ہونے اور فضا میں ہی انجن کور کے کھلنے کی خبر سن کر مسافروں میں خوف کی لہر دوڑ گئی جب کہ لینڈنگ کے دوران جہاز کے زمین پر ٹکرانے سے مسافروں نے کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا اور چیخ و پکار شروع کردی۔ترجمان کے مطابق  لینڈنگ کے بعد جہاز رن وے پر ہی رک گیا جس کے باعث 30 منٹ تک رن وے بند رکھا گیا اور جدید مشینری کی مدد سے جہاز کو رن وے ہٹایا گیا جب کہ جہاز ٹھیک کرنے کے لئے پی آئی اے نے کراچی سے ماہرین کی ٹیم طلب کرلی ہے۔

”باکمال لوگوں کی لاجواب سروس “کے نئے اقدام پر مسافر وں نے سر پکڑ لئے

کراچی (خصوصی رپورٹ) پی آئی اے کرایوں میں دو ہزار روپے کا غیراعلانیہ اضافہ کردیا جس سے مسافروں میں بے چینی پھیل گئی۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ پی آئی اے کے شعبہ ریونیو مینجمنٹ نے لاٹری ٹکٹ کے نام پر کرایوں میں دو ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے اور ان مسافروں کو لاٹری کی ہر ماہ قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹکٹ کو پی آئی اے اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے آج ایک تقریب میں متعارف کرایا جائے گا۔

لندن :پی آئی اے کی لاجواب سروس نے پاکستان کا سر شرم سے جھکا دیا

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی پولیس نے پی آئی اے کے عملے کو کئی گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد رہا کر دیا۔ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ پی آئی اے کے طیارے سے ہیروئین ملی ہے۔ پولیس نے پی آئی اے کے عملے کو ہوٹل نہ چھوڑنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کے پاسپورٹس اپنی تحویل میں لے لئے ہیں۔ پولیس آج پی آئی اے کے عملے سے دوبارہ پوچھ گچھ کرے گی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق، عملے کے چند ارکان کو برطانیہ میں روکے جانے کا امکان ہے۔

لندن ائیر پورٹ پر پی آئی اے عملے کو حراست میں لے لیا ،وجہ انتہائی حیران کن

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی انتظامیہ نے ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والی پی آئی اے کی پرواز کے عملے کو کئی گھنٹوں تک حراست میں رکھ کر طیارے کی مکمل تلاشی لی ہے۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ پر پہنچی، جہاز سے مسافروں کے اترنے کے بعد ائیرپورٹ انتظامیہ نے جہاز کے عملے کو حراست میں لے کر کئی گھنٹے تک تفتیش کی، ذرائع کے مطابق فلائیٹ کو خفیہ اطلاع پر روکا گیا تاہم تلاشی کے دوران عملے اور جہاز سے کچھ برآمد نہیں ہوا جس پر پرواز کو کلیئر کردیا گیا۔

پی آئی کے باکمال افسروں کی لاجواب سروس ،چینی دوشیزہ کو کاک پٹ میں بیٹھا کر پرواز کے مزے

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پی آئی اے کے باکمال افسروں کی لاجواب سروس نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ماضی میں ایسے کئی واقعات ملازمین کی غیر پیشہ وارانہ سرگرمیوں کی قلعی کھولتی رہی ہے اور ایسا ہی ایک اور واقعہ سامنے آیا جس میں دوران پرواز طیارے کا پائلٹ درجنوں مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر ایک چینی دوشیزہ کو کاک پٹ میں لے آیا اور 2 گھنٹے تک راز و نیاز کرتا رہا۔گزشتہ روز ٹوکیو سے بیجنگ جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 853 میں پائلٹ نے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے ہی میں سوار ایک چینی دوشیزہ کو کاک پٹ میں بلاکر بٹھالیا اور دوستی کی پینگیں بڑھاتا رہا، پائلٹ سیکیورٹی کے اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے چینی خاتون سے نا صرف 2 گھنٹے سے زیادہ باتوں میں مصروف رہا بلکہ لینڈنگ کے وقت بھی چینی خاتون کو اپنے ساتھ بٹھائے رکھا اور عملہ کو کاک پٹ سے باہر نکال دیا۔چینی خاتون کو کاک پٹ میں بٹھانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ مسافر کو کاک پٹ میں لے جانا جہاز کو خطرے میں ڈالنے والی بات نہیں لیکن کاک پٹ میں چینی خاتون کو سیر کرانے کے معاملے کی جانچ کی جارہی ہے، جہاز کا عملہ ابھی بھی بیجنگ میں موجود ہے اور واقعہ سے متعلق آگاہی کے لیے عملے سے رابطہ کیا جارہا ہے۔

پی آئی اے کا اپنے مسافر کیلئے نیا نظام

کراچی(ویب ڈیسک) پی آئی اے نے دوران پروازتفریح اورسہولیات کا نیا نظام متعارف کروادیا جس کے تحت ڈومیسٹیک پروازوں میں مفت انٹرنیٹ سہولت بھی متعارف کروادی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائینزکی باکمال انتظامیہ کو اپنے مسافروں کا خیال آنا شروع ہوگیا ہے اوروہ مسافروں کولاجواب سروس کی فراہمی میں دلچسپی لینے لگی ہے، اس کی ایک مثال اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کی تفریح اورسہولیات کا نیا نظام متعارف کرانا ہے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پرائم ڈومیسٹک پروازوں پر آج سے انٹرنیٹ سہولت بھی متعارف کرا دی گئی ہے جس کے بعد نئے سسٹم کے ذریعے مسافر اپنے لیپ ٹاپ، سیل فون اورٹیبلٹ سے منسلک ہوسکتے ہیں۔