Tag Archives: pm pakistan

پاکستانی وزیر اعظم کو وہ اعزاز مل گیا جو آ ج تک کسی اور کو نہ مل سکا

استنبول(آئی این پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترکی کے جنگی ہیلی کاپٹر ٹی129کو اڑا کر تجرباتی پرواز کی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ترکی کی دفاعی پیداوار کی صنعت کا شمار دنیا کی بہترین صنعتوں میں ہوتا ہےجس کا کوئی مقابل نہیں ہے، ٹی 129 ہیلی کاپٹر کی خریداری کے حوالے سے ترک حکام سے بات چیت جاری ہے اور پاک فوج بھی ہیلی کاپٹر کی خریداری کا جائزہ لے رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترک لڑاکا ہیلی کاپٹر ٹی 129 کی اڑان بھر کر پاکستانی تاریخ میں اپنا نام سنہرے حروف میں لکھوا دیا ہے۔ وزیراعظم نے ترک ہیلی کاپٹر پر تجرباتی پرواز کی اور ترکی کی دفاعی پیداواری صنعت کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی دفاعی پیداوار کی صنعت کا شمار دنیا کی بہترین صنعتوں میں ہوتا ہے جس کا کوئی مقابل نہیں ہے۔ دفاعی میدان میں کامیابیوں پر رجب طیب اردوان حکومت مباکباد کی مستحق ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹی 129 ہیلی کاپٹر کی خریداری کے حوالے سے ترک حکام سے بات چیت جاری ہے اور پاک فوج بھی ہیلی کاپٹر کی خریداری کا جائزہ لے رہی ہے۔ ترک ایوی ایشن حکام نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹی 129 ہیلی کاپٹر کی فنی خصوصیات اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق بریفنگ دی۔ترک حکام کا کہنا تھا کہ ٹی 129 کم وزن کا جنگی ہیلی کاپٹر ہے جو میزائل اور گنز سے لیس ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایف 16 جنگی طیارے میں فائٹرپائلٹ کی پچھلی نشست رئیرکاک پٹ میں بیٹھ کر فوجی مشقوں کا جائزہ لیا تھا اور وہ ملکی تاریخ کے پہلے وزیراعظم بن گئے جنہوں نے جہاز میں بیٹھ کر فوجی مشق میں شرکت کی۔

شہادت امام حسین کی عظیم قربانی سے ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی ملتی ہے،صدر و وزیر اعظم کا پیغام

لاہور (ویب ڈیسک)صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید کربلا حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ، ان کے خانوادے اور رفقا کی عظیم قربانی کی یاد مناتے ہوئے اس کے مقاصد اور حکمت عملی کو پیش نظر رکھنا چاہیےکیونکہ اس میں عالم انسانیت اور بالخصوص ہمارے گو ناں گوں مسائل کا حل مضمر ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی عظیم جدوجہد ہمیں یاد دلاتی ہے کہ انسان کی ذات اور اس کے مفادات پر اجتماعی مقاصد اور معاشرے کی تخلیق و پاکیزگی فوقیت رکھتی ہے جس پر کسی صورت کوئی مفاہمت نہیں ہو سکتی۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ سانحہ کربلا کا سبق ہے کہ معاشرے اور ریاست کے معاملات چند افراد کی خواہشات کے تابع نہیں کیے جا سکتے، شہادت امام حسین کی عظیم قربانی سے ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی ملتی ہے۔دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنے پیغام میں کہا کہ نواسہ رسولﷺنے حق و باطل کی لڑائی میں جانوں کا نذرانہ دے کر حق کو حقیقی فتح سے سرفراز کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یوم عاشور ہر سال اسلامی تاریخ کے لا زوال واقعے کی یاد دلاتا ہے، کربلا کے میدان میں شہیدوں کے لہو نے ثابت کر دیا کہ حق لازوال اور باطل مٹنے کے لیے ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسین نے صبر اور بہادری کے ساتھ حق حریت کی حفاظت کا پیغام دیا، نواسہ رسول کا پیغام پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ دور میں وطن عزیز اور قوم کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات کے پیش نظر مسلکی اور لسانی اختلافات کو بھلا کر اپنے اندر ایثار و قربانی ، مساوات ، رواداری اور اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔

امریکہ نے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش واپس لے لی

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی )وزیر اعظم نواز شریف نے کشمیر ، افغانستان خلیجی ممالک کے تنازع اور مودی ٹرمپ گٹھ جوڑ پر اہم فیصلے کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پاکستان علاقائی و عالمی امن و استحکام کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان ہمسایوں سے پرامن تعلقات چاہتا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت دفتر خارجہ میں اہم اجلاس ہوا جس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے مختلف اہم امور پر وزیراعظم نواز شریف کو بریفنگ دی جبکہ پاک بھارت تعلقات، افغانستان کے ساتھ سرحدی معاملات، سعودی عرب قطر کے ساتھ تعلقات، مودی ٹرمپ اعلامیے کے خطے پر اثرات کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر ، ایل او سی ، کلبھوشن یادیو کیس میں ہونے والی پیش رفت سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت اعلی حکام بھی موجود ہیں۔اہم اجلاس سے قبل دفتر خارجہ میں اعلی افسران کا اجلاس بھی ہوا جس میں تمام ڈائریکٹر جنرلز نے شرکت کی اور وزیراعظم کو دی جانے والی بریفنگ کے نکات پر غور کیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف نے کشمیر ، افغانستا ن خلیجی ممالک کے تنازعے اور مودی ٹرمپ گٹھ جوڑ پر اہم فیصلے کئے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،پاکستان علاقائی و عالمی امن و استحکام کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان ہمسایوں سے پرامن تعلقات چاہتا ہے ،قومی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے خارجہ پالیسی پر اہم فیصلے کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے پرامن ہمسائیگی کے اصول پر کاربند رہے گا ۔ افغانستان میں امن کیلئے چین کی سفارتکاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے امت مسلمہ کے اتحاد کی کوششیں جاری رکھنے اور سعودی قطر تنازعے میں غیرجانبدار رہنے کا فیصلہ بھی کیا ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے دفتر خارجہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کی جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا ، ملکی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ، افغانستان میں امن کے لئے چین کی مصالحتی کاوشوں کا خیر مقدم کرتے ہیں ، خلیج کی صورتحال کو معمول پر لانے کے لئے پاکستان بدستور اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ۔ وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹرمپ مودی مشترکہ اعلامیہ میں امریکہ نے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش عملا واپس لے لی ہے ، امریکہ نے خطے میں قیام امن میں کردار ادا کرنے کا موقع ضائع کر دیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے فوری حل کیلئے سفارتکاری کو مزید متحرک کیا جائےگا ۔