Tag Archives: shahid-khaqan-abbasi

دنیا بھر کے مسلمانوں کو انصاف اورآزادی کیلیے متحد ہونا ہوگا، وزیراعظم

استنبول(ویب ڈیسک) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے القدس سے متعلق امریکی اعلان کی مذمت کرتے ہوئے اسے فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کیا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کرے۔ استنبول میں القدس سے متعلق منعقدہ او آئی سی کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرناعالمی قوانین کے منافی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے لہذا پاکستان امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کرتا ہے جب کہ پورا پاکستان فلسطین اور فلسطینی عوام کے پیچھے کھڑا ہے۔وزیراعظم نے او آئی سی کے رکن ممالک سے اپیل کی کہ وہ تمام تر اختلافات بھلا کر القدس کے معاملے پر مضبوط اور متفقہ لائحہ عمل طے کریں جب کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو انصاف اور آزادی کے لیے متحد ہونا ہو گا، ہمیں آزاد فلسطینی ریاست کی جدوجہد کرنا ہوگی جس کا دارالحکومت مقبوضہ بیت المقدس ہو۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل مقبوضہ بیت المقدس کے معاملے میں اپنا کردار ادا کرے اور عالمی برادری مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کرے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کلبھوشن یادیو کو پھانسی ،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سب پر بازی لے گئے ،اہم منظوری دیدی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بھارتی جاسوس کلبھوشن کیس میں جسٹس (ر) تصدق جیلانی کو عالمی عدالت انصاف میں پاکستان کا ایڈہاک جج مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان جمعرات کو با ضابطہ طور پر ایڈہاک جج کی تقرری بارے عالمی عدالت انصاف کو آگاہ کریگا۔واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت دینے کےخلاف بھارت نے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرتے ہوئے پاکستان پر ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا۔عالمی عدالت انصاف میں عوامی سماعت 15 مئی کوہوئی جس میں پاکستان نے کلبھوشن کیس سے متعلق عالمی عدالت کے دائرہ کار کو چیلنج کیا جبکہ بھارت نے کلبھوشن کی پھانسی رکوانے کی درخواست کی تھی۔عالمی عدالت انصاف نے 18 مئی کو بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کے معاملے پر حکم امتناع جاری کیا تھا۔