تازہ تر ین

اگر یہ کام ہوا تو سڑکوں پر دھرنا ہوگا, کپتان کا دبنگ اعلان

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ سونے کی چڑیا کہلائے جانے والے برصغیر کو انگریز نے ایسٹ انڈیا کمپنی کے ذریعے دنیا کا غریب ترین ملک بنایا، یہی حالت پاکستان کی ہے جہاں پر اس وقت کمپنیوں کی حکومت ہے،سیاست دان امیر سے امیر تر ہو رہے ہیں اور قوم غربت کی دلدل میں دھنس رہی ہے۔ پنجاب میں شریف لمیٹڈ، سندھ میں زرداری کمپنی، بلوچستان میں فضل الرحمان اور اچکزئی کمپنی جبکہ خیبر پختونخواہ میں اسفند یار کمپنی قوم کی دولت لوٹ رہی ہے۔ 800ارب روپیہ منی لانڈرنگ کے ذریعے دبئی میں پراپرٹی خریدنے کے لئے بھیجا گیا جبکہ امریکن سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سے سالانہ1ہزار روپیہ چوری ہوکر بیرون ملک بھیجا جا رہا ہے۔کوئٹہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے مسلم لیگ، پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ مجھے سکیورٹی خطرات کا کہہ کر کوئٹہ میں جلسہ کرنے سے روکنے کی کوشش کی گئی لیکن میرا ایمان ہے کہ کاتب تقدیر نے موت کا وقت لکھ دیا ہے ، اس سے ایک لمحہ بھی آگے پیچھے نہیں ہوگا۔ میں کوئٹہ کے عوام کا شکرگزار ہیں۔ بلوچستان کے عوام کو محرومی کا سبق پڑھا کر انہیں ترقی سے دور کیا جا رہا ہے۔ کچھی کینال بننے سے صوبے کے9ہزار ایکڑ رقبے کو پانی ملے گا۔ صوبے کی ترقی ملک کی ترقی ہے۔بلوچستان کے پاس جتنے وسائل ہیں یہ بہت جلد ملک کا امیر ترین صوبہ بن سکتا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے وزیر اعظم پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف آج ہمیں بتائیں کہ آپ اور آپ کے خاندان کے ملک سے باہر کون سے کاروبار ہیں اور یہ ضرور بتائیں کہ ہندوستان میں آپ کے کون کون سے شراکت دار ہیں۔ کلبھوشن یادیو کو بچانے کے لئے مری کے پہاڑوں میں سجن جندال سے ملاقات کی اور اسی وجہ سے پاکستان عالمی عدالت انصاف میں اپنا مقدمہ ہار گیا۔کلبھوشن یادیو کا مقدمہ بھارت کی جیت کے بعد ہندوستان میں جشن منایا گیا جو کہ کروڑوں پاکستانیوں کے زخموں پر نمک پاشی تھی۔وزیر اعظم سوشل میڈیا کو بند کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ تحریک انصاف کے نوجوانوں پر پاک فوج کو بدنام کرنے کے الزامات لگائے جا رہے ہیں لیکن قوم جانتی ہے کہ پاک فوج کو بدنام نواز حکومت نے کیا، مسلم لیگ(ن) کے مرکزی میڈیا سیل نے ڈان لیکس کے ذریعے ملک کے اہم ادارے کا وقار داﺅ پر لگایا۔ نواز شریف سن لیں میڈیا یا سوشل میڈیا پر پابندی لگائی تو ہم سڑکوں پر نکلیں گے اور دھرنا دیں گے۔ عمران خان نے خیبر پختوانخواہ حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے اقتدار میںآ نے سے قبل صوبے میں 80فیصد صنعتیں بند ہو چکی تھیں مگر ہماری پالیسیوں کے باعث آج صوبے میں سرمایہ کاروں کی لائنیں لگی ہوئی ہیں۔ ہم نے اپنے صوبے میں کرپشن پرقابو پایا ، پولیس کو غیر سیاسی بنایا اور آج تمام صوبوں کے پولیس سربراہان خیبر پختونخواہ جیسا پولیس کا نظام چاہتے ہیں۔تحریک انصاف اقتدار میں آکر عدل و انصاف کا نظام لائے گی، پاکستان کو متحد کرنے کے لئے چھوٹے صوبوں کو مساوی حقوق دیں گے۔ایسا بلدیاتی نظام لائیں گے کہ پیسہ نیچے تک منتقل ہو لوگ اپنا پیسہ خود استعمال کریں، جب پیسہ نیچے جاتا ہے تو چوری کم ہوتی ہے۔ہم ایسا طریقہ کار متعارف کرائیں گے۔ ان کرپٹ سیاستدانوںکو پیسہ کھانے کا موقع ہی میسر نہیں آئے گا۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بھارت سن لے کہ ہم دوستی چاہتے مگر کشمیریوں پر ظلم برداشت نہیں کر سکتے،نواز حکومت کے دن پورے ہو چکے ہیں جلد ن لیگ کا سیاسی جنازہ نکلے گا۔ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ چین کیلئے ساری دنیا کا راستہ بند ہے لیکن پاکستان اسے ایسا راستہ دے رہا ہے کیونکہ چین ہماری جان اور ایک بہترین دوست ہے جس کیلئے ہماری جان بھی قربان ہے۔پاکستان نے جو چین کو راستہ دیا ہے اس کی بدولت سامان ہفتوں کی بجائے 4 دن میں پہنچ جاتا ہے جبکہ نواز شریف قوم کو گوادر کے نام پر دھوکہ دینے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل اور ترقی بلوچستان ہے، بلوچستان کے نوجوان کو گوادر میں روزگار ملنا چاہیے، ہم گوادر کے لوگوں کو کسی بھی قیمت پر بے روزگار نہیں ہونے دیں گے چین کے ذریعے سے گوادر کے لوگوں کو روزگارملے گا۔میں آج کے دن ڈیزل پر بھی بات کرنا چاہتا تھا لیکن مستونگ واقعہ کی وجہ سے آج جانے دیں۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم نواز شریف کی سجن جندال سے ملاقات سے متعلق دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کا فیصلہ ڈی میں نہیں بلکہ مری کے پہاڑوں پر ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سب سے زیادہ غربت بلوچستان میں ہے اورسب سے زیادہ غیرت بھی بلوچستان میں ہے جبکہ بلوچ زبان اور دل کا کھرا ہوتا ہے اور وہ کبھی بھی جھکتا یا بکتا نہیں ہے جبکہ لوگ سمجھتے ہیں پاکستان کا مستقبل کس کے ہاتھ میں محفوظ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جلسے سے قبل کہا گیا کہ 4دہشتگرد کوئٹہ میں داخل ہو گئے ہیں بڑا خطرہ ہے اور جب کوئٹہ اترے تو خبر ملی اے این پی،پی پی پی اورجے یوآئی کے جلسے کینسل ہوگئے لیکن خان نے کہا جہاں خطرہ ہے وہاں عمران خان ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ملک میں جاری لوٹ مار کواگر آج نہ روکا گیا تو گزشتہ 70سال سے پاکستان کے جو حالات ہیں کبھی بھی تبدیل نہیں ہوں گے جبکہ حکمرانوں نے آج تک اپنی ہی جیبیں بھری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت بلوچستان کی تمام محرومیوں کو ختم کرے گی اور کرپٹ عناصرکا پیچھا کرتے رہیں گے جبکہ حکمرانوں نے بلوچستان کا خیال نہیں کیا۔ انہوں نے صرف بلوچستان کے نام پر سیاست کی اور صرف اپنی ہی جیبیں بھری ہیں مگر ہم کرپٹ عناصر کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے اور چوروں اور لٹیروں کو جیل میں ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو ستر سال سے محرومی کا شکار رہا ہے اور صوبے ملنے والا پیسہ ترقی پر خرچ نہیں ہوا بلکہ وہاں فنڈ لانچوں میں دبئی چلاگیا لیکن ہماری حکومت میں بلوچستان کے وسائل بلوچستان پرخرچ کیے جائیں گے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain