لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) رہنما پی ٹی آئی انجینئر افتخار چوہدری نے چینل فائیو کے پروگرام نیوز ایٹ سیون میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے بائیس سالہ جدوجہد میں عوام کی خدمت کرنا سیکھا ہے۔ عمران خان کے لیے عید کی چھٹیاں معنی نہیں رکھتیں، وزرا اور اپنی ٹیم کی دوڑ لگوا دیں گے۔ عمران خان پرانی طرز کے وزیراعظم نہیں ، غلطی ہوئی کہ انکی عید کی نماز پڑھنے کی ویڈیو نہیں بنائی گئی۔ عمران خان نے سو دنوں کے لیے چھ نکاتی ایجنڈے کا اعلان کیا ہے۔ عمران خان نے جس دن حلف لیا اس دن انہوں نے نئی کرولا گاڑی ذاتی استعمال کے لیے لی ، سرکاری گاڑی استعمال نہ کر کے سادگی کی مثال عمران خان بنیں گے۔ اسی گاڑیاں ہمارے لیے درد سر بنی ہوئی ہیںکہ انہیں کون خریدے گا۔ غیر ملکی مہمانوں کےلیے ہمارے وزرا اپنی گاڑیاں دیں گے۔ نواز شریف مغل بادشاہوں کی طرح گاڑیاں لٹاتے رہے ہیں۔ میاں نواز شریف نے وزیراعظم ہاوس کا کوئی خرچہ اپنی جیب سے نہیں کیا۔ اب وزیر بھی عام لوگوں کی طرح زندگی گزاریں گے۔ اپنی کارکردگی پر کے پی کے میں کلین سویپ کیا۔ اس الیکشن میں ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا ہے، حلقے کھلوائیں گے۔ ن لیگ کے لوگوں میں دھرنوں کے لیے گرمی میں سڑکوں میں آنے کی ہمت نہیں، صرف دس دن کا دھرنا کر کے دکھا دیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت امریکا کے ڈالروں پر پلنے والی حکومت نہیں، امریکا کسی غلط فہمی میں نہ رہے، امریکا کے ساتھ برابری کی سطح پرتعلقات چاہتے ہیں۔ ن لیگ کی حکومت میں وزیر خارجہ نہ ہونے کے خمیازہ قوم کلبھوشن کی شکل میں بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لوٹے ہوئے پیسے کو آڈٹ ہوگا۔ حکومت کو ملکی قرضے اتارنے کے لیے آئی ایم سے قرض لینا پڑے گا۔ مسلم لیگ ن کی رہنما رومینیا خورشید احمد نے کہا کہ گاڑیاں غیر ملکی مہمانوں کے لیے اپنے گھر کی عزت اور وقار کے لیے ہیں، نواز شریف کبھی حکومتی یا عوام کے پیسوں سے کھانوں کا خرچہ نہیں کرتے تھے۔ گورنر ہاوسز ملک کا اثاثہ ہیں۔ گورنر ہاوسز ختم کرنے کی بات کرنے والوں نے کے پی کے میں کیوں گورنر ہاوس ختم نہیں کیا۔ مسلم لیگ ن کے بہت سے وزرا نے پروٹوکول نہیں لیا۔ نواز شریف نے مینڈیٹ کا احترام کیا اور تحریک انصاف کو کے پی کے میں حکومت بنانےدی گئی۔الیکشن مینڈیٹ کو تمام سیاسی جماعتوں نے رد کیا۔ کے پی کے کے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف کمیشن بنایا جائے۔ ن لیگ تحریک انصاف کی طرح ملک کی املاک کو نقصان پہنچانے کے لیے دھرنا نہیں دے سکتی۔ امریکی صدر ٹرمپ کے پاس دماغ نہیں ہے، امریکی متنازعہ بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ امریکا اپنا قبلہ درست کرے۔ پاکستان بنانا ری پبلک نہیں ایک آزاد قوم ہے جواپنے ملک کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وزیراعظم کا عہدہ کانٹوں کا تاج ہے۔ خواہش ہے کہ پاکستان میں وہ وقت آئے کہ کوئی قرضہ نہ لینا پڑے۔ پروگرام کے دوران انجینئیر افتخار نے مسلم لیگ ن کی رکن رومینیا خورشید کے مثبت رویہ اور تعلیم یافتہ شخصیت ہونے پر تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔ جسے انہوں نے پاٹی کے احسانات ہونے کے عوض قبول کرنے سے انکار کردیا۔






































