آبی مذاکرات؛ بھارت نے پاکستان کے اعتراضات مسترد کردیے

لاہور(ویب ڈیسک) بھارت نے دریائے چناب پر پکل ڈل اور لوئیر کلنائی منصوبے پر پاکستان کے اعتراضات مسترد کردیئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاک بھارت آبی تنازعہ پر انڈس واٹر کمشنرز کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات کا دوسرا دور ہوا۔ بات چیت کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ بھارت نے گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کو مسترد کردیا ہے۔پاک بھارت آبی تنازع پر انڈس واٹر کمشنرز کے مابین وفود کی سطح پر دو روزہ مذاکرات نیسپاک ہیڈکوارٹر لاہور میں ہوئے۔ پاکستان انڈس واٹر کمشنر مہرعلی شاہ نے پاکستانی ٹیم کی سربراہی کی جب کہ بھارتی وفد کی قیادت پی کے سیکسینا نے کی۔بھارت نے پاکستانی اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے پانی کو ذخیرہ کرنے میں ناکام رہا ہے، اور اس نے تربیلا اور منگلا کے بعد کوئی بھی بڑا ڈیم نہیں بنایا جس کی وجہ سے پانی کی بڑی مقدار سمندر برد ہو جاتی ہے۔ بھارتی وفد نے کہا کہ بھارت میں بھی موسمی تبدیلیوں کے باعث دریاو¿ں میں پانی کی آمد کی شدید کمی ہے۔مذاکرات کے پہلے دور میں پاکستانی حکام نے دریائے چناب پر بھارت کی جانب سے تعمیر کیے جانے والے پکل ڈل اور لوئر کلنائی پن بجلی کے منصوبوں پر اعتراض اٹھایا تھا۔ حکام کا کہنا تھا کہ پکل ڈل پن بجلی گھر کی جھیل بھرنے اور وہاں سے پانی چھوڑنے کا پیٹرن بھی واضح کیا جائے۔

آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ کیٹ بلینکیٹ روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار پر پھٹ پڑیں

نیویارک(ویب ڈیسک) آسکر ایوارڈ یافتہ آسٹریلوی اداکارہ کیٹ بلینکیٹ روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے تشدد اور حالت زار پر پھٹ پڑیں۔اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر اداکارہ کیٹ بلینکیٹ نے رواں سال مارچ میں بنگلہ دیش میں مقیم روہنگیائی پناہ گزینوں کے کیمپوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے روہنگیائی معصوم بچوں اور پناہ گزینوں پر ہونے والے تشدد کو اپنی آنکھوں سے دیکھا اور جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔کیٹ بلینکیٹ نیویارک میں اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں تقریر کے دوران بنگلہ دیش میں پناہ گزین روہنگیائی مسلمانوں کی حالت زار کے بارے میں بتاتے ہوئے جذباتی ہوگئیں اورکہا کہ میانمار فوج کی جانب سے روہنگیائی مسلمانوں اوربچوں پر ہونےوالا ظلم ناقابل برداشت ہے۔اداکارہ کیٹ بلینکیٹ نے کہا کہ انہیں روہنگیائی مسلمانوں پر ہونے والے بدترین تشدد، جنسی زیادتیاں، لوگوں کے پیاروں کا ان کی آنکھوں کے سامنے قتل، بچوں کو زندہ آگ میں ڈالے جانے کا پتہ چلا، اور یہ سب دیکھ کر بہت تکلیف ہوئی۔کیٹ نے کہا میں بھی ایک ماں ہوں اور کیمپ میں موجود ہر بچے کی آنکھ میں اپنے بچوں کو دیکھا، اس کے علاوہ میں نے ہر ماں میں خود کو دیکھا، کس طرح ایک ماں اپنے بچے کو زندہ آگ میں جلتے ہوئے دیکھ سکتی ہے؟روہنگیا پناہ گزین کیمپوں کا دورہ میں زندگی بھر نہیں بھول سکتی۔اداکارہ کیٹ نے سیکیورٹی کونسل کے تمام ارکان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ روہنگیائی پناہ گزینوں کی واپسی میں مدد کریں، انہوں نے کہا کہ ہم روہنگیائی پناہ گزینوں کی مدد کے لیے پہلے ناکام ہوچکے ہیں لہٰذا اس بار ہمیں ناکام نہیں ہونا۔میانمار میں روہنگیائی مسلمانوں کو مقامی شہری تصور نہیں کیا جاتا۔ گزشتہ برس اگست میں میانمار کی فوج نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے ان کا قتل عام کیا اور خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتیاں کی گئیں، جبکہ ان کے گھر اور گاو¿ں بھی جلادئیے گئے۔ جس کے بعد تقریباً سات لاکھ روہنگیائی مسلمانوں نے پڑوسی ملک بنگلہ دیش ہجرت کی۔

ایشین گیمز: ہاکی کے سیمی فائنل میں بھارت کو شکست

جکارتا(ویب ڈیسک) انڈونیشیا میں جاری ایشین گیمز میں ہاکی کے پہلے سیمی فائنل میں ملائشیا نے ناقابل شکست بھارت کو 7-6 سے ہرا دیا۔ہاکی کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت اور ملائیشیا کی ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا اور اس کا فیصلہ پنلٹی شوٹس پر ہوا۔بھارتی ہاکی ٹیم ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست تھی اور اس نے مجموعی طور پر حریف ٹیموں کے خلاف 70 سے بھی زائد گول اسکور کیے۔لیکن سیمی فائنل میں وہ اپنا کامیابی کا سلسلہ برقرار نہ رکھ سکی اور میچ ہار گئی۔میچ مقررہ وقت تک کھیل 2-2 سے برابر رہا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو پنلٹی شوٹ آﺅٹس ملیں جس میں ملائیشیا نے 7-6 سے فتح حاصل کرکے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا جہاں ملائشیا کا مقابلہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوسرے سیمی فائنل میں کامیاب ہونے والی ٹیم سے ہو گا۔

کیایہ بھی تبدیلی ہے؟40سگریٹ روزانہ پینے والا بچہ جسکی عمر ابھی صرف 3سال ہے

جکارتا(ویب ڈیسک) تمباکو نوشی کی بری عادت اگرچہ کم عمری میں بھی لاحق ہوسکتی ہے لیکن انڈونیشیا کا تین سال کا بچہ نہ صرف اس قبیح عادت کا شکار ہے بلکہ وہ روزانہ 40 کے قریب سگریٹ پھونک دیتا ہے اور اس کے والدین بے بس ہیں۔انڈونیشیا کے رہائشی بچے ’راپی پامونگ کاس‘ کی والدہ بازار میں ایک ٹھیلا لگاتی ہیں۔ تین سالہ بچے راپی نے وہاں بیٹھے بیٹھے سگریٹ کے گرے ہوئے ٹوٹوں کو اٹھا کر تمباکو نوشی کا آغاز کیا۔ پہلے پہل لوگوں نے اس کے لیے سگریٹ سلگائی اور اس کے بعد یہ سلسلہ چلتا رہا۔ اب حال یہ ہے کہ راپی سگریٹ کے بغیر نہیں رہ سکتا اور دن بھر میں 40 کے قریب سگریٹ پی جاتا ہے۔راپی پاس سے گزرنے والے افراد سے سگریٹ مانگتا ہے جس پر بعض لوگ اسے سگریٹ دے دیتے ہیں اور بعض لوگ مذاق کے طور پر اس کے لیے سگریٹ بھی سلگا دیتے ہیں۔ اس بچے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جس پر لوگوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔بچے کی والدہ مریاتی کہتی ہیں کہ ان کا بچہ روزانہ دو پیکٹ سگریٹ پھونک دیتا ہے اور اگر اسے سگریٹ نہ دی جائے تو وہ بہت شور مچاتا اور جھگڑتا ہے۔ اسی شور شرابے کی بنا پر راپی کی والدہ اسے روزانہ 40 سگریٹ دیتی ہیں۔ بچے کی عادت دو ماہ سے عروج پر پہنچ گئی ہے اور اب وہ اگر سگریٹ نہ پیے تو اسے نیند نہیں آتی۔راپی کے والدین پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی جارہی ہے اور اب اس کی والدہ نے ڈاکٹر سے رجوع کیا ہے تاکہ اس بچے کو سگریٹ نوشی کے مسلسل عذاب سے بچایا جاسکے۔واضح رہے کہ انڈونیشیا میں تمباکو نوشی عروج پر ہے اور وہاں سگریٹ پینے والے بچوں کی تعداد بھی غیرمعمولی طور پر بہت زیادہ ہے۔

زمین پر پگھلتی ہوئی برف پر نظر رکھنے والا ناسا کا نیا سیٹلائٹ

واشنگٹن(ویب ڈیسک) عالمی تپش یعنی گلوبل وارمنگ کی وجہ سے کرہ ارض پر برف کے ذخائر تیزی سے پگھل رہے ہیں اور اب اس پر تحقیق کےلیے ناسا کا نیا سیٹلائٹ اگلے ماہ مدار میں بھیجا جارہا ہے۔
آئس سیٹ ٹو کا پورا نام ’آئس، کلاوڈ، لینڈ ایلی ویشن سیٹلائٹ ٹو‘ ہے جسے ستمبر کے وسط میں خلا میں روانہ کیا جائے گا۔ یہ سیٹلائٹ ہر موسم میں برف کی کمی بیشی کو نوٹ کرے گا اور زمین پر برفیلے ذخائر میں کسی کمی یا اضافے کو ایک انچ کے پانچویں حصے تک بھی محسوس کرسکے گا۔آئس سیٹ ٹو میں جدید ترین لیزر ٹیکنالوجی اور دیگرآلات نصب ہیں۔ یہ سیارچہ تین برس تک زمین کی برفیلی سطحوں اور چادروں میں تبدیلی پر گہری نظر رکھے گا۔ آئس سیٹ ٹو کے متعلق ناسا کے سائنسداں ٹام ویگنر نے کہا ہے کہ سیٹلائٹ خود امریکہ سے بھی بڑے رقبے پر نظر رکھے گا اور وہاں موجود برف کا مطالعہ کرے گا۔اس کے علاوہ سیٹلائٹ سے قطبین پر موجود برف کی تہوں پر بھی تحقیق کی جائے گی جو بہت تیزی سے پگھل رہی ہیں اور ان کے گھلنے سے عالمی سمندروں کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ اس جدید ترین سیٹلائٹ پر ایک ارب ڈالر لاگت آئی ہے۔ اس میں نصب لیزر سے برف کے گھٹنے اور بڑھنے کی سہ جہتی تصویر بنائی جاسکے گی۔دیگر ماہرین نے آئس سیٹ ٹو کو ایک بہترین اختراع قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ 500 کلومیٹر کی بلندی پر رہتے ہوئے زمین اور سمندروں پر موجود برف کو اچھی طرح سے دیکھتے ہوئے اس کی واضح تصویر اور ڈیٹا فراہم کرے گا۔ اس میں سب سے اہم سسٹم کا نام ’ایڈوانسڈ ٹوپوگرافِک لیزر آلٹی میٹر سسٹم‘ (اٹلس) ہے جو سبز لیزر کی شعاعیں خارج کرے گا۔اس طرح برف سے ٹکرانے والی بعض لیزر شعاعیں دوبارہ سیٹلائٹ تک پہنچیں گی اور اس طرح برف کا تفصیلی نقشہ بنانا ممکن ہوگا۔

اصلی انٹرپول کو اداکار سیف علی خان کی تلاش

ممبئی(ویب ڈیسک)جرائم کی روک تھام کے لیے عالمی پولیس یعنی انٹرپول گزشتہ چند کچھ عرصے سے بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان کی تلاش میں ہے اور ایک کیس میں ان کا بیان ریکارڈ کرنا چاہتی ہے۔اطلاعات ہیں کہ انٹرپول نے بھارت کی پولیس کو دوبارہ نوٹس بھیجا ہے کہ وہ سیف علی خان کا بیان ریکارڈ کرکے عالمی پولیس کو بھیجے۔ بتایا گیا ہے کہ انٹرپول نے ممبئی پولیس کو دوسری مرتبہ نوٹس بھیج کر سیف علی خان کا بیان طلب کیا ہے۔اس سے قبل ممبئی پولیس نے انٹرپول سے سیف علی خان کے بیان کے لیے مہلت مانگی تھی اور کہا تھا کہ اداکار اس وقت ملک سے باہر شوٹنگ میں مصروف ہیں۔رپورٹ کے مطابق انٹرپول کو 5 سال پرانے شکار کیس میں سیف علی خان کے بیان کی ضرورت ہے، جس کے لیے عالمی پولیس کو یورپی ملک بلغاریہ کے ایک فرم نے درخواست دی تھی۔سیف علی خان پر الزام ہے کہ انہوں نے 5 سال قبل 2013 میں ساتھیوں سمیت رومانیہ میں جنگلی سور کا شکار کرنے کے لیے جو معاہدہ کیا تھا اس پر انہوں نے عمل نہیں کیا۔اداکار پر الزام ہے کہ انہوں نے شکار کی اجازت دلانے والی بلغاریہ کی فرم کو شکار کے معاہدے کی مکمل رقم ادا نہیں کی۔رپورٹ میں ممبئی پولیس کے ایک افسر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیف علی خان کو 24 ہزار یورو کے عوض نایاب جنگی سور کے شکار کی اجازت دی گئی تھی، تاہم انہوں نے بلغاریہ کی فرم کو محض 14 ہزار یورو ادا کیے تھے۔افسر کے مطابق اس وقت سیف علی خان نے فرم کو کہا تھا کہ وہ بھارت جاکر ایجنٹ کے اکاو¿نٹ میں پیسے منتقل کردیں گے، تاہم ایسا نہیں ہوا۔5 سال گزر جانے کے باوجود بھی سیف علی خان کی جانب سے بقایا رقم ادا نہ کیے جانے پر بلغاریہ کی فرم نے اداکار کے خلاف انٹرپول میں درخواست دی تھی، جس پر عالمی پولیس نے ممبئی پولیس کو اداکار کا ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔تاہم ممبئی پولیس نے سیف علی خان کا ریکارڈ انٹرپول کو فراہم نہیں کیا، جس کے بعد عالمی پولیس نے ایک بار پھر بھارتی پولیس کو اداکار کا بیان پیش کرنے کے لیے نوٹس بھیج دیا ہے۔خیال رہے کہ سیف علی خان پر خود بھارت میں بھی کئی سال تک نایاب کالے ہرن کا شکار کرنے کا کیس ریاست راجستھان کے شہر جودھپور کی عدالت میں چلتا رہا۔اس کیس میں سیف علی خان کے علاوہ سلمان خان، اداکارہ تبو، سونالی باندے اور دیگر 3 اداکار بھی شامل تھے۔تاہم عدالت نے رواں برس اپریل میں عدم ثبوت کی بناءپر سیف علی خان سمیت اداکاروں کو بری کرتے ہوئے صرف سلمان خان کو 5 سال قید اور 10 ہزار جرمانے کی سزا سنائی تھی۔بعد ازاں سلمان خان کو بھی ضمانت پر آزاد کردیا گیا، تاہم ان کے خلاف یہ کیس جودھپور کی ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے اور وہ ضمانت پر آزاد ہیں، عدالت نے انہیں اجازت کے بغیر بھارت سے باہر جانے سے بھی روک رکھا ہے۔

ایشیا کپ کا بڑا معر کہ ،پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی ہاتھوں ہاتھ فروخت سے سب حیران

کراچی (ویب ڈیسک)ایشیا کرکٹ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے بڑے مقابلے کی ٹکٹیں چند ہی گھنٹوں میں فروخت ہو گئیں۔ایشیا کرکٹ کپ کا میلہ 15 ستمبر سے متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں سجے گا جس میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ٹورنامنٹ کے فائنل سے پہلے پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان بڑا ٹاکرا 19 ستمبر کو ہو گا۔ایشین کرکٹ کونسل کی انتظامیہ نے پاک بھارت میچ کے لیے ایک ہفتے قبل بھی محدود ٹکٹیں آن لائن فروخت کے لیے پیش کی تھیں جو چند ہی گھنٹوں میں فروخت ہو گئی تھیں۔شائقین کے شدید دباو¿ کی وجہ انتظامیہ نے مزید ٹکٹس آن لائن فروخت کے لیے پیش کیے لیکن وہ بھی کچھ ہی دیر میں بک ہو گئے۔پندرہ ستمبر سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔

ہدایت کار نبیل قریشی ”لوڈویڈنگ“ کی ناکامی پر بھڑک اٹھے

کراچی(ویب ڈیسک) نامور پاکستانی ہدایت کار نبیل قریشی نے”لوڈ ویڈنگ“کی ناکامی پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کی ناکامی میں سینما مالکان کا ہاتھ ہے۔عید الاضحیٰ کے موقع پرریلیز ہونے والی فلم”لوڈویڈنگ“ باقی دونوں فلموں فلموں”پرواز ہے جنون“اور”جوانی پھر نہیں آنی2“ کے مقابلے میں توقع کے برعکس کم بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔”لوڈ ویڈنگ“کی ناکامی پر فلم کے ہدایت کار نبیل قریشی نے سینما مالکان اور فلم ڈسٹری بیوٹرز پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے ٹوئٹ کی ہے کہ”سارے سینماز میں بہت دھاندلی ہوئی ہے، جب آپ ایک ایسی فلم بنائیں جو سماجی مسائل پر مبنی ہو اور معاشرے میں رائج غلط روایات کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کرے لیکن وہ توقع کے برعکس کم بزنس کرے تو آپ کو دکھ ہوتا ہےاس کے ساتھ ہی انہوں نے سینما مالکان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مقامی سینما میں دوسری فلموں کے مقابلے میں”لوڈ ویڈنگ“کا صرف ایک شو دکھایا جارہا ہے وہ بھی صبح کے ٹائم، جب کہ عید پر ریلیز ہونے والی دوسری فلموں کے ایک دن میں کئی شوز دکھائے جارہے ہیں۔ یہ سب سینما مافیا کی سازش ہے ہمیں نیچے دھکیلنے کی۔واضح رہے کہ مقامی سینماز میں فلم”لوڈ ویڈنگ“کے کم شوز دکھائے جانے کے باعث فلم ریلیز کے چار دنوں میں صرف 6 کروڑ 5 لاکھ کا بزنس کرسکی ہے جب کہ اس کے مقابلے میں”جوانی پھر نہیں آنی2“25 کروڑ اور”پرواز ہے جنون“12کروڑ68لاکھ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔۔“

شراب کی کتنی مقدار آپ کی جان لے سکتی ہے ،ماہرین کی نئی تحقیقات میں سنسنی خیز انکشافات

لندن(ویب ڈیسک) الکحل یا شراب ”ا±مّ الخبائث“ تو ہے ہی لیکن اب سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ الکحل کی معمولی مقدار بھی انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہوتی ہے اور جان لیوا تک ثابت ہوسکتی ہے۔مشہور طبی تحقیقی جریدے ’دی لینسٹ‘ میں شائع ہونے والے ایک تازہ تحقیقی مقالے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ الکحل کی معمولی سی مقدار میں بھی انسانی صحت کی ہلاکت کا مکمل سامان موجود ہے لہذا صحت مند زندگی کےلیے الکحل کو مکمل طور پر ترک کرنا ہوگا۔تحقیق کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ الکحل کی معمولی مقدار پینے سے دل کے دورے کے امکانات خاصے کم ہو جاتے ہیں تاہم کینسر اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہو جانے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، اس لیے الکحل سے مکمل چھٹکارا حاصل کرنے میں ہی عافیت ہے۔سائنس دانوں نے یہ نتائج 1990 سے 2016 کے دوران 195 ممالک میں انسانی صحت پر الکحل کے اثرات سے متعلق کیے گئے 592 طبّی تحقیقی مطالعات سے حاصل شدہ اعداد و شمار کا باریک بینی سے تجزیہ کرنے کے بعد اخذ کیے ہیں۔ ان مطالعات میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 80 لاکھ افراد شریک تھے جن کی عمریں 15 سے 95 سال کے درمیان تھیں۔ ان کے علاوہ الکحل کے استعمال سے متعلق مزید 694 مطالعات کا ڈیٹا بھی اس تحقیق میں شامل کیا گیا۔ مختلف مقداروں میں الکحل استعمال کرنے والے (یعنی شراب نوش) افراد کی عمومی صحت اور انہیں لاحق ہونے والی بیماریوں کا موازنہ ا±ن لوگوں سے کیا گیا جو شراب نوش نہیں تھے اور جنہوں نے اپنی پوری زندگی میں کبھی شراب نہیں پی تھی۔تحقیق سے ثابت ہوا کہ روازنہ کی بنیاد پر انتہائی کم مقدار میں بھی شراب پینے والے افراد بھی کینسر سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہوئے جبکہ شراب کی زیادہ مقدار لینے والے اور نہایت کم مقدار لینے والے افراد، دونوں ہی کو صحت کے ایک جیسے مسائل کا سامنا تھا۔ البتہ شراب نہ پینے والے افراد ان بیماریوں سے محفوظ رہے تھے۔اس تحقیق میں سابقہ تحقیق کو یکسر مسترد کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ دن بھر میں شراب کا ایک گلاس پینے والے افراد کی صحت مثالی ہوتی ہے اور وہ کئی بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں۔حالیہ تحقیق میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ صرف شراب نوشی کے باعث ہر سال کم و بیش 28 لاکھ افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں جبکہ مختلف بیماریوں اور صحت کے مسائل کی بنائ پر شراب نوشوں کو بہت سے مالی مسائل کا سامنے بھی کرنا پڑتا ہے۔واضح رہے کہ ”دی لینسٹ“ میں وقتاً فوقتاً ایسے تفصیلی طبی مطالعات شائع کیے جاتے رہتے ہیں جن کا مقصد ”بیماریوں کے عالمی بوجھ“ (گلوبل برڈن ا?ف ڈِزیز) کا تجزیہ کرنا اور مقامی و عالمی اداروں کےلیے تجاویز پیش کرنا ہوتا ہے۔ تازہ تحقیقی رپورٹ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

دل ،آنتوں ،آنکھوں کو تقویت پہنچانے والے پِستے بارے حیرت انگیز انکشافات

لندن (ویب ڈیسک)سردیوں کی آمد آمد ہے جس میں بادام، پستے اور دیگر میوہ جات بڑی تعداد میں کھائے جاتے ہیں۔ تاہم بہت سے افراد نہیں جانتے کہ پستے کھانے سے کس قدر اہم طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔باقاعدہ سائنسی تحقیق کے بعد پستے کے یہ دس فوائد سامنے آئے ہیں جنہیں کسی بھی طرح نظر انداز نہیں کیا جاسکتا
غذائیت سے بھرپور
چھلکوں کے بغیر ایک پیالی پستے میں 159 کیلوریز، 5.72 گرام پروٹین، 13 گرام چکنائیاں، 3 گرام فائبر، 7.70 گرام کاربوہائڈریٹس، 34 ملی گرام میگنیشیم، 291 ملی گرام پوٹاشیم، 0.482 ملی گرام وٹامن بی 6 اور 0.247 ملی گرام تھایامن ہوتا ہے۔
ان اجزا میں سے وٹامن بی 6 میٹابولزم اور دماغی نشوونما کےلیے نہایت مفید قرار پایا ہے۔
کم کیلوریز
اگر آپ غذائی حراروں (کیلوریز) کی وجہ سے پریشان ہیں تو 50 پستوں میں صرف 159 کیلوریز پائی جاتی ہیں۔ اس طرح یہ خیال غلط ہے کہ پستے کھانے سے جسم موٹاپے کی جانب مائل ہوتا ہے۔
اینٹی آکسیڈنٹس کا خزانہ
پستے ہر طرح کے مفید اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتےہیں۔ اینٹی آکسیڈنٹس کینسر اور دل کے امراض کو دور رکھ کر ہمیں توانا اور صحتمند رکھتے ہیں۔
آنکھوں کے لیے مفید
پستے میں دو اینٹی آکسیڈنٹس لیوٹین اور زی ایکسینتھن پائے جاتے ہیں جو موتیا اور عمررسیدگی سے متاثرہ بیماریوں کو روکتے ہیں۔
پستے اور آنتوں کی حفاظت
چونکہ پستے ریشوں یعنی فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں، اسی بنا پر یہ نظامِ ہاضمہ اور ا?نتوں کو تندرست رکھتے ہیں۔ قبض سے بچانے میں بھی ان کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔ پستے کھانے سے معدے میں مفید بیکٹیریا کی تعداد بڑھتی ہے جس سے کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
پروٹین کی ضروریات پوری کرے
جو لوگ گوشت نہیں کھاتے اور پروٹین کی ضروریات پورا کرنا چاہتے ہیں تو پستے ان کے لیے بہت مفید ہیں۔ اس کی وجہ ہے کہ ایک پستے کا 21 فیصد وزن پروٹین سے بھرپور ہوتا ہے۔
وزن گھٹانے میں مفید
2102 میں کئے گئے ایک سروے سے انکشاف ہوا ہے کہ پستے کھانے سے وزن میں کمی ہوتی ہے کیونکہ یہ پیٹ بھرنے (شکم سیری) کا احساس پیدا کرتے ہیں۔ دوسری جانب ان میں کیلوریز کی تعداد بھی کم ہوتی ہے۔
امریکا میں 12 سال تک کیے گئے ایک مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ پستے کھانے سے کولیسٹرول کم ہوتا ہے اور بلڈ پریشر بھی مناسب رہتا ہے۔ اس طرح امراضِ قلب کا خطرہ بھی ٹل جاتا ہے۔
ذیابیطس کو روکنے میں مددگار
ایک چھوٹے سے تجربے میں شوگر بڑھانے والی غذاو¿ں کے ساتھ جب پستے دیئے گئے تو اس سے خون میں شکر کی مقدار میں اضافہ نہیں ہوا۔ اس سے ماہرین کا خیال ہے کہ باقاعدگی سے پستے کھانے والے افراد کے خون میں شکر کی سطح معمول پر رہتی ہے۔
سرطان کو بھگائے
2017 کی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ فائبر کی وجہ سے پستے ا?نتوں کے سرطان کو روکنے میں نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں۔