عمران خان نے ڈاکٹر عامر لیاقت کے تحفظات دور کر دئیے ؟

کراچی (ویب ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاور سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کے تمام تحفظات دور کر دئیے گئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کے حکم پر انہوں نے پارٹی ڈسپلن پر عمل کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کی عادت ہے کہ وہ بہت فاسٹ باﺅلنگ کرتے ہیں، انہیں چند مشاورتی میٹنگز میں نہ بلائے جانے پر تحفظات تھے جنہیں دور کر دیا گیا ہے اور وزیراعظم عمران خان نے انہیں پارٹی ڈسپلن پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ایم این اے ڈاکٹر عامر لیاقت سے یقین دہانی لے لی گئی ہے اور وہ پارٹی ڈسپلن پر عملدرآمد کریں گے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت پارٹی کا اثاثہ ہیں اور صدارتی الیکشن میں آپ دیکھیں گے کہ وہ کس جانب کھڑے ہوں گے۔

کرتار پور بارڈرکھولنا پاک بھارت اچھے تعلقات کا آغاز ہے :پاکستان

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) پاکستان نے کہا ہے کہ کرتار پور سرحد کو کھولنا پاک بھارت خلیج ختم کرنے کی کوشش ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت تعلقات میں بہت مشکلات ہیں جن کا حل چاہتے ہیں، دو طرفہ تجارت کا معاملہ ایک بڑا مسئلہ ہے، تجارتی راہداری یا پوائنٹ اس معاملے کا ایک چھوٹا حصہ ہیں، پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں وسیع خلیج کو پاٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کرتار پورہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ثابت ہو سکتا ہے۔مقبوضہ کشمیر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ ہفتے بھارتی افواج نے 10 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا، بھارتی افواج کی جانب سے پیلٹ گنز کے استعمال، حریت رہنماو¿ں کی غیر قانونی نظر بندی کی مذمت کرتے ہیں، رہنماو¿ں کی بگڑتی صحت کی صورتحال پر بھی تشویش ہے، عالمی برادی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے، بھارت نے کشمیر میں الجزیرہ ٹی وی کی نشریات بھی بند کر دیں کیونکہ اس نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ڈاکیومنٹری نشر کی تھی۔

 

وزیراعظم کی وزراءکے ہمراہ جی ایچ کیو آمد ، آرمی چیف نے استقبال کیا

راولپنڈی (ویب ڈیسک ) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پاک فوج کے صدر دفتر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا۔وزیراعظم عمران خان نے منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار راول پنڈی میں جی ایچ کیو کا دورہ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم عمران خان کو دفاع، اندرونی سلامتی اور پیشہ ورانہ امور پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔واضح رہے کہ پیر کو وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی تھی۔ وزیر اعظم آفس میں ہونے والی وہ ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد وقت تک جاری رہی تھی۔

اورنج لائن ،میگا پراجیکٹس کیس ۔۔۔ سپریم کورٹ نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو آج طلب کر لیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) سپریم کورٹ نے پنجاب میگا پراجیکٹس کے ٹھیکوں سے متعلق کیس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو آج شام 4 بجے طلب کرلیا۔چیف جسٹس پاکستان نے پنجاب میگا پراجیکٹس کے ٹھیکوں سے متعلق کیس کی سماعت کی اس موقع پر ایم ڈی میٹرو پراجیکٹ سبطین فیصل عدالت میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس نے ایم ڈی میٹرو پراجیکٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘سبطین فیصل صاحب آپ کے پراجیکٹس کن مسائل کا شکار ہیں’ جس پر انہوں نے بتایا کہ اورنج لائن پراجیکٹ چین کے قرضے پر چل رہا ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ چین کے دیے گئے قرضے سے کتنا کام ہوچکا اور کنسلٹنٹ کون ہے جس پر سبطین فیصل نے بتایا کہ نیسپاک اور سی ای سی کنسلٹنٹ ہیں اور 80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، دونوں کمپنیاں چین کی ہیں اور پراجیکٹ مکمل ہونے میں ساڑھے 8 ماہ کا کام رہتا ہے۔ایم ڈی میٹرو پروجیکٹ کا کہنا تھا کہ 24 ملین ڈالر کنسلٹنسی چارجز ہیں جس میں سے 18.3 ملین ادا ہوچکے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں منصوبے کی بروقت تکمیل نا ہونے پرتحفظات ہیں اور غیر معیاری کام کی شکایات ہیں جس پر سبطین فیصل نے کہا کہ ایکنک کی منظوری کے بعد ایل ڈی اے کو رقم ملنی ہے۔زیڈ کے بی کمپنی کے وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ 30 اکتوبر کی دی گئی تاریخ میں تو پراجیکٹ مکمل نہیں ہوگا، نیسپاک مزید کام کرنے کو تیار نہیں، اس وجہ سے فنڈز رک جائیں گے۔وکیل نعیم بخاری کا مزید کہنا تھا کہ عدالت نیسپاک اور چائنیز کمپنی کو کام کرنے کا حکم دے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم وزیراعلی عثمان بزدار اور دوسرے ذمہ داروں کو کل بلوا لیتے ہیں جس پر ایم ڈی میٹرو پراجیکٹ سبطین فیصل انہیں بلانے کی ضرورت نہیں، ہم مل بیٹھ کر معاملہ طے کرلیں گے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سارے شراکت دار سپریم کورٹ میں میٹنگ کرکے 2 بجے تک آگاہ کریں۔سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو شام 4 بجے طلب کرتے ہوئے سماعت دن 2 بجے تک ملتوی کردی۔

 

”مرگ بر ہالینڈ “مذہبی جماعتوں کا گستاخانہ خاکوں کیخلاف احتجاج جاری جی ٹی روڈ بند

لالہ موسیٰ( ویب ڈیسک ) تحریک لبیک کی قیادت میں داتا دربار سے شروع ہونے والا مذہبی جماعتوں کا لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہے جبکہ پولیس نے ریلی کو دارالحکومت پہنچنے سے روکنے کےلیے کنٹینرز لگا کر جی ٹی روڈ بند کردی ہے۔ توہین آمیز خاکوں کے خلاف تحریک لبیک کی قیادت میں لاہور سے نکلنے والا لانگ مارچ لالہ موسیٰ پہنچ چکا ہے۔ قافلہ اسلام آباد پہنچ کر توہین آمیز خاکوں کے خلاف دھرنا دے گا۔ دینی جماعتوں کے مارچ کی قیادت تحریک لبیک پاکستان کے امیر خادم حسین رضوی کررہے ہیں۔لانگ مارچ میں انجمن تاجران اوردینی جماعتوں کے سیکڑوں افراد شریک ہیں، جگہ جگہ قافلے کا استقبال کیا جارہا ہے ،شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں جن پر ہالینڈ کے خلاف نعرے درج ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کرکے ان کے ساتھ ہر قسم کے سفارتی تعلقات ختم کرے۔مقررین کا کہنا ہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے ملعون افراد دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کر رہے ہیں، یہ مقابلے کروانے والے دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں۔دوسری جانب ریلی کو روکنے کے لئے پولیس نے کنٹینرز لگا کر جی ٹی روڈ جگہ جگہ سے بند کردی ہے جس کے نتیجے میں لاہور سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔اسلام آباد میں بھی ریڈ زون کو محفوظ بنانے کے لئے کنٹینرز پہنچا دیئے گئے ہیں۔ ریلی کے منتظمین سے پہلے مذاکرات کرکے انہیں دھرنا دینے سے روکا جائے گا۔ بات چیت ناکام ہونے پر کنٹینر لگا دیئے جائیں گے۔ سرائے عالمگیر میں بھی جہلم پل کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ رواں سال جون میں ہالینڈ کی اسلام مخالف جماعت فریڈم پارٹی آف ڈچ کے متنازع رہنما گیرٹ ولڈرز نے پارلیمنٹ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ کروانے کا قبیح اعلان کیا ہے۔ پاکستان نے معاملے پر ہالینڈ کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج بھی کیا ہے۔

 

”گالی کا معاملہ “فیاض الحسن چوہان نے حقائق واضح کر دئیے

لاہور (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے ٹی وی پروگرام میں گالی کے معاملے پر معافی مانگ لی ہے۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ’ آف دی کیمرہ کلپ چلانا صحافت کی اخلاقیات کے خلاف ہے۔پورے پروگرام میں تحمل کے ساتھ انتہائی منفی سوالات کے جواب دیے ، پروگرام ختم ہونے کے بعد آف کیمرہ میرے متعلق کلپ چلایا گیا۔لیکن اس کے باوجود میں اپنے آف کیمرہ رویے پر معذرت خواہ ہوں‘۔ فیاض الحسن چوہان کو ان کو ماضی کی ویڈیوز دکھائی گئیں جن میں وہ اپنی تقاریر کے دور ان مختلف سیاسی شخصیا ت کے خلاف بد زبانی کررہے تھے۔ صوبائی وزیر یہ ویڈیوز دکھانے پر شدید برہم ہوگئے۔ پروگرام کے اختتام پر جب فیاض الحسن چوہان مائیک ہٹا رہے تھے تو اسی دوران انہوں نے عملے کو گالی دی جو کیمرے میں ریکارڈ ہوگئی۔ بعد ازاں ٹی وی چینل کے ملازمین کی جانب سے فیاض الحسن چوہان کا یہ کلپ سوشل میڈیا پر ڈال دیا گیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔

 

میمو گیٹ کیس :سپریم کورٹ نے نیب کو حسین حقانی کی واپسی کا حکم دیدیا

اسلام آباد( ویب ڈیسک ) سپریم کورٹ نے امریکا میں تعینات سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کو وطن واپس لانے کے لیے قومی احتساب بیورو (نیب) کو ٹاسک دے دیا۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں میمو کمیشن کیس کی سماعت ہوئی تو اس موقع پر وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے حسین حقانی سے متعلق پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ حسین حقانی کے خلاف عبوری چلان ٹرائل کورٹ میں پیش کردیا گیا، ملزم اشتہاری ہے اور امریکا میں رہائش پذیر ہے جس کا پاکستانی پاسپورٹ بلاک کرنے کا عمل جاری ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انٹرپول نے حسین حقانی کی امریکا میں موجودگی کی تصدیق کی ہے تاہم ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے لیے متعدد درخواستیں تاحال زیر التواءہیں۔اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ نیب کے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل سے ملزموں کی واپسی کے معاہدے ہیں اور عدالتی معاون احمر بلال صوفی کے مطابق نیب حسین حقانی کو وطن واپس لاسکتی ہے۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ چیئرمین نیب ملزم کی واپسی کے لیے وارنٹ جاری کرسکتے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ نیب حسین حقانی کو وطن واپس لائے جب کہ عدالت نے نیب کو حسین حقانی کی وطن واپسی کا ٹاسک دے دیا۔سپریم کورٹ نے آبزرویشن دی کہ پاکستان کے بیرونی ممالک سے باہمی معاہدے نا ہونے سے مشکلات ہیں۔اعلیٰ عدالت نے بیرون ملک ملزموں کی وطن واپسی کے لیے قانون سازی کی سفارش کی اور ہدایت کی کہ پارلیمنٹ ایک ماہ میں دیگر ملکوں سے معاہدوں کے لیے قانون سازی کرے۔میمو گیٹ اسکینڈل کیا ہے؟پاکستان پیپلز پارٹی کے گزشتہ دورِ حکومت میں ا±س وقت امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر حسین حقانی کا ایک مبینہ خط (میمو) سامنے آیا تھا۔حسین حقانی کی جانب سے بھیجے جانے والے میمو میں مبینہ طور پر یہ کہا گیا تھا کہ ایبٹ آباد میں القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن کے کمپاو¿نڈ پر امریکی حملے کے بعد ممکن ہے کہ پاکستان میں فوجی بغاوت ہوجائے۔میمو گیٹ میں ا±س وقت کی پیپلز پارٹی کی حکومت کے لیے امریکا سے معاونت مانگی گئی تھی تاکہ حکومت ملٹری اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو قابو میں رکھ سکے۔اس سلسلے میں تحقیقات کے لیے ایک جوڈیشل کمیشن بنایا گیا تھا جس نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ مذکورہ میمو درست ہے اور اسے امریکا میں تعینات سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی نے ہی تحریر کیا تھا۔کمیشن نے کہا تھا کہ میمو لکھنے کا مقصد امریکی حکام کو اس بات پر قائل کرنا تھا کہ پاکستان کی سول حکومت امریکا کی حامی ہے۔اس معاملے کو ا±س وقت کے اپوزیشن لیڈر نواز شریف سپریم کورٹ میں لے کر گئے تھے جس کے بعد حکومت نے حسین حقانی سے استعفیٰ لے لیا تھا اور وہ تب سے بیرون ملک مقیم ہیں۔

 

اعتزاز کا نام تحریک انصاف نے دیا پھر یو ٹرن لے لیا، خورشید شاہ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماخورشید شاہ نے کہا ہے کہ متفقہ صدارتی امیدوار کے لئے اعتزاز احسن کا نام تحریک انصاف نے دیا تھا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے آصف علی زرداری کا نام تجویز کیا گیا تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق خورشید شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب فواد چوہدری نے متفقہ صدارتی امیدوار کے نام کے حوالے سے رابطہ کیا اور کہاکہ ممکن نہیں کہ پیپلز پارٹی صدارتی امید وار کے لئے کوئی دوسرا نام دے جس پر انہیں اعتزاز احسن کے نام پر یقین دہانی کروائی گئی۔مگر تحریک انصاف نے متفقہ صدارتی امیدوار کے نام پر یو ٹرن لیا اور عارف علوی کو صدارتی امیدوار نامزد کردیا۔ اسکے بعد تحریک انصاف کی جانب سے دوبارہ کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ جس پر پیپلز پارٹی نے بھی اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔

شاہد خاقان عباسی لاہور سے حمزہ شہباز کی چھوڑی سیٹ پر ضمنی الیکشن لڑینگے

اسلام آبادسابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی لاہورسے حمزہ شہبازکی چھوڑی ہوئی نشست پرضمنی انتخاب لڑیں گے۔نواز شریف کی ہدایت پر شاہد خاقان عباسی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے کے مطابق ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے ،لاہور کے حلقے این اے 124 پرنواز شریف کی ہدایت پر شاہد خاقان عباسی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔واضح رہے کہ حمزہ شہباز نےعام انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی تھی،حمزہ شہباز نے صوبائی اسمبلی کی نشست برقرار رکھی جبکہ این اے 124کی نشست چھوڑ دی تھی، سابق وزیراعظم نوازشریف، شاہد خاقان عباسی کو اسمبلی میں لانے کے خواہشمند ہیں اور انہوں نے شاہد خاقان عباسی کو این اے 124سے الیکشن لڑنے کا کہا تھا جبکہ گزشتہ روز سابق وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے بھی این اے 124سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

بہت پلان ہیں ،عمران خان مجھے ٹائم دیں ،جاوید میانداد

کراچی (ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کراچی کے لیے بہت پلان ہیں، وزیراعظم عمران مجھے ٹائم دیں۔کرکٹ میں عمران خان کے پرانے ساتھی جاوید میانداد نے کراچی شہر کی خدمت کے لئے اپنی خدمات وزیراعظم کو پیش کر دیں۔جاوید میانداد نے وزیراعظم عمران خان کے نام اپنے بیان میں کہا ہے کہ میرے پاس بڑے پلان ہیں، مجھے ٹائم دیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مل کر کام کرنے کا وقت ہے اور میں کراچی کے تمام مسائل کو حل کرسکتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک آدمی کا ساتھ دینا ہوگا اور اسے وقت دینا ہو گا۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ کا کہنا تھا کہ اس مدت کے بعد دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔