حج کی اختتامی تقریب میں اداکار فواد خان کی بطور مہمان خصوصی شرکت

مکة المکرمہ(ویب ڈیسک)سعودی وزارت میڈیا امور کی جانب سے حج کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی سپر اسٹار فواد خان نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ تقریب میں فواد خان نے پاکستان سے جانے والے حجاج کی نمائندگی کی اور سعودی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔حج کی اختتامی تقریب میں مدعو کرنے کے لیے فواد خان نے سب سے پہلے سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد علاود کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ وہ مخلتف ممالک سے آئے افراد کے سامنے پاکستانی حجاج کی نمائندگی کر رہے ہیں‘۔فواد خان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے حج کے دوارن سیکیورٹی، انتظامات، اور میزبانی کی بہترین خدمات انجام دیں جو قابل ستائش ہیں۔انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو تمام حجاج اور مسلم امہ کو انتہائی محبت سے خیال رکھنے اور عازمین کے لیے تمام فرائض کو کامیابی سے انجام دینے پر مبارک باد پیش کی۔فواد خان نے خادم حرمین و الشریفین شاہ سلمان کو بھی حج کی کامیابی پر مبارکباد دی اور دعا کی کہ وہ ایسے ہی اخلاص اور کوششوں سے امن کا پیغام آنے والے برسوں میں بھی دیتے رہیں۔حج کی اختتامی تقریب میں فواد خان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ان کا پہلا حج تھا اور وہ بہت خوش ہیں اور اپنے ساتھ بہت سی یادیں سمیٹ کر واپس جارہے ہیں۔واضح رہے کہ فواد خان نے پہلی مرتبہ رواں برس اپنی اہلیہ کے ساتھ حج کی سعادت حاصل کی ہے۔

ایشین گیمزہاکی، پاکستان نے ملائیشیا کو 1-4 سے شکست دے دی

جکارتہ(ویب ڈیسک) ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم نے ملائیشیا کو 1-4 سے ہرا کر مسلسل چوتھی فتح سمیٹ لی۔جکارتہ میں جاری ایشین ایونٹ میں قومی ہاکی ٹیم چوتھے میچ میں مضبوط حریف ملائیشیا کو ایک کے مقابلے میں 4گول سے ہرا کر ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا۔چھٹے منٹ میں محمد عرفان نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے پاکستان کو برتری دلا دی، 11ویں منٹ میں ملائشیا کے فیض ہیلمی نے بھی پنالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔38ویں منٹ میں اعجاز احمد اور 4 منٹ کے بعد ہی مبشر علی نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے ٹیم کو 1-3 سے برتری دلا دی، 48 ویں منٹ میں اعجاز احمد نے گول کرکے ٹیم کی فتح پر مہر تصدیق ثبت کردی۔واضح رہے کہ پاکستان نے ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈاور اومان کے خلاف 10 گولز سے کامیابی حاصل کی جب کہ تیسرے میچ میں قازقستان کو 0-16 سے ہرا کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی، گرین شرٹس 28 اگست کو بنگلا دیش کے خلاف ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے گھر میں اسمارٹ فون استعمال کرنے پر پابندی

نیویارک (ویب ڈیسک)بچوں کو جدید ٹیکنالوجی کی لت لگانے والے ٹیکنالوجی سے خود بےزار ہیں، یہی وجہ ہے کہ مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے گھر میں اسمارٹ فون استعمال کرنے پر پابندی عائد ہے۔مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کی اہلیہ میلنڈا گیٹس اپنے بچوں کو اسمارٹ فون سے دور ہی رکھتی ہیں اور کمپیوٹر بھی صرف باورچی خانے میں استعمال کی اجازت ہے تا کہ وہ بہت زیادہ وقت نہ دیں سکیں۔بل گیٹس اپنے دفتر میں کتابیں پڑھنے میں گھنٹوں صرف کرتے ہیں اور باقی لوگ اپنے کمپیوٹر پر بیٹھے ہوتے ہیں۔امریکا میں ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر بنانے کے لیے مشہور سیلی کون ویلی میں سب سے بڑے اسکول والڈورف اسکول میں 11 سال سے کم عمر بچوں کے لیے الیکٹرانک ڈیوائسز کے استعمال پر پابندی ہے۔اس اسکول میں ای بے، ایپل اور گوگل کے ملازمین کے بچوں کو کھانا بنانا اور گھریلو استعمال کی چیزیں بنانا سکھایا جاتا ہے۔فیس بک کے بانی مارک زکربرگ ترجیح دیتے ہیں کہ ان کے بچے گھر سے باہر جا کر کھیلیں جب کہ ایپل کے بانی اسٹیو جابز نے بھی اپنے بچوں پر گھر میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر پابندی لگا رکھی تھی۔یہ حیران کن ہے کہ ٹیکنالوجی بنانے والے کس طرح اپنے بچوں کو اس کے استعمال سے دور رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

مخالفین کی فائرنگ سے باپ اور تین بیٹے جاں بحق،ماں بھی صدمے سے چل بسی

کرک(ویب ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں مخالفین نے فائرنگ کرکے باپ اور تین بیٹوں کو قتل کردیا جبکہ شوہر اور بیٹوں کی ہلاکت کی خبر سن کر بچوں کی ماں بھی صدمے سے چل بسی۔پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ شاہ سلیم گڈی خیل میں پیش آیا جہاں پاڑو خان نامی شخص اپنے تین بیٹوں کے ساتھ رشتے دار کے جنازے میں شریک تھا۔اس موقع پر اس کے مخالفین نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں باپ اور تینوں بیٹے جاں بحق ہوگئے۔باپ اور تین بیٹوں کی موت کی خبر گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا، بچوں کی ماں یہ صدمہ برداشت نہ کرسکی اور وہ بھی چل بسی۔واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کارروائی کررہی ہے۔

نیکٹا نے وزیراعظم عمران خان کو ایک اور تھریٹ الرٹ جاری کردیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) نیکٹا کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو ایک اور تھریٹ الرٹ جاری کردیا گیا۔وزیراعظم عمران خان کے اضافی سیکیورٹی لینے سے انکار نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نئی آزمائش میں ڈال دیا۔ وزیراعظم کو باربار سیکیورٹی تھریٹ نے سلامتی اداروں کی نیند اڑادی مگر عمران خان اس کے باوجود اضافی سیکیورٹی لینے کو تیارنہیں، وہ غیرمعمولی سیکیورٹی کو شاہانہ پروٹوکول تصورکرتے ہیں۔نیشنل کاﺅنٹر ٹیررازم اتھارٹی ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم عمران خان کو6 تھریٹ الرٹ جاری ہوچکے ہیں، آخری الرٹ تقریب حلف برداری سے 2 روز قبل جاری ہوا۔پولیس ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم کوبلیو بک کے مطابق سیکیورٹی فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں اورانھیں قائل کرنے کی بھی کوشش جاری ہے۔ ایک ماہ کے دوران 25 سے زائد سرچ آپریشن کیے گئے۔ بنی گالہ، بری امام، بہارہ کہو، سہالہ اور ترنول میں200سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔سیکیورٹی ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر عمران خان نے اضافی سیکیورٹی نہ لی تو یہ ان کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔