تازہ تر ین

محمدمرسی۔تیری جرات کوسلام

احمد علی محمودی……..(نقطہ نظر)

سال2011ءمیں مصری عوام اس وقت کے آمر حکمران حسنی مبارک کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے، دارلحکومت قاہرہ کے تحریر اسکوائر سے شروع ہونے والے پولیس کے بہیمانہ تشدد، آمرانہ قوانین،انتخابی دھاندلی، سیاسی سنسر شپ، کرپشن، بے روزگاری، مہنگائی اور کم اجرت کے خلاف احتجاج کی یہ چنگاری دیکھتے ہی دیکھتے پورے مصر میں آگ کی طرح پھیل گئی۔ لاکھوں کی تعداد میں مظاہرین نے حسنی مبارک کو صدارت کے منصب سے اتار نے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان ہونے والے پر تشدد تصادم میں کم ازکم846افراد جان بحق اور6000سے زائد زخمی ہوئے۔ 25جنوری2011ءکو شروع ہونے والے احتجاج کے اڑھائی ہفتے بعد 11فروری2011ءکو نائب صدر عمر سلیمان نے حسنی مبارک کے استعفیٰ کا اعلان کیا اور اختیارات سپریم کونسل آف آرمڈ فورسز کے حوالے کر دیے، جس کے بعد کونسل نے13 فروری2011ءکو ملک میں آئین کی معطلی کا اعلان کیا، دونوں پارلیمان کو تحلیل کر دیا گیا اور بتایا گیا کہ فوج اقتدار چھ ماہ تک اپنے پاس رکھے گی( جب تک الیکشن نہیں ہو جاتے)۔ سابق کا بینہ بشمول وزیر اعظم احمد شفیق کونئی حکومت کے آنے تک نگران قرار دیا گیا۔
حسنی مبارک کے خلاف انقلاب اور سپریم کونسل کے اقتدار کے بعد اخوان المسلمون زبردست کامیابی کے ساتھ اقتدار میں آئی اور جون2012ءکوڈاکٹر حافظ محمد مرسی کو بطور صدر منتخب کیا۔ ڈاکٹر حافظ محمد مرسی جدید مصر کی تاریخ کے پہلے جمہوری صدر تھے ۔لیکن ان کا یہ اقتدار زیادہ عرصہ تک قائم نہیں رہ سکا۔ ڈاکٹرحافظ محمد مرسی نے مصری قوانین کو اسلامی قوانین میں تبدیل کرنے کے لیے کام شروع کر دیا تھا اور وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتے تھے کہ آئندہ کوئی آمر مصر کے عوام کے حق حکمرانی پر شب خون نہ مارے، یہ وہ فیصلے تھے جو مرسی کے تختہ الٹنے کی بڑی وجہ بنے۔ مصر کی فوجی اور سیکولر اسٹیبلیشمنٹ کی پشت پناہی پر28جون2013ءکو محمد مرسی کے خلاف احتجاج شروع ہوا ، جس کو بہانہ بنا کر اس وقت کی مصری فوج کے سربراہ جنرل سیسی نے صدر مرسی کو مسائل حل کرنے کے لیے 18گھنٹوں کا وقت دیا اور دھمکی دی کہ بصورت دیگر وہ کوئی اور راستہ اختیار کریں گے۔ تاہم محمد مرسی نے اس الٹی میٹم کو رد کر دیا اور فوج کی بات ماننے کی بجائے اپنی حکومت جانے کو ترجیح دی۔ 3جولائی2013ءکو مصری فوج نے ان کے خلاف بغاوت کی اور ان کے وزیر دفاع جنرل عبدالفتح السیسی کی سربراہی میں ان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا۔ انہیں ان کے سرکردہ وزراءسمیت گرفتار کرکے پس دیوار زندان کر دیا گیا۔
فوجی سربراہ کے صدر مرسی کو معزول کرنے کے فیصلے کے خلاف اخوان المسلمون اور اس کے اتحادی جماعتوں نے سخت احتجاج کیا اور انہوں نے قاہرہ میں دو مقامات پر قریباً ڈیڑھ ماہ تک دھرنے دیے رکھے۔ ان دھرنوں کے خلاف مصری فورسز نے14اگست2013ءکو سخت کریک ڈاو¿ن کیا اور اخوان المسلمون اور دوسری جماعتوں کے چھ، سات سو کارکنان کوتشدد آمیز کارروائیوں میں ہلاک کر دیا، ہزاروں افرادکو گرفتار کرکے جیلوں میں بند کر دیا گیا۔انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ کے مطابق ڈاکٹر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد ایک سال کے عرصے میں کم سے کم چالیس ہزار افراد کو گرفتار کیا گیا۔ بعد میں ان کے خلاف مصری عدالتوں میں غداری اور دوسرے الزامات میںاجتماعی مقدمات چلائے گئے۔
قاہرہ کی ایک فوجی عدالت نے جون2015ءمیں ڈاکٹر محمد مرسی کو 2011ءکے اوائل میں سابق صدر حسنی مبارک کے خلاف عوامی احتجاجی تحریک کے دوران میں ایک جیل کو توڑنے کے مقدمے میں قصور وار قرار دے کر سزائے موت کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے اسی مقدمے میں اخوان المسلمون کے مرشد عام محمد بدیع ، نائب مرشد عام خیرت الشاطر، سینئرراہنماﺅں محمد البلتاجی اور محمد عبدالعاطی کو بھی سزائے موت سنائی تھی، اس مقدمے میںتیرہ دیگر مدعا علیہان کو ان کے عدم موجودگی میں موت کی سزائیں سنائی گئی تھی۔ مصری عدالتوں کے ان فیصلوں کے خلاف عالمی سطح پر شدید رد عمل کا اظہار کیا گیا، اقوام متحدہ نے تب ایک بیان میں کہا تھا کہ ”اس طرح تھوک کے حساب سے سزائے موت سنانے کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی“۔
ڈاکٹرحافظ محمد مرسی نے سزائے موت کے خلاف اپیل دائر کی، جسے مسترد کر دیا گیا۔ مرسی پر قطر کو قومی راز دینے کے الزام میں 25سال قید کی سزا سنائی گئی اور دیگر جرائم میں15سال کی اضافی قید کا اعلان بھی کیا گیا۔ تین سال قبل15نومبر2016ءکو مصر کی اعلیٰ ترین عدالت نے سابق صدر محمد مرسی کو سنائی جانے والی موت کی سزا کو ختم کر دیا تھا لیکن ان کے خلاف دیگر مقدمات آخر ی دم تک زیر التوا رہے۔ جیل کی چھ سالہ اسیری کے دوران انہیں نیند کے لیے صرف خالی فرش میسر رہا۔ اور اہل خانہ سے بھی چند ملاقاتیں ہی نصیب ہوئیں۔
ڈاکٹر محمد مرسی17جون2019ءبروز سوموار قاہرہ کی ایک عدالت میں اپنے خلاف جاسوسی کے مقدمے کی سماعت کے دوران جج کے روبرودلائل دے رہے تھے، اس دوران ان کی حالت اچانک بگڑ گئی، وہ وہیں گرے اور پھر دنیا کی عدالت سے اللہ کی عدالت میں پہنچ گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ڈاکٹرحافظ محمد مرسی کے الفاظ رہتی دنیا تک آمروں اور استعماری و سامراجی طاقتوں کے خلاف اعلان حق کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ ”ہماری زندگی کا مقصد اللہ کی رضا ہے،ہمارے لیڈر محمد ہیں ،ہمارا آئین قرآن ہے، جہاد ہماراراستہ ہے، اللہ کی خاطر جان دینا ہماری سب سے عزیز خواہش ہے“۔
(کالم نگا رجماعت اسلامی پاکستان کے رہنما ہیں)
٭….٭….٭


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2016 All Rights Reserved