تازہ تر ین

جعلی خبروں سے نمٹنے کیلئے کردار آئینی ہوگا،صدر عارف علوی کی سی پی این ای وفد سے گفتگو

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں معاشرتی تبدیلی کے لئے ان کا دفتر اپنا آئینی کردار ادا کرتا رہے گا۔ صدر مملکت نے غذائی قلت، نوزائیدہ بچوں کی اموات، آبادی میں اضافہ اور خواتین کے وراثتی حقوق جیسے اہم ترین سماجی مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھنے کے اپنے بھرپور عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے تمام شراکت داروں کو اعتماد میں لیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سی پی این ای کی سٹینڈنگ کمیٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ معاشرے میں سماجی تبدیلیاں لانے میں ذرائع ابلاغ کا بہت اہم کردار ہے۔ عمومی طور پر اشاعتی اور خصوصی طور پر نشریاتی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ جعلی خبروں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے میڈیا سٹیک ہولڈرز کو اضافی احتیاط برتنا ہوگی جو کہ ایک پرانا رجحان ہے لیکن مسلسل تباہ کن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ برسوں میں جعلی خبروں کا کاروبار عروج پر رہا اور موقر خبروں کی گنجائش مدھم پڑگئی۔ صدر مملکت نے کہا کہ قوم کو مصنوعی ذہانت کے ابھرتے ہوئے نظریے، جیسے جدید افکار اور ٹیکنالوجی سے لیس کرائے بغیر ابھرتے اور ترقی کرتے ہوئے ملک بننے کا خواب، خواب ہی رہے گا۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت کے ان کے اقدام کی حمایت پر ذرائع ابلاغ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام نے کراچی میں بھرپور کامیابی حاصل کی ہے اور اب حال ہی میں اسلام آباد اور فیصل آباد میں بھی اس کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں امن عمل کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اس کی تعمیر نو کے لئے اپنا موثر کردار ادا کر رہا ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی رہنمائی اور سرپرستی میں ہمیشہ پاکستان میں ذرائع ابلاغ کے فروغ کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ انہوں نے صحافتی برادری کو ملک میں ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کے لئے حکومت کی طرف سے تعاون کا یقین دلایا۔ سی پی این ای کے صدر عارف نظامی نے صحافتی برادری کی طرف سے ملک میں صحافتی برادری کی مسلسل حمایت پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافتی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ جعلی خبروں کے رجحان کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے نشر و اشاعت سے قبل خبر کی تصدیق ضرور کریں۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain