کپتانی کے حوالے سے فیصلہ پی سی بی کرے گا، سرفراز احمد

کراچی(ویب ڈیسک)کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کپتانی کے حوالے سے میرے فیصلے کی اہمیت نہیں تاہم اس حوالے سے فیصلہ پی سی بی کرے گا۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ نے ہماری ورلڈکپ کمپین پر اثر ڈالا، رن ریٹ کی وجہ سے سیمی فائنل میں رسائی نہ پا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف اچھا نہ کھیلے اور شکست پر افسوس ہوا، بھارت کے میچ کے بعد بہت سخت صورتحال تھی تاہم پورے ٹورنامنٹ میں ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی پوری سپورٹ رہی۔سرفراز احمد نے کہا کہ پہلے پانچ میچز میں کارکردگی اچھی نہ رہی تاہم آخری 4 میچز میں کارکردگی اچھی تھی، ٹیم میں گروپ بندی کی بات درست نہیں، اپنے لڑکوں سے کارکردگی پر بات کی، بلا جواز تنقید درست نہیں، جب برا کھیلتے ہیں تو تنقید ہی ہوتی ہے۔کپتان قومی ٹیم نے کہا کہ اپنے نمبر پر بیٹنگ کروں تو اچھی پرفارمنس دیتا ہوں، اپنی ٹیم پر اعتماد تھا، بطور ٹیم ہم نے فائٹ کی جب کہ کپتانی کے حوالے سے میرے فیصلے کی اہمیت نہیں، فیصلہ پی سی بی کرے گا جب کہ شعیب ملک کو آخری میچ میں موقع دینے کی خواہش دی تھی مگر ایسا نہ ہو سکا۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ مستقبل میں اہلیت کی بنیاد پر کھلاڑی ٹیم میں جگہ بنائیں گے، ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے بورڈ فیصلے کررہا ہے، 4 روزہ کرکٹ کو تقویت دینا ہوگی جب کہ عابد علی، آصف علی، احمد شہزاد اور عمر اکمل کی ٹیم میں جگہ بن سکتی ہے۔

شراب کا اڈا کھلنے پرڈیفنس مکینوں کا احتجاج

کراچی(ویب ڈیسک) ڈیفنس فیز ٹو ایکسٹینشن میں شراب خانہ کھولے جانے کے خلاف اہلیان علاقہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ڈیفنس کے علاقے میں شراب خانہ کھولنے کیخلاف مظاہرے کی قیادت پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور ایم این اے آفتاب صدیقی اور ایم پی اے شہزاد قریشی نے کی،مظاہرے میں ڈیفنس کلفٹن کی رہائشی خواتین ، نوجوانوں اور بزرگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرے میں اراکین اسمبلی صائمہ ندیم، ادیبہ حسن، اقلیتی ونگ کے مکیش داتار، سنجے گنگوانی، ممبر ایگزیکٹو بورڈ عمران صدیقی، عدنان اسماعیل، توقیر احمد، افتخار فاروقی اور دیگر بھی شریک تھے۔آفتاب صدیقی نے کہا کہ شراب نوشی ایک لعنت ہے،شراب نوشی تمام مذاہب میںحرام ہے، ہم کسی صورت اس کو اپنے گلی محلوں میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔انھوں نے شراب خانے کے خلاف بڑی تعداد میں اہلیان علاقہ کے باہر نکلنے پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کی کوشش رنگ لائے گی اور ہم شراب خانہ نہیں کھلنے دیں گے۔

دنیا کے طاقت ور ترین پاسپورٹ کا اعزاز جاپان اور سنگاپور کے نام

ہینلے (ویب ڈیسک)ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی حالیہ جاری کردہ رپورٹ میں طاقتور ترین پاسپورٹ کے حامل ممالک کی فہرست کا اعلان کر دیا گیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے ایسے ممالک کی فہرست جاری کی ہے جو طاقت ور پاسپورٹ رکھتے ہیں اور ان ممالک کے پاسپورٹ کے حامل افراد کو دنیا کے کئی ممالک میں ’ویزہ فری‘ کی سہولت حاصل ہوتی ہے۔گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی سنگاپور اول نمبر پر براجمان ہے جب کہ جاپان بھی اس کے ہمراہ اول نمبر ہے، دونوں ممالک کیلیے 189 ممالک نے ویزہ فری کی پالیسی اپنائی ہے۔ جرمنی ایک درجہ تنزلی کے بعد فن لینڈ اور جنوبی کوریا کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔اسی طرح ڈنمارک اور اٹلی تیسرا نمبر حاصل کرنے میں کامیاب رہے تو فرانس ، اسپین اور سویڈن چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ بھارت کا نمبر 86 واں ہے جب کہ پاکستان اس فہرست میں مزید نیچے چلا گیا اور اس سال 106 ویں نمبر پر ہے جس کے بعد بالترتیب شام، عراق اور افغانستان کا نمبر آتا ہے۔واضح رہے کہ اس رپورٹ میں دنیا بھر کے ممالک کے پاسپورٹس کو سفر کی آزادی کے لحاظ سے ترتیب دی گئی ہے، یعنی ان ممالک کا پاسپورٹ رکھنے والا شخص بغیر ویزہ لیے کتنے ممالک جاسکتا ہے۔

مریم صفدر کے نصیب میں خدا نے رسوائی لکھ دی ہے، فیاض الحسن چوہان

لاہور (ویب ڈیسک)احتساب عدالت کی جانب سے مریم صفدر کے الزامات کی وضاحت پر وزیر کالونیز فیاض الحسن چوہان کا تبصرہ۔جج ارشد ملک کی وضاحتی پریس ریلیز کے بعد بیگم صفدر کا وہ حال ہے کہ” نہ خدا ملا نہ وصال صنم”۔”الٹی پڑ گئیں سب تدبیریں” کے مصداق بیگم صفدر کو چاہیے کہ اب میڈیا سے پردہ کر لیں۔ مریم صفدر کے نصیب میں خدا نے رسوائی لکھ دی ہے۔ گزشتہ چار سالوں میں محترمہ کی کہی ہر بات ان کے لیے رسوائی کا سامان بنتی ہے۔ بیگم صفدر اپنے والد کی بیماری سمیت ہر معاملے پر جھوٹ کا سہارا لے کر قوم کو گمراہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ مریم صفدر ریاست پاکستان اور عدلیہ کے خلاف بیرونی طاقتوں کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں۔ آپ قانونی طور پرسزا یافتہ ہونے کی حیثیت سے کسی قسم کی بیان بازی کی مجاز نہیں ہیں۔ احتساب عدالت کی پریس ریلیز نے ثابت کر دیا کہ آپ نے جج صاحب کو رشوت دینے کی کوشش کی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

روشن آنکھوں اور ہونٹوں کی خوبصورتی کیلئے مفید غذائیں

واشنگٹن(ویب ڈیسک) خواتین اپنی جلد کے ساتھ ساتھ آنکھوں کو دیدہ زیب اور روشن بنانے کےلیے کئی جتن کرتی ہیں۔ ماہرین غذائیات کے مطابق ایسی غذائیں موجود ہیں جو آنکھوں کو حسین اور ہونٹوں کو تروتازہ اور دیدہ زیب بناتی ہیں۔

کیوی پھل
کھٹا میٹھا اور خوش ذائقہ پھل کیوی اب پاکستان میں بھی دستیاب ہے۔ اس پھل میں وٹامن سی، کولاجِن، اومیگا تھری فیٹی ایسڈز اور کئی طرح کے امائنو ایسڈز پائے جاتے ہیں۔ یہ سب مل کر جلد کو دھوپ کی تمازت اور جھلسنے سے بچاتے ہیں۔ اس کے علاوہ جلد کی خشکی دور کرنے میں بھی کیوی ایک لاجواب پھل ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کیوی پھل کھانے کے ساتھ ساتھ اس کی قاشوں کو آنکھوں کی تازگی کیلئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔آنکھوں کے گرد حلقے دور کرنے کےلیے کیوی کے قتلے عین اسی طرح گول دائروں میں کاٹ لیجئے جس طرح کھیرے کی ٹکڑے کاٹے جاتے ہیں۔ اس کے بعد 5 سے 10 منٹ تک انہیں آنکھوں پر رکھیے اور اس کے بعد سادہ پانی سے چہرہ دھولیجئے۔ صرف چند دنوں میں آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے جادوئی انداز میں غائب ہوجائیں گے۔

کدو کے بیج
کدو(پمپکِن) کے بیج ایک اہم دھات جست (زِنک) سے مالامال ہوتے ہیں۔ ان میں کئی اہم امائنو ایسڈز کے علاوہ سیروٹونِن نامی ہارمون بھی پایا جاتا ہے۔ زِنک چہرے اور جلد کو جوان اور تازہ رکھنے، کیل مہاسوں کو بھگانے اور انفیکشنز سے دور رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ کدو کے بیج کھانے سے ہونٹ گلابی اور نمی سے بھرپور دکھائی دیتے ہیں۔

ہلدی
ہلدی پاک و ہند میں ہزاروں برس سے دیسی میک اپ کے طور پر استعمال ہورہی ہے۔ جلد کےلیے ہلدی ایک بہترین ٹانک ہے اورکھانوں میں اس کا باقاعدہ استعمال چہرے پر بھی نکھار کی وجہ بنتا ہے۔کچے دودھ میں نصف چمچہ ہلدی ملاکر اسے اپنے ہونٹوں اور چہرے پر لگائیے۔ 10 منٹ بعد چہرہ دھولیجیے تاکہ ہلدی دودھ سمیت جذب ہوجائے۔ آپ نوٹ کریں گی کہ چہرہ اور ہونٹ دونوں کی رنگت اور ملائمت پر فرق پڑا ہے۔ہلدی کا استعمال جھائیوں کو دور کرتا ہے اور جلد کو تروتازہ بناتا ہے۔

سونامی تو آیا مگر مہنگائی، بےروزگاری اور جھوٹ کا، چیئرمین برابری پارٹی جواد احمد

لاہور(ویب ڈیسک)چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد کا کہنا ہے کہ وزیرا عظم عمران خان ملک میں بلین جھو ٹ، مہنگائی اور بے روز گار ی کا سونا می لا ئے، غریبوں اورمڈل کلاس دونوں کی بڑھتی ہوئی مشکلات ارب پتی عمران خان کو نظام سے نکال باہر کرے گی اور یا پھر وہ فسطائیت کی طرف بڑھیں گے ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کیلئے اعلان کردہ 6 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے ساتھ عائد شرائط کی تفصیلات جاری کیں ہیں ان کے مطابق پاکستان سالانہ 1500 سے 2000 ارب روپے ٹیکسوں کی مد میں آمدن بڑھانا، سٹیٹ بینک کرنسی کی شرح تبادلہ میں مداخلت ختم جبکہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ ہیں جو تشویشناک ہیں ان باتوں کا اظہار انھوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹیریٹ میں ورکرز سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھاکہ حکومت آئی ایم ایف اور مقتدر قوتوں کی بیساکھیوں پر چل رہی ہے اور یہ تاثر ملک کیلئے تباہ کن ہے اس وقت مہنگائی کا ایک طوفان ہے جس میں عوام چیخ و پکار کررہے ہیں مگر وزیر اعظم اور ان کی معاشی ٹیم آئی ایم ایف کے سامنے بے بس ہے، عوام کو پہلے صرف تعلیم،علاج اور انصا ف نہیں ملتا تھا اب دو وقت کا کھانا بھی نہیں مل رہا۔ جمہوریت،پارلیمانی روایات اور جمہوری رویے ہی جمہور کو اعتماد اور اطمینان دیتے ہیں۔سینیٹ،قومی اسمبلی اورصوبائی اسمبلی کے ممبران کیلئے نااہلی کا طریقہ کاراور ضابطہ آئین اور قانون میں طے شدہ ہے اور جب تک گرفتارکوئی بھی مجرم عدلیہ سے سزایافتہ اور نااہل نہ ہوجائے قانون کی نظر میں وہ ممبر ہے۔پروڈکشن آرڈر کا قانون ختم نہیں کیا جانا چاہئے تاکہ کسی بھی ایک پارٹی کی اجارہ داری اورمطلق العنانی پیدا نہ ہو۔

بارش میں نہانے اور فقیر کو پیسے دینے پر بھی 5 روپے ٹیکس دینا پڑے گا، فاروق ستار

کراچی(ویب ڈیسک) سربراہ تنظیم ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ بارش میں نہانے پر بھی ٹیکس لگا دیا جائے گا جب کہ فقیر کو پیسے دیں گے تو پانچ روپے ٹیکس دینا پڑے گا۔فاروق ستار نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے، بارش میں نہانے پر بھی ٹیکس لگا دیا جائے گا، فقیر کو پیسے دیں گے تو پانچ روپے ٹیکس دینا پڑے گا، حکومت کی حد سے زیادہ نالائقی ہے ،ترجیحات صحیح طریقے سے طے نہیں ہوئیں، وفاقی اور صوبائی حکومت ایک دوسرے پر الزام تراشی کے بجائے کے فور کی تکمیل پر لگائیں۔انہوں نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب نے یو ٹرن کے علاوہ کچھ نہیں کیا صرف رانا کی گرفتاری پر یو ٹرن نہیں لیا، وفاقی حکومت نے تباہی مچائی ہے مہنگائی کا سونامی لے آئی ہے، وفاقی حکومت نے مہنگائی کا طوفان برپا کردیا۔فاروق ستار نے کہا کہ وفاقی حکومت کے پیسوں سے کراچی میں جو پراجیکٹ چل رہے تھے اس کے پیسے دیتے نہیں ہیں صرف اعلانات کرتے ہیں، ووٹ لینے ہوتے ہیں تو اعلان کرکے چلے جاتے ہیں۔

آئی سی سی کی نئی رینکنگ جاری، پاکستانی ٹیم چھٹے نمبر پر

دبئی(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ایک روزہ میچوں کی نئی رینکنگ میں انگلینڈ کی ٹیم بازی لے گئی جبکہ پاکستانی ٹیم چھٹے نمبر پرآ گئی۔ایک روزہ میچوں کی نئی رینکنگ میں بھارت دوسرے نمبر پر اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گیا، آسٹریلیا تیسرے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم چوتھے نمبر پر پہنچ گئی۔بلے بازی کی رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑی بابر اعظم اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے اور رینکنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی پہلے اور روہت شرما دوسرے نمبر پر آئے ہیں۔ امام الحق نے رینکنگ میں گیارہویں پوزیشن حاصل کی ہے۔آئی سی سی کے ٹاپ ٹین باﺅلر رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی اپنی جگہ نہیں بنا سکا تاہم محمد عامر بارہویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔نوجوان پاکستانی فاسٹ باو¿لر شاہین شاہ آفریدی ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کے بعد 23 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ یہاں بھی بھارتی باو¿لر جسپریت بمرا پہلی، کیوی باﺅلر ٹرینٹ بولٹ دوسری اور آسٹریلوی باو¿لر پیٹ کومنز تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔آل راﺅنڈرز رینکنگ میں پاکستان کے عماد وسیم چوتھے نمبر پر اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے جبکہ محمد حفیظ نے رینکنگ میں 10 ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ یہاں بنگلہ دیشی آل راو¿نڈر شکیب الحسن پہلے، انگلینڈ کے بین سٹوکس دوسرے، افغانستان کے محمد نبی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

پلاسٹک اور جالوں میں شارک اور دیگر جاندار پھنسنے کے واقعات میں اضافہ

لندن(ویب ڈیسک) عالمی سمندروں میں پلاسٹک کا ایک ڈھیر لگ چکا ہے یہ پلاسٹک دنیا میں ہرجگہ موجود ہے اور اب تک ہزار سے زائد شارک اور مچھلیاں اس میں الجھ کر ہلاک ہوچکی ہیں یا پلاسٹک کے ساتھ ہی زندہ ہیں۔یہ سروے یونیورسٹی آف ایکسیٹر نے کیا ہے جس میں سوشل میڈیا پر پلاسٹک سے مرنے والے جانوروں پر قیاس آرائیاں کی جاتی رہی تھیں۔ ایکسیٹر کے ماہرین نے اس کی تصدیق کا فیصلہ کیا اور کئی مطبوعہ رپورٹس اور تحقیق کا نئے سرے سے جائزہ بھی لیا۔ماہی گیر پلاسٹک کے پرانے جال سمندروں میں ڈال دیتے ہیں جسے ان جانوروں کی موت کی سب سے بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ جانوروں کے الجھنے کے 74 فیصد واقعات میں جال ملوث ہیں۔ جبکہ پلاسٹک کی تھیلیاں، ٹائر اوربوتلیں وغیرہ بھی بے جان سمندری مخلوق کو ماررہی ہیں۔اس کے زیادہ تر واقعات بحرالکاہل اور بحرِ اوقیانوس میں ہوئے ہیں جہاں پلاسٹک کے جالوں کی بھرمار ہے۔ لیکن ماہرین ان کی تعداد کم سے کم 1117 بتاتے ہیں جن میں نایاب شارک اور مختلف اقسام کی رے فش شامل ہیں۔ لیکن ماہرین کہتے ہیں کہ مرنے والی مخلوق کی تعداد بہت زیادہ ہوسکتی ہے۔ماہرین نے اس کے لیے 1940 سے 2009 تک کے واقعات کا جائزہ لیا ہے۔ ماہرین کے مطابق دیگر سمندری مسائل سامنے آتے رہتے ہیں لیکن پلاسٹک سے مرنے والے جانوروں پر کم بات کی جاتی ہے۔ سمندری پلاسٹک اور جالوں میں وھیل شارک، گریٹ وائٹ، ٹائیگر شارک اور دیگر اقسام شامل ہیں۔

ورلڈکپ میں شکست ، بڑے بڑے برج الٹنے کا امکان

کراچی(ویب ڈیسک) ورلڈکپ میں شکست پر بڑے بڑے برج الٹنے کا امکان روشن ہوگیا جب کہ سلیکشن کمیٹی اور کوچز کو گھر جانا پڑے گا۔انگلینڈ میں منعقدہ میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم فائنل فور میں بھی جگہ نہ بنا سکی، غیرمعیاری کارکردگی کے بعد قومی کرکٹ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا گیا، یہ بات تو یقینی ہے کہ انضمام الحق کی زیرسربراہی سلیکشن کمیٹی اب برقرار نہیں رہے گی۔بورڈ کی جانب سے جلد ان کی ”خدمات“ کو خراج تحسین ادا کرنے کی پریس ریلیز سامنے آ سکتی ہے،ان کی جگہ سنبھالنے کیلیے بعض سابق کرکٹرز کے نام زیرغور ہیں البتہ ابھی کسی کو فائنل نہیں کیا گیا، انضمام سے موجودہ بورڈ حکام خوش نہیں اور ورلڈکپ سے قبل ہی انھیں بتا دیا گیا تھا کہ نتائج کچھ بھی ہوں معاہدے میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور ان کی ٹیم کے بھی برقرار رہنے کا امکان کم ہے،ابھی پی سی بی نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ نیا کوچ ملکی ہو یا غیر ملکی، چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی لندن میں مکی آرتھر سے ملاقات ہوگی جس میں ان کے مستقبل پر بات ہونی ہے، ون ڈے اور ٹیسٹ میں ٹیم کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے بورڈ تبدیلی چاہتا ہے۔اسی طرح کپتان سرفراز احمد کا مستقبل بھی غیریقینی کا شکار ہے،البتہ مناسب متبادل موجود نہ ہونے کی وجہ سے شاید ان کے حوالے سے فیصلے میں تاخیر ہو جائے،ذرائع نے بتایا کہ مکی آرتھر اور سرفراز دونوں کی خواہش ہے کہ بدستور فرائض نبھاتے رہیں مگر بورڈ نے کسی قسم کی یقین دہانی کرانے سے گریز کیا ہے۔انگلینڈ میں آئی سی سی میٹنگز سے فراغت کے بعد ایم ڈی وسیم خان کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں اس حوالے سے تبادلہ خیال کرینگے، فی الحال آئندہ کچھ ماہ پاکستانی ٹیم کی بھی کوئی مصروفیت نہیں لہذا بورڈ جلد بازی میںکوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتا۔