تازہ تر ین

پاکستان مذاکرات کیلئے مخلص لیکن بھارت پیچھے ہٹ رہا ہے، شاہ محمود قریشی

نیویارک(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت سے دوطرفہ مذاکرات کے لئے مخلص ہے لیکن بھارت پیچھے ہٹ رہا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکا میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر تجانی محمد بندے، سلامتی کونسل کے صدر انکمبینٹ ویزلی نیبنزیا اور جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریز سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ہیں۔ ان ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سرکاری میڈیا کے مطابق انتونیو گوتریز سے ملاقات میں وزیرخارجہ نے امریکا ایران تنازع کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی کشیدگی ختم کرانے کے لئے پاکستانی اقدامات، اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب و ایران اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات سے آگاہ بھی کیا، انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں صورتحال سنگین ہے اورخطہ مزید کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ جس پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔شاہ محمود قریشی نے اپنی ٹوئٹس میں کہا ہے کہ گزشتہ 5 ماہ کے دوران پاکستان کی درخواست پر چین کی حمایت کے باعث اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان کو دوسری مرتبہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی و سلامتی کونسل کے صدور اور جنرل سیکریٹری سے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں انہوں نے 5 اگست 2019 کے بعد بے گناہ اور نہتے کشمیریوں پر بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے جو 7 دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ عالمی فورمز میں ایک بار پھر عالمی فورمز کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جلد از جلد اس بین الاقوامی تنازع کے حل کرنے کی اشد ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ 5 اگست 2019 سے 80 لاکھ کشمیریوں کو مسلسل کرفیو کا سامنا ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں، مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے، کئی ملکوں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے اور کئی ملک دوطرفہ بات چیت پر زور دے رہے ہیں۔ پاکستان بھارت سے دوطرفہ مذاکرات کے لیے مخلص ہے لیکن بھارت پیچھے ہٹ رہا ہے۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain