تازہ تر ین

اپنے حصے کی شمع جلائیں!

نعیم ثاقب
دیرینہ رفیق ، خبریں گروپ کے ایڈیٹر اور چینل فائیو کے سی ای او امتنان شاہد نے موجودہ صورت حال پہ خصوصی تحریر لکھی جس میں براہ راست وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان کو مشورہ نما درخواست کی کہ آپ نوجوانوں کو اپنی طاقت سمجھتے ہیں یوتھ پر مشتمل رضاکاروں کی فورس بنائیں جو ان حالات میں غریب گھرانوں تک راشن پہنچائے جیسے برطانیہ نے بنائی اور تین گھنٹے میں چار لاکھ نوجوانوں نے خود کو رجسٹر کروا لیا یہ فورس کرونا سے پریشان ان خاندانوں تک راشن پہچانے کا کام کرے جن کے گھر کا چولہا روزانہ کی کمائی کی بنیاد پر چلتا ہے اگلے دن وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان نے ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان کردیا اس بات پر عمران خان اور امتنان شاہد دونوں داد کے مستحق ہیں امتنان شاہد صاحب ٹائیگر فورس بنے نہ بنے لوگوں کے گھروں تک راشن پہنچے نہ پہنچے یہ بعد کی بات ہے لیکن آپ نے اپنے حصے کی شمع جلا دی ہے اور اپنا رول ادا کر دیا ہے ٹائیگر فورس کے ذریعے غریب، نادار اور بے بس لوگوں کے پیٹ میں روٹی کے چند ٹکڑے چلے گئے تو ان کے دل سے آپ کے لیے دعا ضرور نکلے گی جو آپ کی آئندہ منزلیں آسان کرنے میں مدد کرے گی ایسی تجاویز لکھتے رہیے ،دعائیں لیتے رہئے اور اپنے حصے کی شمع جلاتے رہیں ۔
ایسے حالات میں بے شمار اور بھی لوگ ہیں جو دعاں کے طلبگار ہیں اور اپنے اپنے حصے کی شمع جلا رہے ہیں جیسے دو دن پہلے شاہ جی کا فون آیا اور باتوں باتوں میں بتانے لگے کہ ایک ہزار گھروں کے لیے راشن ایک لاکھ ماسک اور سینیٹائزر کی 2 ہزاربوتلیں بنوائی ہیں جو ضرورت مندوں میں تقسیم کریں گے آپ کے ارد گرد کوئی ضرورت مند ہو تو ضرور بتائیے گا راشن پیک میں گھی، چاول ،چینی ،آٹا ،دال نمک ،صابن اور مختلف قسم کا سامان ہے میں نے کہا ہمارے ایک دوست کی گھی مل ہے میں کوشش کرتا ہوں کہ تھوڑے کم نرخوں پر گھی مل جائے اور اس کے بعد تسلیم عارف سے ڈاکٹر انعام صاحب کا نمبر لے کر گھی کے ریٹ کا پتہ کرکے شاہ جی کو بتا دیا اگلے دن شاہ جی کی کال آئی کے آپ کی انفارمیشن کے بعد ہمیں گھی تقریبا سولہ روپے فی کلو سستا پڑا ہے اور اس کے ساتھ ہی شاہ جی نے اپنے مخصوص انداز میں قہقہہ لگاتے ہوئے کہا پاہ جی! آپ نے بھی اپنے حصے کی شمع جلا دی ہے اس کار خیر میں آپ کا حصہ بھی پڑ گیا ہے واٹس ایپ پر زبیر انصاری کا میسج ملا کہ نعیم بھائی لوگوں کے لئے راشن کا بندوبست کیا ہے راشن کی تقسیم اکتیس مارچ سے شروع کرنی ہے ضرورت مندوں تک پیغام پہنچا کر اپنے حصے کی شمع جلائیں۔ عزیز دوست اسسٹنٹ کمشنر پتوکی آصف ڈوگر نے سول ایڈمنسٹریشن کی حوصلہ افزائی کی ترغیب دیکر اپنے حصے کی شمع جلا دی پتہ چلا کہ بورےوالا سے چودھری نذیر جٹ میاں مبین اور دیگر دوست راشن ماسک اور دیگر اشیا تقسیم کر کے اپنے اپنے حصے کی شمع جلا رہے ہیںباقر بلال نے مخیر حضرات اور ضرورتمندوں کے لیے ایپ بنا کر اپنے حصے کی شمع جلا دی ہے اس کے علاوہ درجنوں میسج فیس بک واٹس اپ پر ملتے ہیں جن میں نمبر تحریر ہوتے ہیں کہ ضرورت مند راشن وغیرہ کے لیے ان نمبروں پر رابطہ کر سکتے ہیں فلاحی ادارے تنظیمیں اور بہت سے گمنام رہ کر کام کرنے والے پاکستانی اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور اپنے ضرورت مند بھائیوں کی مدد کرتے ہوئے اپنے اپنے حصے کی شمع جلا رہے ہیں اسی طرح ہمارے ڈا کٹرز میڈیکل سٹاف ،آرمی کے جوان ،جرنلسٹ پولیس ، سول ایڈمنسٹریشن اپنے فرائض ادا کرکے اپنے حصے کی شمع جلا رہے ہیں ۔
ہم سب کا فرض ہے کہ جو لوگ اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر ہماری حفاظت کا بندوبست کر رہے ہیں گھر کی دہلیز پر کھانے پینے کی اشیا پہنچا رہے ہیں ہم ان کی جلائی ہوئی شمع کو بجھنے نہ دیں اور گھر میں رہ کر حکومت کی ہدایت پر عمل کرکے اپنے حصے کی شمع جلائیں۔
اور ایک بہت ہی اہم بات جو مرشد کہا کرتے ہیں کہ شمع جلانے سے پہلے اس بات کا تعین کرنا بہت ضروری ہے کہ شمع دوسروں کی فلاح کی نیت سے جلا رہے ہیں یا اپنی انا کی تسکین کے لیے۔۔۔
(کالم نگارقومی وسیاسی امورپرلکھتے ہیں)
٭….٭….٭


اہم خبریں




دلچسپ و عجیب
کالم
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2016 All Rights Reserved