تازہ تر ین

کام ، کام اور کام

ڈاکٹر نبیل چودھری
جی بات تو بالکل درست ہے کہ پنجاب میں ایک کم گو کام کرتا رہا، دوسرا سندھ میں مرکز کو آنکھیں دکھاتا رہا۔ چند اینکرز نے شور مچائے رکھا کہ شاہ جی میدان مار گئے ۔نہ فیاض چوہان نے شور کیا اور نہ کسی اور ترجمان حکومت پنجاب نے، بلکہ یہ لوگ کام کرنے میں مگن رہے ۔آہستہ آ ہستہ سفر جاری رکھا، منزل مشکل تھی راستہ خراب تھا لیکن ایک سوچ اور ایک فکر تھی کہ خدمت کرنی ہے شور نہیں مچانا۔ سو دن عزم و ہمت کے دن تھے۔ وہ ایک شعر یاد آ گیا ،حوصلے پست تھے فاصلہ دیکھ کر، فاصلے مٹ گئے حوصلہ دیکھ کر۔
شکریہ عثمان بزدار ،شکریہ فیاض چوہان اور شکریہ ڈاکٹر یاسمین راشد۔ پنجاب نے کرونا کی لڑائی میں فتح کا سفر تقریباً طے کر لیا ہے۔ تازہ ترین رپورٹ یہ ہے کہ پنجاب میں کرونا کے مریض کم ہو رہے ہیںجبکہ سندھ کے بارے میں خطرہ یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں وہاں مریضوں کا تناسب بڑھ سکتا ہے ۔ ہماری صحافت کے بھی رنگ نرالے ہیں، چند اینکرز اور صحافیوں کو تو لگتا ہے کسی سے دشمنی ہو نہ ہو عثمان بزدار سے چڑ ہے ۔کیوں چڑ ہے، اس کے بارے میں پہلے بھی لکھا جا چکا ہے اور اب بھی دہرائے دیتا ہوں ۔بنیادی وجہ جو میں نے محسوس کی ہے وہ یہ ہے کہ عثمان بزدار کا تعلق پنجاب کے پسماندہ خطے سے ہے ۔لوگوں کا خیال تھا کہ پنجاب کا وزیر اعلیٰ، شعلے فلم کے جیلر جیسا ہونا چاہئے جو بڑھکیں لگائے بھلے سے کام نہ کرے۔ پنجاب کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ صوبہ ملک امیر محمد خان ،غلام مصطفی کھر اور شہباز شریف جیسے لوگوں کےلئے ہے لیکن عثمان بزدار نے یہ تاثر دور کر دیا ہے ۔
پاکستان کو اللہ نے ایماندار قیادت سے نواز رکھا ہے۔حقیقت تو یہ ہے کہ ملکی وسائل کو لوٹا نہ جائے اور ایمانداری سے عوام پر لگایا جائے تو ملک ابھرتا ہوا نظر آئے گا جنہیں تبدیلی نظر نہیں آتی ان سے صرف یہ کہنا ہے کہ وہ اپنی عینک کا نمبر تبدیل کرائیں۔ کرونا کے دور میں آپ کی ٹیکسٹائل پہلے سے زیادہ ایکسپورٹ میں حصہ ڈال رہی ہےں ۔کیا یہ ہمارے لئے حیران کن نہیں کہ ہمارے ٹیکنالجسٹوں نے این 95 ماسک بنا لئے، پرسنل پروٹیکشن کٹس بنا لیں، سینیٹائزنگ گیٹ بنا لئے اور تو اور ان ٹیکنیکل لوگوں نے پاکستان میں بیٹری سے چلنے والے موٹر بائیک بھی بنانے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے،بس ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے نیچے جوڑا جائے اور اس کونسل کو خود مختار بنا دیا جائے۔ٹیوٹا کے علی سلمان اس بارے میں کوشاں ہیں اور ہزاروں نوجوانوں کو امید پیدا ہو گئی ہے ۔
قارئین! عثمان بزدار کی حکومت میں عزم وہمت کے ان سو دنوں میں کامیابی کی روشن مثالیں سامنے آ رہی ہیں ۔سب سے بڑی کامیابی تو عوام کو اس وباءسے آگہی کی مہم کی کامیابی ہے اب شروع کے دنوں والی افراتفری نہیں ہے ۔حکومت پنجاب نے سمارٹ لاک ڈاﺅن کو اپنا کر بڑی کامیابی پائی ہے۔ اب کرونا کا پھیلاﺅ پہلے سے بہت کم ہے۔ لوگ جان گئے ہیں کہ اس بیماری سے کیسے لڑنا ہے، اب ہسپتالوں پر پریشر بھی کم ہوا ہے ۔حکومت پنجاب کے شعبہ صحت اور اطلاعات کی اچھی کارکردگی کو سراہنا ضروری ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہر میدان میں کامیابی حاصل کی ہے جب سے علیم خان نے وزارت خوراک سنبھالی ہے اس میں شاندار کامیابیاں ملی ہیں۔عبدالعلیم ایک کامیاب وزیر ہیں۔اسی طرح صنعت کے وزیر میاں اسلم اقبال کی کارکردگی کسی سے کم نہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے پے در پے کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔کرونا دور میں غریبوں کو امداد ان کی دہلیز پر دی گئی ۔بے شمار صنعتوں کا پہیہ چلنے دیا گیا۔ میں نے پہلے بھی لکھا ہے کہ ٹیکسٹائل کے شعبے میں بے شمار کامیابیاں سمیٹی گئی ہیں اب کسانوں کےلئے ٹیوب ویل کی بجلی کے بلوں میں بڑی تخفیف کی جا رہی ہے ۔غریب خاندانوں کےلئے 18 ارب کی امداد کی تقسیم کا کام شروع کیا جا رہا ہے، بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات کےلئے ایک اہم اجلاس بھی منعقد کیا گیا ہے۔ راولپنڈی کے ایم پی اے چودھری عدنان نے اس سلسلے میں وزیر اعلی سے مل کر انہیں ٹھوس تجاویز دی ہیں ۔
عثمان بزدار کی قیادت میں سچ پوچھیں پنجاب بدل رہا ہے۔ پنجاب پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے انتظامی طور پر جنوبی پنجاب کواوپر اٹھانے کےلئے تحریک انصاف وعدے پورے کرتی نظر آتی ہے۔ جنوبی پنجاب کےلئے انتظامی دفاتر کام کرنا شروع ہو گئے ہیں ،یہ پی ٹی آئی کا خواب تھا۔ یہاں مجھے ” خبریں“ کے چیف ایڈیٹر جناب ضیا شاہد کو خراج تحسین بھی پیش کرنا ہے جنہوں نے ایک مدت سے جنوبی پنجاب کے حقوق کےلئے آواز اٹھائی ہے۔ جب کبھی صوبہ مکمل ہوا اور اس کا اعلان ہوا تو یقین کیجئے اس میں خبریں کی کاوش کو نہیں بھلایا جائے گا اور جناب ضیا شاہد کا نام سر فہرست ہو گا۔خبریں نے ” جہاں ظلم وہاں خبریں“ کے عنوان سے بڑا کام کیا ہے۔ آخر میں ایک اندوہناک خبر کہ میرے جدہ سکول کے استاد سر راجہ محمد اقبال کرونا سے لڑتے لڑتے مکہ شمیسی جیل میں شہید ہو گئے ہیں ۔اللہ پاک انہیں جنت میں جگہ دے۔
(مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف ہیں)
٭….٭….٭


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2016 All Rights Reserved