تازہ تر ین

حکومت دوبارہ بھارت کو کلبھوشن یادیو کیلئے وکیل مقرر کرنے کی پیشکش کرے : اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(ویب ڈیسک): چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے حکومت کو کلبھوشن یادیو کا وکیل مقرر کیلئے بھارت کو دوبارہ پیشکش کرنے کا حکم دے دیا ، بقیہ سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

 چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل 2 رکنی خصوصی بینچ نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد اور کلبھوشن یادیو کے لیے وکیل مقرر کرنے کی حکومتی درخواست پر سماعت کی۔ وفاق کی جانب سے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان عدالت میں پیش ہوئے۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو غیر قانونی طور پر پاکستان داخل ہونے پر گرفتار کیا، اس نے مجسٹریٹ کے سامنے اعترافی بیان میں ’را‘ کے ایما پر دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے اور جاسوسی کا اقرار کیا۔ ملٹری کورٹ نے کلبھوشن یادیو کو آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کر کے سزا سنائی. 12 مارچ 2017 کو کلبھوشن یادیو کو سزائے موت کی سزا سنائی گئی، چیف آف آرمی اسٹاف نے 10 اپریل 2017 کو سزا کی توثیق کی، کلبھوشن یادیو کی رحم کی اپیل چیف آف آرمی اسٹاف کے پاس زیر التوا ہے۔
خالد جاوید خان نے بتایا کہ 2017 میں بھارت نے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا، بھارت کلبھوشن کیس میں نقائص تلاش کرکے ریلیف لینا چاہتا ہے، بھارت نے یہ تاثر دیا کہ کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی نہیں دی گئی۔ بھارت نے ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کرنے اور کلبھوشن کو قونصلر رسائی نہ دینے الزام لگایا۔ عالمی عدالت انصاف نے سزائے موت پر حکم امتناع جاری کیا جو آج بھی موجود ہے۔ عدالتی استفسار پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ پاکستان تمام بین الاقوامی قوانین پر عمل کررہا ہے، پاکستان نے کبھی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی، عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے آرڈیننس جاری کر کے سزا کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کرنے کا موقع دیا گیا۔ اگر کوئی قیدی اپنے لیے وکیل نہ کر سکے تو عدالت اسے اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے وکیل مہیا کرتی ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ اب معاملہ ہائی کورٹ میں ہے تو کیوں نا بھارت کو ایک اور موقع دیا جائے، بھارت اور کلبھوشن یادیو کو ایک بار پھر قانونی نمائندہ مقرر کرنے کی پیشکش کریں۔ جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم تیار ہیں بھارت اور کلبھوشن کو وکیل کی پیشکش کریں گے، ہم دفتر خارجہ کے ذریعے دوبارہ بھارت سے رابطہ کریں گے، عدالت نے درخواست پر سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کردی۔

اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain