تازہ تر ین

رونالڈو انٹرنیشنل گولز کی سنچری کرنے والےپہلے یورپی مرد فٹبالر

ویسب ڈیسک : کرونا وائرس کی وجہ سے 10 ماہ کے طویل انتظار کے بعد بالآخر پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے یوایفا نیشنز لیگ میں سویڈن کے خلاف فری کک پر گول کر کے ا نٹرنیشنل فٹبال میچز میں اپنے گولز کی سنچری مکمل کر لی اس طرح وہ  ایران کے فٹبالر علی داعی کے بعد یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے دوسرے اور یورپ کے پہلے مرد فٹبالر بن گئے۔ دنیائے فٹبال میں سب سے زیادہ 186 انٹرنیشنل گولز کرنے کا اعزاز کینیڈا کی خاتون فٹبالر کرسٹائن سنکلیئر کو حاصل ہے۔

یورپ نے فٹبال کی دنیا کو کئی نامور اور بڑے سپر اسٹار کھلاڑی دیئے ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی انٹرنیشنل گولز کی سنچری کے قریب نہیں پہنچ سکا۔ کرسٹیانو رونالڈو نے اسٹاک ہوم میں میزبان سویڈن کے خلاف میچ میں 25 میٹر کی دوری سے فری کک پر گول کیا جسے گول کیپر بھی اپنی بھرپور کوشش کے باوجود روکنے میں ناکام رہا اور گھومتی ہوئی گیند کو حیرت سے گول پوسٹ کے اوپری کارنر میں جاتے دیکھتا رہا۔

رونالڈو نے 100 گول کا یہ سنگ میل پرتگال کی جانب سے اپنا 165 واں انٹرنیشنل میچ کھیلتے ہوئے عبور کیا۔ اسٹاک ہوم کے خالی اسٹیڈیم میں رونالڈو کو اس شاندار اورتاریخی کارنامے پر داد دینے کیلئے کوئی تماشائی موجود نہیں تھا تاہم پرتگالی کپتان نے ساتھیوں کے ہمراہ اپنے روایتی انداز میں جشن منایا۔

اس میچ  رونالڈو نے اپنی برق رفتاری اور ڈربلنگ سے متعدد بار سویڈن کا دفاع پاش پاش کیا۔ رونالڈو نے اسی میچ میں ایک اور خوبصورت گول کر کے اپنے انٹرنیشنل گولز کی تعداد کو 101 تک پہنچا دیا ہے۔ رونالڈو کا کہنا ہے کہ اس  سنگ میل کو عبور کرنے اور یورپ کا پہلا سنچری میکر بننے پر جو خوشی ہے اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

اب 35 سالہ رونالڈو کو فٹبال کی دنیا میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل گول کرنے والے ایران کے سپر اسٹار فٹبالر علی داعی کا ریکارڈ توڑنے کیلئے مزید 9 گول کی ضرورت ہے۔ ایران کے علی داعی نے سن 1993 سے سن 2006 تک 149 انٹرنیشنل میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے 109 گول کیے تھے اور ا ن کا یہ ریکارڈ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل ہے۔

کرسٹیانو رونالڈو یو ایفا نیشنز لیگ میں کروشیا کے خلاف پہلے میچ میں پاؤں کا انگوٹھا زخمی ہونے کی وجہ سے حصہ نہیں لے سکے تھے۔ یہ میچ پرتگال نے 4-1 کے مارجن سے بآسانی جیت لیا تھا۔ اگر رونالڈو فٹ ہوتے اور اس میچ  میں شرکت کرتے تو ممکن تھا کہ وہ کروشیا کے خلاف میچ میں ہی اپنے انٹرنیشنل گولز کی سنچری مکمل کر لیتے۔ رونالڈو نے اس سنچری میں 42 ممالک کے خلاف میچ کھیلتے ہوئے گول کیے۔

اگر پرتگال کی ٹیم موجودہ یوایفا نیشنز لیگ میں کامیابی حاصل کرتی رہی اور رونالڈو کے گول کرنے کی موجودہ اوسط برقرار رہی تو غالب امکان یہی ہے کہ وہ اسی ٹورنامنٹ میں علی داعی کے ریکارڈ کو توڑ کر اپنا نام کندہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ رونالڈو نے گزشتہ 9 انٹرنیشنل میچوں میں پرتگال کی نمائندگی کرتے ہوئے 16 گول داغے ہیں ۔

کرسٹیانو رونالڈو کو گولز کی سنچری تک پہنچنے میں 17  سال کا عرصہ لگا۔ رونالڈو نے  18 سال کی عمر میں  قازقستان  کے خلاف20 اگست 2003 میں متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے میچ کھیلتے ہوئے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔ رونالڈو دوسرے ہاف میں عالمی شہرت یافتہ لوئیس فیگو کے متبادل کے طور پر میدان میں اتارے گئے تھے۔ اس میچ میں نوجوان رونالڈو کوئی گول نہیں کر سکے تھے مگر اپنے متاثر کن کھیل سے یہ اشارہ دے دیا تھا کہ وہ مستقبل کے اسٹار فٹبالر ہوں گے۔ اس میچ کو دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم میں صرف 8 ہزار تماشائی موجود تھے لیکن اب رونالڈو کے دنیا بھر میں کروڑوں مداح ہیں جو اس کے کرشماتی کھیل کے دیوانے ہیں۔

رونالڈو نے اپنا پہلا انٹرنیشنل گول ایک سال بعد سن 2004 میں یورو چیمپیئن شپ میں یونان کیخلاف میچ میں کیا تھا۔ یہ میچ پرتگال 2-1 سے ہار گیا تھا۔  اس کے بعد کوئی سال ایسا نہیں گزرا ہے جس میں وہ گول کرنے میں ناکام رہے ہوں۔ رونالڈو مسلسل 17 سال سے انٹرنیشنل سیزن میں گول کر رہے ہیں۔ رونالڈو نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں زیادہ تر گول ورلڈ کپ کوالیفائرز اور یورپی ٹورنامنٹس کوالیفائرز میں کیے ہیں۔ انہوں نے صرف 17 گول انٹرنیشنل دوستانہ میچوں میں کیے ہیں۔

اپنے شاندار کھیل کی وجہ سے کرسٹیانو رونالڈو نے مختلف کلبوں کو بے شمار ٹرافیاں جتوائی ہیں اور وہ خود بھی 5 مرتبہ دنیا کے بہترین فٹبالر کا ’بیلون ڈی اور ایوراڈ‘ جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ عہد حاضر میں ان کا مقابلہ ارجنٹینا کے لیونل میسی سے ہے لیکن وہ گول کرنے میں اپنے ارجنٹائنی حریف سے آگے ہیں۔ رونالڈو کی قیادت میں پرتگال نے سن 2016 میں یورو چیمپیئن شپ جیتی تھی لیکن رونالڈو سیمی فائنل میں چوٹ لگنے کی وجہ سے اس فائنل میں حصہ نہیں لے سکے تھے تاہم انہوں نے باہر بیٹھ کر اپنی ٹیم کی بھرپور رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی تھی۔ انٹر نیشنل گولز میں اب رونالڈو کے قریب ترین متحرک کھلاڑی بھارت کے سنیل چھیتری 72 گول اور لیونل میسی 70 گول ہیں۔ کرسٹیانو رونالڈو کو چیمپیئنز لیگ میں سب سے زیادہ 136 گول کرنے کا اعزاز حاصل ہے اور لیونل میسی ان سے صرف 16 گول پیچھے ہیں۔

عام طور پر جب کوئی فٹبالر 30 سال کی عمر کو پہنچتا ہے تو یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اب وہ زیادہ عرصے تک اپنا سحر قائم نہیں رکھ سکے گا  لیکن کرسٹیانو رونالڈو کو دیکھتے ہوئے یہ بات بالکل غلط ثابت ہوتی ہے جنہوں نے خود کو نہ صرف سپر فٹ رکھا بلکہ ان کے کھیل میں گزرتے وقت کے ساتھ مزید نکھار آرہا ہے ان کی پرفارمنس روز بروز بہتر ہو رہی ہے۔ اس کا اندازہ اس سے ہوتا ہے کہ رونالڈو نے 30 سال کی عمر کو پہنچنے کے بعد 47 انٹرنیشنل میچوں میں 49 گول کیے ہیں۔ ان کی ٹیم کے ساتھی فٹبالر نیواس کا کہنا ہے کہ وہ انتہائی پھرتیلا ہے۔ اس کے جسم میں بجلی بھری ہے۔ 35 سال کی عمر میں بھی اس میں 25 سال کے جوان جیسی چابکدستی ہے۔

کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا ہے کہ جب میں اپنے ڈیبیو میچ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں اترا تو میری عمر صرف 18 سال تھی۔ جب رونالڈو گراؤنڈ میں آ رہے تھے تو لوئیس فیگو نے رونالڈو سے کہا تھا کہ تم کسی قسم کا دباؤ محسوس نہیں کرنا اور اسے اپنا کلب میچ سمجھ کر کھیلنا۔ رونالڈو کا کہنا ہے کہ فیگو کے یہ الفاظ میرا حوصلہ بڑھانے کیلئے کافی تھے اور میں آج تک فیگو کی اسی بات پر عمل کر رہا ہوں۔ سابق کپتان کے یہ الفاظ میرے لیے کامیابی کی کلید ثابت ہوئے ہیں۔

کرسٹیانو رونالڈو کو 100 انٹرنیشنل گول کا سنگ میل عبور کرنے پر دنیا کے عظیم ترین فٹبالر پیلے سمیت انٹرنیشنل فٹبالرز کی بڑی تعداد نے مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں اور ان کے اس کارنامے کو گراں قدر قرار دیا ہے۔پیلے  ہمیشہ سے ہی رونالڈو کو میسی پر ترجیح دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ رونالڈو کا نہ صرف اپنے بلکہ ملک کیلئے بے مثال کارنامہ ہے اور ان کی شاندار کارکردگی کے مظاہرے سے نہ صرف نماشائی مخظوظ ہو رہے ہیں بلکہ وہ ریکارڈز بھی قائم کر رہے ہیں۔ جلد ہی وہ سب سے زیادہ انٹرنیشنل گول کرنے والے فٹبالر بن جائیں گے۔

انگلینڈ کے سابق فٹبالر گیری لنکر کا کہنا ہے کہ یہ غیر معمولی فٹبالر کا اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے بے مثال کارنامہ ہے۔ رابرٹو کارلوس، ریو فرڈینند، زین الدین زیڈان، مارسیلو اور ایکر کیسیلاس نے بھی نیک جذبات کا اظہار کیا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain