تازہ تر ین

’ناچتے سالمات‘ سے جسمانی معذوری کے علاج میں نمایاں کامیابی

الینوائے: 

سائنسدانوں نے حرام مغز(اسپائنل کارڈ)میں شدید چوٹ لگنے سے معذور ہونے والے چوہوں کو صرف ایک انجیکشن سے ہی چار ہفتے میں ٹھیک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے ماہرین نے بالکل نئی انجیکشن تھراپی میں خاص قسم کے تھرتھراتے سالمات استعمال (مالیکیول) استعمال کئے ہیں ۔ ایک ہی خوراک سے متاثرہ حرام مغز کے منفی اثرات زائل کئے گئے اور ان کی بافتوں (ٹشوز) میں بحالی بھی دیکھی گئی ہے۔

جرنل سائنس میں 12 نومبر کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق نئے علاج نے کئی طرح سے متاثرہ چوہوں کی کیفیت بحال کی۔ اول، نیورون کے اگلے کنارے یا ایکسون دوبارہ بنے، زخمی ٹشو بہتر ہوگیا، خلیات کے درمیان سگنل بھیجنے والی باریک پرت مائلین بہتر ہوئیں، اورجسمانی حرکت کو یقینی بنانے والے (موٹر)نیورون بہتر ہوئے۔ اس طرح یہ نئی تھراپی بہت ہی مؤثر ثابت ہوئی ہے۔

ناچتے سالمات

اس تھراپی میں استعمال ہونے والے مالیکیول کی حرکت کو خاص انداز سے بدلا گیا ہے تاکہ وہ مستقل تھرتھراتے ہوئے خلوی ریسپٹر سے اچھی طرح جڑسکیں۔ سالمات کو مائع کی حالت میں بدن میں داخل کیا جاتا ہے جہاں وہ ایک جل کی شکل اختیار کرلیتی ہے اور اعصابی خلیات (نیورونز) سے رابطہ کرلیتی ہے۔

سالمات کی تھرتھراہٹ سے ان کی افادیت بڑھ گئی اور اپنا کام کرنے کے 12 ہفتوں بعد وہ ازخود ختم ہوجاتے ہیں جس کا کوئی منفی اثر نہیں پڑتا۔ واضح رہے کہ چوہوں پر تحقیق سے انسانی علاج کا راستہ کھل سکتا ہے کیونکہ ان پر استعمال شدہ ادویہ بعد میں انسانوں پر استعمال ہوتی رہی ہیں۔ اب یونیورسٹی کے پروفیسر سیموئیل آئی اسٹپ نئے علاج کی انسانی  آزمائش کے لیے ایف ڈی اے سے رابطہ کررہے ہیں۔

اپنی تمام تر کامیابیوں کے ساتھ تبصرہ نگاروں نے اس تجربے کو انسانوں کے لیے بہت حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain