لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی ایک روزہ سہ فریقی
کرکٹ سیریز کے فیصلہ کن معرکے میں فخر زمان اور عرفات منہاس کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سہ فریقی سیریز جیت لی۔فخر زمان نے99گیندوں پر127 رنز بنائے جس میں 11چوکے اور 6چھکے شامل تھے اور یہ ان کے کیریئر کی 12ویں سنچری تھی۔ انہوں نے ون ڈے فائنلز میں دو سنچریاں بنانے کا سعید انور کا ریکارڈ برابر کردیا۔سعد بیگ نے شاندار 74رنز’ عرفات منہاس نے 61رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ فخرزمان کو شاندار سنچری پر میچ اور عرفات منہاس کو سیریز کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں جاری فائنل میں سری لنکن بیٹرز نے پاکستانی بولرز کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے۔اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے بتایا کہ آل رائونڈر شاداب خان طبیعت ناساز ہونے کے باعث فائنل میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں، جس کے پیش نظر ان کی جگہ فہیم اشرف کو قومی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔دوسری جانب سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس ہارنے کے بعد کہا کہ ان کی ٹیم کو اندازہ ہے کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کس حکمت عملی کے تحت کھیلنا ہوگا۔سری لنکن کپتان کے مطابق فائنل کے لیے ٹیم میں ایشان ملنگا کی جگہ مہیش تھیکشانا کو شامل کیا گیا ہے۔قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس اہم مقابلے میں پاکستان کی کوشش ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر پہلی ایک روزہ بین الاقوامی سہ فریقی سیریز کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کرے۔ پاکستان نے آخری مرتبہ 2008 میں ایک روزہ سہ فریقی سیریز کی ٹرافی جیتی تھی۔ اس وقت بنگلہ دیش میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے فائنل میں قومی ٹیم نے بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
