اسلام آباد (این این آئی)اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی کے قانون میں ترمیم کی تیاری کرلی گئی، غیرملکی سستی اشیا سے مقامی صنعت کو بچانے کیلئے قانون مزید سخت کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔دستاویزات کے مطابق اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی کی وصولی یقینی بنانے کے لیے نئے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، ڈیوٹی کی رقم محفوظ رکھنے کیلئے بینک گارنٹی یا نقد رقم جمع کرانے کی سہولت دی جائیگی،غیرضروری ریفنڈ روکنے کے لیے رقم واپسی کی شرائط سخت کرنے کی تجویز ہے۔دستاویزات کے مطابق خریدار پرڈیوٹی کا بوجھ منتقل ہونے سے متعلق کمیشن کے مطمئن ہونے پر ہی ریفنڈ دیاجاسکے گا،اس کے علاوہ اینٹی ڈمپنگ مقدمات میں اپیل کاعمل تیز کرنے اور ٹریبونل کو مقدمات جلد نمٹانے کے لییمزید اختیارات دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔دستاویزات کے مطابق عارضی اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی زیادہ سے زیادہ چار ماہ کے لیے عائد کی جاسکے گی، ضرورت پڑنے پر اس میں مزید دو ماہ کی توسیع بھی ممکن ہوگی۔مجوزہ ترامیم کا مقصد تحقیقات میں تاخیر ختم کرنا، اینٹی ڈمپنگ قانون کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا اور مقامی صنعت کو غیر منصفانہ مقابلے سے تحفظ دینا ہے۔ قانون میں تبدیلیوں سے نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی بہتر بنانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔
