راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)چکلالہ تھانہ کی حدود میں 26 اکتوبر کو پیش آنے والے ایک انتہائی دل دہلا دینے والے اور ہولناک واقعے نے ضمیرِ انسانی کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، تاہم مقامی پولیس کی مبینہ غفلت اور غیر ذمہ دارانہ رویے نے متاثرہ
خاندان کے زخموں پر نمک پاشی شروع کر دی ہے۔ واقعے کی سنگین نوعیت اور میڈیکل رپورٹ میں سنگین دفعات کے ثبوت سامنے آنے کے باوجود ایس ایچ او چکلالہ اور چوکی انچارج کی جانب سے مبینہ طور پر ٹال مٹول اور ملزمان کی پردہ پوشی کا سلسلہ جاری ہے۔ ایس پی پوٹھوہار کی جانب سے معاملے کا نوٹس لیے جانے کے بعد پولیس میں کچھ تحرک تو نظر آیا، مگر زمینی سطح پر متاثرہ خاندان کو انصاف کا حصول تاحال خواب بنا ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاتون اقرا حیدر (بیوہ تیمور علی)، سکنہ گلی نمبر 31، ڈی بلاک، کار چوک، چکلالہ راولپنڈی نے تھانہ چکلالہ میں دیے گئے اپنے تحریری بیان میں مقف اختیار کیا ہے کہ واقعے کے روز وہ گھر میں اکیلی موجود تھیں کہ نامزد ملزمان وقاص قریشی، ارشد اور عابد چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے زبردستی گھر میں گھس آئے۔ درخواست کے مطابق ملزمان نے خاتون کے ساتھ زبردستی کی کوشش اور سنگین نوعیت کے گھنانے جرم کا ارتکاب کیا، جبکہ شدید مزاحمت کرنے پر خاتون کو بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ خون میں لت پت ہو گئیں۔واقعے کے فوری بعد متاثرہ خاتون کو تشویشناک حالت میں بے نظیر بھٹو ہسپتال (BBH) منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹر شازیہ جان کی جانب سے جاری کردہ میڈیکل لیگل سرٹیفکیٹ (MLC) اور نقشہ جاتِ مضروبی میں جسمانی تشدد، گہرے زخموں اور تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 376 (زیادتی/جنسہ تجاوز)، چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی (دفعہ 452)، بشمول دیگر سنگین دفعات (337L2، 337L3) کے واضح شواہد درج کیے گئے ہیں۔ میڈیکل رپورٹ اور پولیس کاغذات مکمل ہونے کے باوجود تفتیشی ٹیم نے قانون کے مطابق فوری طور پر پرچہ (FIR) درج کر کے ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے بجائے مقدمے کے اندراج کو التوا میں ڈال رکھا ہے۔متاثرہ خاندان نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سنگین الزام عائد کیا ہے کہ مقامی پولیس کی جانب سے ملزمان کے ساتھ مبینہ طور پر ساز باز کی گئی۔ پولیس اہلکاروں نے دو نامزد ملزمان کو فون کر کے بروقت آگاہ کر دیا تاکہ وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار ہو سکیں، جبکہ تیسرے ملزم کا فون نمبر میسر نہ ہونے کی وجہ سے اسے اطلاع نہ دی جا سکی۔ پولیس کی اس مبینہ پشت پناہی اور مجرمانہ غفلت کی وجہ سے ملزمان قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔متاثرہ خاندان اور علاقائی و عوامی حلقوں نے اعلی حکام، بالخصوص ریجنل پولیس آفیسر (RPO) راولپنڈی اور سٹی پولیس آفیسر (CPO) راولپنڈی سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ تحریری درخواست اور میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں فوری طور پر دفعہ 376 اور چادر و چار دیواری کی پامالی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے۔ نیز غفلت برتنے اور ملزمان کو فرار کروانے میں ملوث چکلالہ پولیس کے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ انکوائری قائم کر کے ملزمان کو فورا گرفتار کیا جائے اور مظلوم خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے
