میرپور( بیورو رپورٹ)میرپور کے واحد مرکزی پارک ویو پوائنٹ کا رقبہ 104 کنال سے سکڑ کر 54 کنال رہ گیا، شہری اثاثے پر سوالات اٹھنے لگے،میونسپل کارپوریشن اور میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان، ماضی کی حکومتوں پر بھی مبینہ غفلت کے الزامات، سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد اور ماسٹر پلان کی بحالی کے لیے بڑے آپریشن کلین اپ کا مطالبہ، منی لندن میرپور شہر کے مرکزی اور واحد پارک ویو پوائنٹ کا رقبہ مبینہ طور پر 104 کنال سے کم ہو کر صرف 54 کنال رہ جانے کا معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد شہری حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شہر کے اس اہم عوامی تفریحی مقام کے رقبے میں مبینہ طور پر 50 کنال کمی نے میونسپل کارپوریشن میرپور، میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ماضی کی حکومتوں کی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق میرپور شہر کا پارک ویو پوائنٹ شہریوں اور سیاحوں کے لیے ایک اہم تفریحی مقام کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں شہریوں کے علاوہ بیرون ملک سے آنے والے کشمیری بھی سیر و تفریح کے لیے آتے ہیں۔ تاہم اس اہم مقام کا رقبہ مبینہ طور پر 104 کنال سے کم ہو کر 54 کنال رہ جانے کی اطلاعات نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ شہری حلقوں کا سوال ہے کہ باقی 50 کنال اراضی کہاں گئی، اس کی نوعیت کیا ہے اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں نے ماضی میں کیا اقدامات کیے؟ عوامی حلقوں کے مطابق میونسپل کارپوریشن میرپور اور میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت ماضی کی حکومتوں کے دور میں شہر کے ماسٹر پلان کے حوالے سے مؤثر نگرانی نہ ہونے کے باعث متعدد مقامات پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے معاملات سامنے آتے رہے ہیں۔ اگر پارک ویو پوائنٹ کے اصل رقبے میں کمی واقع ہوئی ہے تو اس کی مکمل چھان بین، ریونیو ریکارڈ، منظور شدہ نقشوں اور ماسٹر پلان کی روشنی میں حقائق سامنے لانا ضروری ہے۔شہری حلقوں نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے کہ معزز سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود متعلقہ ادارے مبینہ طور پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ اب شہر کے ماسٹر پلان کی بحالی کے حوالے سے کسی بڑے آپریشن کی توقع کی جا رہی ہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر، چیف سیکرٹری، ڈپٹی کمشنر میرپور، میونسپل کارپوریشن اور میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پارک ویو پوائنٹ کا اصل رقبہ سرکاری ریکارڈ کے مطابق بحال کیا جائے، مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر تعمیر ہونے والی عمارتوں اور تجاوزات کی نشاندہی کی جائے اور قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے ماسٹر پلان کی بحالی محض اعلانات سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات، شفاف تحقیقات اور قانون کی یکساں عملداری ضروری ہے۔ اگر کسی بااثر شخصیت یا ادارے کی سرپرستی میں سرکاری اراضی پر قبضے یا غیر قانونی تعمیرات ثابت ہوں تو کسی تفریق کے بغیر کارروائی کی جائے۔میرپور کے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پارک ویو پوائنٹ سمیت شہر کی تمام سرکاری اراضی کا ریکارڈ مرتب کرکے اصل رقبے کی نشاندہی کی جائے اور سپریم کورٹ کے احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے میرپور کا اصل ماسٹر پلان بحال کیا جائے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے شہر کے عوامی اثاثوں اور تفریحی مقامات کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔
